Updated: August 25, 2026, 3:59 PM IST
| Amsterdam
نیدرلینڈز نے غزہ میں جاری جنگ اور مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے باعث ۲۰۲۷ء کے یوروویژن سانگ مقابلے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ڈچ عوامی نشریاتی ادارے AVROTROS کا کہنا ہے کہ فوجی تنازع میں ملوث کسی ملک کی شرکت کے باعث مقابلے کی غیر جانبدار حیثیت متاثر ہو رہی ہے، جبکہ یورپی براڈکاسٹنگ یونین (EBU) کی جانب سے حالیہ اقدامات بھی ادارے کا اعتماد بحال کرنے کیلئے کافی نہیں ہیں۔
یوروویژن سانگ کنسرٹ۔ تصویر: ایکس
نیدرلینڈز نے اعلان کیا ہے کہ وہ ۲۰۲۷ء کے یوروویژن سانگ مقابلے میں حصہ نہیں لے گا۔ ڈچ عوامی نشریاتی ادارے AVROTROS نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے مقابلے کی غیر جانبداری پر اثرات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ AVROTROS نے پیر کے روز کہا کہ جب تک کوئی شریک ملک بڑے پیمانے پر جاری فوجی تنازع میں ملوث ہے، اس وقت تک مقابلے کو غیر جانب دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔ نشریاتی ادارے کے مطابق، اس نے گزشتہ ایک سال کے دوران یوروویژن کا انعقاد کرنے والی تنظیم یورپی براڈکاسٹنگ یونین (EBU) سے مطالبہ کیا تھا کہ فوجی تنازعات میں ملوث ممالک کی شرکت سے متعلق شفاف قواعد وضع کئے جائیں۔ تاہم AVROTROS نے کہا کہ EBU کی جانب سے حال ہی میں اعلان کی گئی تبدیلیاں اس اعتماد کی بحالی کیلئے کافی نہیں ہیں کہ مقابلے کی آزاد اور غیر جانب دار حیثیت بحال ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایران پر امریکی پابندیوں سے کن ممالک پر اثر پڑیگا؟
ادارے نے کہا کہ اس کا فیصلہ اس کی اقدار، یعنی ’’قابلِ اعتماد ہونا، آزادی اور انسانیت‘‘ کے عین مطابق ہے۔ AVROTROS نے غزہ میں انسانی المیے اور صحافتی آزادیوں پر عائد پابندیوں کو بھی ان عوامل میں شامل کیا جنہوں نے یوروویژن کے حوالے سے بڑھتی ہوئی تقسیم میں کردار ادا کیا ہے۔ ادارے نے کہا کہ پانچ ممالک نے ۲۰۲۶ء کے مقابلے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ سابق فاتحین نے اپنی ٹرافیاں واپس کر دی ہیں اور ایک ہزار سے زیادہ موسیقاروں اور ثقافتی شعبے سے وابستہ افراد نے ایک کھلے خط پر دستخط کرتے ہوئے EBU سے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
نشریاتی ادارے کے مطابق، یہ صورتحال ایک واضح فریم ورک کی ضرورت کو ظاہر کرتی ہے، جس میں یہ وضاحت ہو کہ فوجی تنازع میں ملوث کوئی ملک کب ایسے مقابلے میں حصہ لے سکتا ہے جسے غیر جانب دار رہنا مقصود ہو۔ AVROTROS کے ڈائریکٹر جنرل ٹاکو زیمرمین نے ایک بیان میں کہا، ’’یوروویژن سانگ مقابلہ اصل میں لوگوں اور ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے بنایا گیا تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’یہ بات ناقابلِ تردید ہے کہ بین الاقوامی تنازعات مقابلے کو تیزی سے متاثر کر رہے ہیں، جس سے اس کی غیر جانب داری کمزور ہو رہی ہے۔ یوروویژن سانگ مقابلہ اب تقسیم کا ایک پلیٹ فارم بن چکا ہے۔‘‘ اسرائیل غزہ میں داخل ہونے والی خوراک، ادویات، طبی سامان، پناہ گاہوں کیلئے درکار مواد اور پہلے سے تیار شدہ گھروں کی طے شدہ مقدار کو بدستور روک رہا ہے۔ غزہ میں تقریباً ۲۴؍ لاکھ فلسطینی رہتے ہیں، جن میں سے ۲۱؍ لاکھ ۵۰؍ ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور علاقے میں حالات انتہائی تباہ کن ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: کانگو : ایبولا کے متاثرین ساڑھے۵۰۰؍ سے متجاوز، پوپ لیو کا عالمی اقدامات پر زور
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق، جنگ بندی کی جاری خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اتوار تک ایک ہزار ۲۸۶؍ فلسطینی جاں بحق اور ۴؍ ہزار ۲۵۷؍ زخمی ہو چکے تھے۔ وزارت نے یہ بھی بتایا کہ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں مجموعی طور پر ۷۳؍ ہزار ۴۲۰؍ افراد جاں بحق اور ایک لاکھ ۷۴؍ ہزار ۳۶۹؍ زخمی ہو چکے ہیں۔
واضح ہو کپ ’یوروویژن ۲۰۲۷ء‘ ۱۱؍ مئی سے ۱۵؍ مئی ۲۰۲۷ء تک بلغاریہ کے شہر برگاس (Burgas) میں منعقد ہوگا۔ پہلا سیمی فائنل ۱۱؍ مئی، منگل، دوسرا سیمی فائنل ۱۳؍ مئی، جمعرات جبکہ گرینڈ فائنل ۱۵؍ مئی، سنیچر کو ہوگا۔ مقابلے کے تمام لائیو شوز Arena Burgas میں منعقد کیے جائیں گے۔ برگاس بلغاریہ کے بحیرۂ اسود کے ساحل پر واقع شہر ہے اور یہ پہلی مرتبہ یوروویژن کی میزبانی کرے گا۔