Inquilab Logo

بے پناہ مہنگائی کی وجہ سےعوام نے اپنا خرچ کم کردیا ہے : ایس بی آئی

Updated: July 14, 2021, 12:13 PM IST | Agency | New Delhi

ملک کے سب سے بڑے بینک کی معیشت پر چشم کشا رپورٹ ،پیٹرول اور ڈیزل کے آسمان چھوتے دام کو معیشت کیلئے سخت نقصاندہ قرار دیا ، عوام صرف انتہائی ضروری چیزوں پر خرچ کررہے ہیں

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

:مہنگائی میں اضافے پر صرف اپوزیشن پارٹیاں ، انڈسٹریز یا عوام ہی نہیں بلکہ ملک کے سب سے بڑے بینک ایس بی آئی نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکو مت سے اپیل کی ہے کہ مہنگائی کو کم کرنے کے اقدامات بہت جلدی اور تیز رفتاری کے ساتھ کئے جائیں ورنہ ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتے ہیں۔ ملک کی معیشت پر کئے گئے سروے کی بنیاد پر بینک کے ماہرین معیشت نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جو حکو مت کے لئے چشم کشا ثابت ہو نی چاہئے کیوں کہ اس میں بالکل واضح طو ر پر کہا گیا ہے کہ پیٹرول او ر ڈیزل کے دام میں اضافے کی وجہ سے عوام نے اپنا خرچ بہت کم کردیا ہے ۔ عالم یہ ہے کہ اس وقت عوام کا بڑا طبقہ جن میں متوسط اور نچلے متوسط طبقات کی بڑی تعداد ہے ، نے مہنگائی سے جوجھنے کے لئے یہ راستہ نکالا ہے کہ وہ صرف انتہائی اہم اور ضروری چیزوں پر ہی خرچ کرکے گا جس کی وجہ سے  معیشت میں ڈیمانڈ بہت تیزی کے ساتھ کم ہو رہی ہے۔ ایس بی آئی کے ماہرین کے مطابق ہندوستانی معیشت ڈیمانڈ اور کھپت پر مبنی معیشت ہے ۔ اسے برقرار رکھنے اور مزید وسیع کرنے کے لئے حکومت اپنے خرچ کے ساتھ ساتھ عوام کے ذریعے بھی خرچ کروانے کے راستے نکالنے چاہئیں لیکن اس وقت ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے دام کی وجہ سے عوام نے خرچ سے بالکل ہاتھ کھینچ لیا ہے ۔ ایس بی آئی کے ماہرین معاشیات نے حکومت کو یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ وہ فوراً پیٹرول اور ڈیزل پر عائد ٹیکس کی شرح کو کم کرے اور عام آدمی کو راحت پہنچائے۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو نہ صرف ان کا غصہ پھوٹے گا بلکہ معیشت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔  ایس بی آئی گروپ کے چیف اکنامک ایڈوائزرسومیہ کانتی گھوش نے کہا کہ ’’ ہمارے تجزیے میں یہ بات کھل کر سامنے آئی کہ عوام کو ایندھن پر زیادہ خرچ کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے وہ کھانے پینے کی اشیاء پر بھی کم سے کم خرچ کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ایس بی آئی کے کارڈس  کے ٹرانزیکشن کا تجزیہ کرنے سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ عوام کی بڑی تعداد نے پیٹرول یا ڈیزل پر خرچ بڑھادیا ہے اور ضروری سامان جیسے آٹا ، دال ، چاول اور تیل کی  خریداری میں کمی کی ہے۔ اس کی وجہ سے ان چیزوں کی ڈیمانڈ میں ۱۰؍ فیصد تک کمی آئی ہے جو تشویشناک ہونا چاہئے ۔ اسی لئے ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پیٹرول اور ڈیزل کے دام میں کمی کرے اور ان پر عائد ضرورت سے زیادہ ٹیکس کم کرے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK