Inquilab Logo

سعودی عرب کے وزیر خارجہ کا چین دورہ، ایران سے متعلق تبادلۂ خیال

Updated: January 12, 2022, 7:40 AM IST | Beijing

شہزادہ فیصل بن فرحان اور وانگ یی کی ملاقات میں افغانستان میں استحکام سے لے کر ایران کے نیو کلیئر پروگرام تک پر تفصیلی گفتگو کی گئی

Wang Yi (right) welcoming Faisal bin Farhan (Photo: Agency)
وانگ یی( دائیں) فیصل بن فرحان کا خیر مقدم کرتے ہوئے(تصویر: ایجنسی)

 سعودی عرب کے وزیر خارجہ  شہزادہ فیصل بن فرحان چین کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے جنوبی چین کے شہر ووشی  میں  چینی اسٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے ایک طویل ملاقات کی۔دونوں وزرا نے باضابطہ بات چیت کا ایک سیشن منعقد کیا جس کے دوران انہوں نے سعودی عرب اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات، دو طرفہ تعاون اور مشترکہ رابطوں کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
 دونوں فریقوں نے مشترکہ دلچسپی کے کئی علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں سرفہرست مشرق وسطیٰ میں سلامتی اور استحکام کی مضبوطی، خطے اور دنیا میں دونوں دوست ممالک کی طرف سے امن کی بنیاد رکھنے کی کوششوں میں تعاون اور دیگر امور شامل ہیں۔اطلاع کے مطابق دونوں فریقوں نے ایرانی جوہری پروگرام اور اس سلسلے میں بین الاقوامی مذاکرات پر خاص طور سے تبادلۂ خیال کیا ۔دونوں فریقوں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت اور کوششوں کے بارے میں خیالات کے تبادلے کے علاوہ افغانستان میں سلامتی اور استحکام کی ضمانت دینے والی ہرکوشش کی حمایت کی اہمیت پر بھی بات کی۔
 دونوں لیڈروں نے اعلیٰ سطحی چین۔سعودی مشترکہ کمیٹی کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک دوستی کے تعلقات کے نئے باب کھولنے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا اور مملکت کے ۲۰۳۰ء کے ویژن کی روشنی میں کئی شعبوں میں ہم آہنگی اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ انہوں نے چینی ہم منصب سے ایرانی جوہری پروگرام اور اس کے بارے میں مذاکرات کے ساتھ ساتھ افغانستان میں سلامتی کو یقینی بنانے کی کوششوں پر بھی بات کی۔سعودی وزیر خارجہ نے ٹویٹ کیا کہ ہم چین کے ساتھ تعاون اور مشترکہ کام کے مختلف شعبوں میں شراکت داری اور دو طرفہ ہم آہنگی کو مستحکم کرنے کے منتظر ہیں۔
 سعودی عرب اور دیگر خلیجی عرب ممالک کے وزرائے خارجہ دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت، تیل کے بڑے صارف اور بیرونی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات چیت کیلئے چینی حکام سے ملاقاتوں کی خاطر بیجنگ کا دورہ کر رہے ہیں۔ جمعے تک جاری رہنے والی ملاقاتوں میں سعودی عرب، کویت، عمان اور بحرین کے وزرائے خارجہ کے علاوہ خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل بھی بیجنگ جائیں گے۔   یاد رہے کہ سعودی عرب امریکہ کا دوست ہے جو کہ چین کا حریف ہے جبکہ چین ایران کا دوست ہے جو کہ سعودی عرب کا حریف ہے ۔ اس لحاظ سے یہ ملاقاتیں انتہائی اہم اور دلچسپ  ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK