Inquilab Logo

بہار: دوسرے مرحلہ میں پانچوں نشستوں پر موجودہ ایم پیز انتخابی میدان میں

Updated: April 26, 2024, 12:28 PM IST | Agency | Patna

کٹیہار، پورنیا، بھاگلپور، بانکا سیٹیں این ڈی اے کے پاس ہیں جبکہ کشن گنج سیٹ پر انڈیا اتحاد کا قبضہ ہے، ان سیٹوں پر سخت مقابلے کا امکان ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

بہار لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں موجودہ ممبران پارلیمنٹ ایک بار پھر تمام پانچ سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جب کہ ان کے حریف ان سیٹوں پر قبضہ کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ بہار لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ۲۶؍ اپریل کو۵؍لوک سبھا سیٹوں کٹیہار، پورنیا، بھاگلپور، بانکا اور کشن گنج پر ہونے جا رہی ہے۔ ان تمام نشستوں پر جیتنے والے اراکین پارلیمنٹ ایک بار پھر انتخابی جنگ جیتنے کی کوشش کریں گے جبکہ ان کے حریف ان نشستوں پر قبضہ کرنے کے لیے بے چین ہیں۔ کٹیہار، پورنیا، بھاگلپور، بانکا سیٹیں این ڈی اے کے پاس ہیں، جبکہ کشن گنج سیٹ انڈیا کے پاس ہے۔ 
 جے ڈی یو کے موجودہ ایم پی دُلال چند گوسوامی کٹیہار پارلیمانی سیٹ سے این ڈی اے کے بینر تلے ایک بار پھر جیتنے کے لیے بے چین ہیں، جب کہ ان کے سامنے انڈیا الائنس نے کانگریس کے امیدوار سابق ایم پی طارق انور کو میدان میں اتارا ہے۔ طارق انور۱۳؍ ویں بار کٹیہار حلقہ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ وہ پانچ بار اس سیٹ سے جیت چکے ہیں۔ کٹیہار پارلیمانی سیٹ سے کانگریس، جے ڈی یو، بہوجن سماج پارٹی سمیت۹؍ امیدوار میدان میں ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: مودی نے راہل گاندھی کو ’نامدار‘ اور خود کو ’کامدار‘ قراردیا

پورنیا سے جے ڈی یو کے سنتوش کشواہا۲۰۱۴ء اور۲۰۱۹ء میں میں جیتنے کے بعد انتخابی ہیٹ ٹرک بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہیں روپولی سے پانچ بار ایم ایل اے بیما بھارتی شری کشواہا انڈیا اتحاد کے بینر تلے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ آزاد امیدوار پپو یادو انتخابی چھکا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کی پارٹی کانگریس میں ضم ہوئی ہے۔ پورنیا سیٹ پر جے ڈی یو، کانگریس سمیت ۷؍ امیدوار میدان میں ہیں۔ 
 جے ڈی یو کے اجے منڈل بھاگلپور سیٹ سے ۲۰۱۹ء کے بعد دوسری بار جیتنے کے ارادے سے انتخابی میدان میں اترے ہیں جبکہ کانگریس نے بھاگلپور کے ایم ایل اے اجیت شرما کو منڈل کے خلاف انتخابی جنگ میں اتارا ہے۔ اجیت شرما پہلی بار لوک سبھا الیکشن لڑ رہے ہیں۔ اس سیٹ پر جے ڈی یو، کانگریس، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) اور۴؍ آزاد سمیت۱۲؍ امیدوار میدان میں ہیں۔ 
 بانکا سیٹ سے جے ڈی یو کے امیدوار گردھاری یادو اس سیٹ سے انتخابی میدان جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہیں آر جے ڈی کے امیدوار سابق مرکزی وزیر جئے پرکاش نارائن یادو ایک بار پھر اس سیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ انڈیا اتحاد میں شامل کشن گنج پارلیمانی سیٹ سے کانگریس کے امیدوار ڈاکٹر محمد جاوید جو سابق وزیر محمد حسین آزاد کے بیٹے ہیں، دوسری بار جیتنے کیلئے بے تاب ہیں جبکہ جے ڈی یو نے کوچا ھامن کے سابق ایم ایل اے مجاہد عالم کو میدان میں اتارا ہے۔ جاوید کے خلاف آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے ریاستی صدر اور امور کے ایم ایل اے اختر الایمان بھی اس سیٹ پر اپنا مضبوط دعویٰ پیش کر رہے ہیں۔ کشن گنج پارلیمانی سیٹ سے جے ڈی یو، کانگریس، اے آئی ایم آئی ایم سمیت۱۲؍ امیدوار میدان میں ہیں۔ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مذکورہ۵؍ سیٹوں سمیت کل۵۰؍ امیدوار جیتنے کے ارادے سے قسمت آزمائیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK