• Mon, 19 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی میں اب بھی ادھو شیو سینا ،شندے سے زیادہ مقبول

Updated: January 19, 2026, 5:02 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

بی ایم سی کے انتخابات میں شیو سینا ( شندے ) کے ۹۰؍میں سے ۲۹؍ امیدوار جبکہ شیو سینا(ادھو )کے ۱۶۶؍میں سے ۶۵؍ امیدوار وں کامیاب۔

Shiv Sena chief Uddhav Thackeray.  Picture: Inquilab , Rane Ashish
شیوسینا ادھو کے سربراہ ادھو ٹھاکرے ۔ تصویر: انقلاب، رانے آشیش
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) کے انتخابات میں اس مرتبہ بھلے ہی بی جے پی کو گزشتہ الیکشن سے ۷؍ سیٹیں زیادہ ملی ہوں لیکن اس کے ساتھ یعنی مہا یوتی میں شامل ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا کو ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا سے کم ہی سیٹیں حاصل ہو ئی ہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ممبئی میں اب بھی ادھو ٹھاکرے کا غلبہ باقی ہے یہ اس لئے بھی کہا جارہا ہے کیونکہ گزشتہ الیکشن میں غیر منقسم شیوسینا کے ۸۴؍ امیدوار منتخب ہوئے تھے اور جون ۲۰۲۲ء میں ایکنا تھ شندے کے علاحدہ ہونے کے بعد سے اب تک ۴۰؍ تا ۵۰؍ سابق کارپوریٹر شندے خیمے میں شامل ہو گئے تھے لیکن جنوری ۲۰۲۶ء میں منعقدہ بی ایم سی کے الیکشن میں شندے نے ۹۰؍ سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارےتھے جن میں سے محض ۲۹؍ سیٹوں پر اس جیت حاصل ہوئی ہے جبکہ ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا نے ۱۶۶؍ سیٹوں پر اپنے امیدوار چناؤ میں اتارے تھے جن میں سے ۶۵؍ امیدوار وں نے فتح درج کرائی ہے اور اگر ان میں راج ٹھاکرے کی قیادت والی مہاراشٹر نونرمان سینا ( ایم این ایس) کے ۶؍ سیٹیں بھی شامل کر لیں تو ۷۱؍ ہو جاتی ہیں۔ اس اعتبار سے ممبئی میں ایکناتھ سے زیادہ اب بھی ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے کی زمین مضبوط ہے اور مراٹھی مانس انہیں اپنا حمایتی مانتے ہیں۔
واضح رہے کہ شیو سینا اوراین سی پی کی تقسیم کے بعد یہ بی ایم سی کا پہلا الیکشن ہے۔دونوں ہی شیو سینا کے سربراہوں کیلئے اس الیکشن کو و قار کی جنگ کے طو رپر دیکھا جارہا تھا۔
کس پارٹی کا کامیابی کا فیصد کتنا رہا؟
بی ایم سی الیکشن میں اعداد و شمار پر غور کریں تو پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی نے ۱۳۵؍امیدوار اتارے تھے ان میں سے ۸۹؍ امیدوار کامیاب ہوئے ، اس طرح بی جے پی کی کامیابی کا فیصد ۶۶؍رہا جبکہ شیو سینا ( شندے) نے۹۰؍ امیدوار چناؤ میدان میں اتارے تھے جن میں سے ۲۹؍ امیدوار جیتے اس طرح ان کی پارٹی کی کامیابی کا فیصد۳۲؍ رہا جبکہ شیو سینا (دھو) نے ۱۶۶؍ سیٹوں پر امیدوار اتارے تھے جن میں سے ۶۵؍ امیدوار کامیاب ہوئے ، اس طرح ان کی کامیابی کا فیصد۳۹؍ فیصد رہا۔
شیو سینا کو ختم نہیں کیا جاسکتا: ادھو
بی ایم سی کے انتخابات کےبعد شیو سینا ( یو بی ٹی ) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے شیو سینا ،مہاراشٹر نونرمان سینا ( ایم این ایس)  اور این سی پی (شرد) کے امیدواروں کو ووٹ دینے کیلئے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’’اس الیکشن میں حکمراں مہایوتی کی جانب سے پولیس، انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کے سہارے سام، دام، دَنڈ اور بھید کی پالیسی بڑے پیمانے پر استعمال کی گئی ، متعدد شیو سینکوں کو ڈرایا دھمکایا گیا او ران کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے ان سب کے باوجود سچے شیو سینکوں نے الیکشن میں مقابلہ کیا اور اطمینان بخش نتائج سامنے آئے ہیں۔ اس الیکشن نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ حکمراں محاذ نے بھلے ہی کاغذپر شیو سینا کو ختم کرنے کی کوشش کی ہو لیکن زمین پر بالا صاحب ٹھاکرے کی شیو سینا کو ختم نہیں کیا جاسکتاہے۔‘‘
انہوںنے نو منتخب کارپوریٹروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کہا کہ ’’ ہمارے پاس اکثریت نہیں ہے ،اس لئے ہم میئر اور اقتدار کا دعویٰ نہیں کریں گے لیکن ممبئی کی زمینیں اڈانی کی جیب میں ڈالنے نہیںدیں گے اور ممبئی کے شہریوں کے حقوق کیلئے بی ایم سی کے ایوان میں آواز بلند کریںگے ۔‘‘
شیوسیناتقسیم کرنے والوں کا تقسیم ہونے کا خطرہ!
ایکناتھ شندے کی شیو سینا کے ۲۹؍ کارپوریٹروں کو باندرہ میں واقع تاج لینڈ اینڈ ہوٹل میں رکھنے پر تنقید کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ ’’ایکناتھ شندے بی جے پی سے خوفزدہ ہیں اور اسی لئے انہوں نے اپنے کارپوریٹروں کو فائیو اسٹار ہوٹل میں رکھا ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ اگر جو ایک بار غداری کر سکتے ہیں وہ دوبارہ بھی الگ ہوسکتے ہیں۔‘‘
ادھو نے۲۰۲۲ء میں پارٹی کو تقسیم کرنے کے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب شیوسینا۴۰؍ ایم ایل ایز کی بغاوت کے بعد تقسیم ہوگئی۔ شندے کی قیادت میں بغاوت نے شیوسینا۔ کانگریس۔این سی پی کی مہا وکاس اگھاڑی حکومت کا خاتمہ دیکھا۔ اس کے بعد انہوں نے وزیر اعلیٰ بننے کے لئے بی جے پی سے ہاتھ ملایا۔ اب وہی شندے ڈر رہے ہیں کہ کہیں وہی بی جے پی ان کے ۲۹؍کارپوریٹروں کو خرید نہ لے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK