• Wed, 12 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار میں آج دوسرے اور آخری مرحلہ کی پولنگ

Updated: November 10, 2025, 11:50 PM IST | Patna

الیکشن کمیشن کی’’ کھلی جانبداری‘‘ کے باوجود اپوزیشن کو فتح کایقین، این ڈی اے کو بھی ’’تاریخی کامیابی‘‘ کی آس، جمعہ کو ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان، ۲۰؍ اضلاع کی ۱۲۲؍ سیٹوں پر ووٹنگ مکمل ہوتے ہی آج ایگزٹ پول کےنتائج کی بنیاد پر قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہوگا

Polling officers heading to their booths ahead of the second phase of polling in Bihar.
بہار میں دوسرے مرحلے کی پولنگ سے قبل پولنگ افسران اپنے اپنے بوتھ کی طرف روانہ ہوتے ہوئے۔

بہار  الیکشن کے دوسرے اور حتمی مرحلہ میں  منگل کو ۳ء۷۰؍ کروڑ ووٹرس  ۲۰؍ اضلاع کی ۱۲۲؍ اسمبلی سیٹوں پر ایک ہزار ۳۰۲؍ امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں  میں محفوظ  کر دیں گے۔  پہلے مرحلے میں ۶۵ء۰۸؍فیصد کے  غیر معمولی پولنگ کے بعد دوسرے مرحلے میں بھی ووٹروں کا جوش وخروش قائم رہنے کی امید ہے۔  دوسرے مرحلے میں ۴۵؍ ہزار ۳۹۹؍ پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ ڈالے جائیں   گے۔  الیکشن کمیشن  جس  کی غیر جانبداری پر ہر گزرتے دن الزامات گہرے ہوتے جارہے ہیں، نے تمام تیاریاں مکمل ہوجانے کا اعلان کیا ہے۔  کمیشن نے  الیکشن کے پیش نظر غیر معمولی سیکوریٹی انتظامات کا اعلان کیا ہے تاہم  تیجسوی کے اس الزام  نے  ایک بار پھر کمیشن کی نیت پر سوال کھڑے کر دیئے ہیں کہ الیکشن کے دوران تعیناتی کیلئے سیکوریٹی فورسیز ان ہی ریاستوں  سے کیوں بلائی گئی ہیں جن  میں بی جےپی برسراقتدار ہے۔ 
  آج ایک درجن وزیروں کی قسمت کا فیصلہ
  آج جن امیدواروں کی قسمت کافیصلہ ای وی ایم میں محفوظ ہوگا  ان میں ریاستی حکومت کے ایک درجن وزراء اور ۳؍جماعتوں کے ریاستی صدور شامل ہیں۔ مغربی اور مشرقی چمپارن، شیوہر، سیتامڑھی، مدھوبنی، سپول، ارریہ، کشن گنج، پورنیہ، کٹیہار، بھاگلپور، بانکا، کیمور، روہتاس، ارول، جہان آباد، اورنگ آباد، گیا، نوادہ، اورجموئی میں واقع  اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔امیدواروں میں ۱۳۶؍ خواتین ،۱۱۶۵؍ مرد اور ایک مخنث ہے۔ دوسرے مرحلے میں۱۰۱؍ جنرل سیٹیں ہیں  جبکہ ۱۹؍ نشستیں درج فہرست ذات اور ۲؍درج فہرست قبائل کیلئے مختص ہیں۔  ۱۹؍ اسمبلی حلقوںکے ۴۰۰۳؍بوتھ پر شام  چار بجے تک اور ۱۰۶؍ بوتھ پر شام۵؍ بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ باقی۴۱؍ہزار۲۹۰؍بوتھ پر ووٹنگ کے اوقات صبح۷؍ بجے سے شام ۶؍ بجے تک ہوں گے۔
 مہا گٹھ بندھن کو فتح کا یقین، این ڈی اے کو تاریخی کامیابی کی آس
  الیکشن کمیشن پر ’’کھلی جانبداری‘‘ کا الزام عائد کرنے کے باوجود  مہا گٹھ  بندھن کو اپنی  کامیابی کا یقین  ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ مہا گٹھ بندھن حکومت بہار کو ’’۲۰؍ سال کی بے بس حکمرانی‘‘ سے آزاد کرائے گی۔  انہوں نے کہا کہ ’’اب نقل مکانی رُک جائےگی، نوجوانوں  کے مستقبل پر طاری تاریکی  چھٹ جائے گیااور بہار کا ہر گھر روشن ہوگا۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’ہم ناانصافی کا خاتمہ کریں گے اور سماجی انصاف کے ذریعہ بہار میں انقلابی تبدیلی لائیںگے۔‘‘ دوسری طرف بی جےپی نے  راہل گاندھی پر ’’سیاسی سیاحت‘‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ این ڈی اے کو بہار میں ’’فیصلہ کن اور تاریخی‘‘ کامیابی ملے گی۔  پارٹی لیڈر روی شنکر پرساد نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیجسوی یادو کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور الیکشن کمیشن کا دفاع کرتے ہوئے آر جے ڈی کے الزامات کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا۔
آج ایگزٹ پول کے نتائج کی بھرمار
 انتخابی نتائج کا اعلان  حالانکہ جمعہ ۱۴؍ نومبر کو ہوگا تاہم  منگل کو ووٹنگ مکمل ہوتے ہی ایگزٹ پول کے نتائج کی بھرمار آجائے گی جن کی بنیا دپر قیاس آرائیوں کا دور شروع ہوجائےگا۔  جو ایگزٹ پول منظر عام پر آنے کی امید ہے ان میں ایکسس مائی انڈیا، سی ووٹر، آئی پی ایس او ایس، جن کی بات  اور انڈیا ڈوڈے چانکیہ قابل ذکر ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK