Updated: September 03, 2026, 10:01 PM IST
| Riyadh
سعودی عرب نے سفارتی محاذ پر خواتین کی قیادت کو مزید فروغ دیتے ہوئے تجربہ کار سفارت کار ڈاکٹر منال حسن رضوان کو مذاکرات اور امن کی کوششوں کیلئے مشیر اور خصوصی ایلچی مقرر کر دیا ہے۔ ۲۵؍ سالہ سفارتی تجربہ رکھنے والی ڈاکٹر رضوان علاقائی سلامتی، بین الاقوامی مذاکرات، جوہری سفارت کاری اور امن کے عمل سے متعلق اہم ذمہ داریاں انجام دے چکی ہیں۔ نئی ذمہ داری میں وہ عالمی فورمز پر سعودی عرب کی جانب سے دوطرفہ اور کثیرالجہتی امن مذاکرات کی نمائندگی کریں گی۔
ڈاکٹر منال رضوان۔ تصویر: ایکس
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے تجربہ کار سفارت کار ڈاکٹر منال حسن رضوان کو مذاکرات اور امن کی کوششوں کیلئے مشیر اور خصوصی ایلچی مقرر کر دیا ہے۔ یہ تقرری مملکت کے سفارتی شعبے میں خواتین کی قیادت کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے اور اس سے علاقائی و بین الاقوامی بحرانوں میں ثالثی کیلئے ریاض کے بڑھتے ہوئے کردار کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔ امریکہ میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر آل سعود نے سوشل میڈیا پر ڈاکٹر منال رضوان کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ’’مملکت کی خواتین کیلئے قابلِ فخر سنگِ میل‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی طرزِ حکمرانی اور امن کے قیام کی کوششوں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شیخ حسینہ کا دسمبر میں ڈھاکہ واپسی کا اعلان، والد کی یادداشتیں پڑھ کر ماضی سے جڑنے کا انکشاف
ڈاکٹر منال حسن رضوان کون ہیں؟
ڈاکٹر منال حسن رضوان کو کثیرالجہتی سفارت کاری، بین الاقوامی مذاکرات اور خارجہ پالیسی کے شعبے میں ۲۵؍ سالہ تجربہ حاصل ہے۔ خصوصی ایلچی مقرر ہونے سے قبل وہ وزارت خارجہ میں وزیرِ مفوض کے عہدے پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ ملکی سطح پر ان کی ذمہ داریوں میں ۲۰۱۷ء سے وزارت خارجہ میں مشیر کی حیثیت سے کام کرنا، وزیر مملکت برائے افریقی امور کے دفتر میں مشیر کے طور پر خدمات انجام دینا اور ۲۰۲۱ء سے وزیر خارجہ کے دفتر میں براہِ راست مشیر کے طور پر کام کرنا شامل ہے۔ بین الاقوامی سطح پر ڈاکٹر رضوان نے دنیا کے اہم سفارتی مراکز میں بھی اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ ۲۰۱۲ء سے ۲۰۱۷ء تک انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کیلئے سعودی عرب کے مستقل مشن میں خدمات انجام دیں۔ ان کے بیرونِ ملک سفارتی تجربے میں واشنگٹن ڈی سی میں سعودی عرب کے شاہی سفارت خانے میں سیاسی اور کانگریسی امور پر کام کرنا اور قاہرہ میں عرب لیگ کیلئے سعودی عرب کے مستقل مشن کی نمائندگی کرنا بھی شامل ہے۔
حالیہ برسوں میں ڈاکٹر رضوان نے ثالثی اور امن سے متعلق اہم ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ وہ سعودی وزارت خارجہ میں مملکت کی مذاکراتی ٹیم کی سربراہ بھی رہ چکی ہیں، جہاں ان کی توجہ علاقائی سلامتی، مغربی ایشیا میں امن کی کوششوں کی بحالی اور بین الاقوامی جوہری سفارت کاری پر مرکوز رہی۔ مئی ۲۰۲۵ء میں انہوں نے فلسطین کے مسئلے اور دو ریاستی حل کے نفاذ سے متعلق اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس کی تیاری کیلئے اقوام متحدہ کے اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت بھی کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کا دعویٰ: ’’خوش ہوں‘‘ کہ پرنس ہیری، میگھن امریکہ چھوڑ کر برطانیہ گئے
ڈاکٹر رضوان کا تعلیمی پس منظر
ڈاکٹر منال رضوان نے جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے سیاسیات اور حکومت کے شعبے میں بیچلر اور ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے جارج میسن یونیورسٹی سے پیس اسٹڈیز اور تنازعات کے حل کے شعبے میں دوسری ماسٹرز ڈگری اور پی ایچ ڈی کی ہے۔ وہ امریکن یونیورسٹی اِن قاہرہ سے بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ بھی رکھتی ہیں۔ اپنی نئی ذمہ داری کے تحت ڈاکٹر منال رضوان بین الاقوامی مذاکرات کی قیادت، سفارتی امن اقدامات میں رابطہ کاری اور عالمی فورمز پر دوطرفہ و کثیرالجہتی امن مذاکرات میں سعودی وزارت خارجہ کی نمائندگی کریں گی۔