ریاستی وزیرِ تعلیم بھُسے نے تمام اسکولوں میں اسکاؤٹ گائیڈ پروگرام کو وسعت دینے کے سلسلے میں میٹنگ منعقد کی، جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
اسکاؤٹ گائیڈ طلبہ پریڈ کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
ریاست کے تمام میڈیم کے ایک لاکھ۸؍ ہزار اسکولوں میں زیرِ تعلیم تقریباً۲؍کروڑ۱۰؍ لاکھ طلبہ کیلئے اسکاؤٹ گائیڈ کی تربیت لازمی قرار دینے کی ہدایت وزیر تعلیم دادا بھسے نے دی ہے۔فی الحال ریاست کے۳۰؍ ہزار اسکولوں کے تقریباً۱۷؍ لاکھ۳۳؍ ہزار طلبہ کو اسکاؤٹ گائیڈ کی تربیت دی جاتی ہے۔
ریاستی وزیر تعلیم نے ہدایت دی ہے کہ اس تربیتی پروگرام کا دائرہ بڑھا کر ریاست کے تمام میڈیم کے اسکولوں تک پہنچایا جائے۔لوک ستہ کی رپورٹ کے مطابق وزیر تعلیم بھُسے نے تمام اسکولوں میں اسکاؤٹ گائیڈ پروگرام کو وسعت دینے کے سلسلے میں ایک میٹنگ منعقد کی، جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اسکولی تعلیم کا محکمہ ’سب سے پہلے قوم‘ (راشٹر پرتھم) کے تصور کو مرکز میں رکھ کر کام کر رہا ہے۔ اس لیے تمام اسکولوں میں اسکاؤٹ گائیڈ کا انتظام ہونا ضروری ہے۔ اس پروگرام کے تحت پریڈ، مارچ پاسٹ اور حب الوطنی کے گیتوں پر مبنی مشقوں کو لازمی قرار دیا جائے۔ اس کے علاوہ ’خوشگوار ہفتہ‘ (آننددائی سنیچر) پروگرام کے تحت ہر ہفتے ۲؍ پیریڈ اس سرگرمی کے لیے مختص کیے جائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ اسکاؤٹ گائیڈ پروگرام کیلئے اسکولوں کے اساتذہ کو تعلقہ سطح پر ۷؍روزہ تربیت دی جائے۔ اس مقصد کے لیے ضلع پریشد کے اسکولوں میں زیرِ تعلیم طلبہ کی فیس اور تربیت دینے والے اساتذہ کے اعزازیے کی ادائیگی اسکولی تعلیم کے محکمے کی جانب سے کی جائے گی۔فی الحال ریاستی سطح کا ایوارڈ حاصل کرنے والے طلبہ کو تین نمبر، جبکہ صدرِ جمہوریہ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے طلبہ کو دس نمبر دیے جاتے ہیں۔ وزیرِ تعلیم دادا بھسے نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ان نمبروں میں اضافے کے لیے ایک تجویز تیار کی جائے۔ اس میٹنگ میں پرنسپل سیکریٹری رنجیت سنگھ دیول، اسکولی تعلیم کے کمشنر سچندر پرتاپ سنگھ (آن لائن)، ایس سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر منگیش جوشی (آن لائن)، ڈپٹی سکریٹری تشار مہاجن، اسکاؤٹ گائیڈ کے اسسٹنٹ اسٹیٹ سکریٹری رمیش جادھو سمیت اسکولی تعلیم اور کھیل کے محکمے کے متعلقہ افسران موجود تھے۔