Inquilab Logo

بھساول میں ۱۵؍ دن میں قتل کی دوسری واردات، علاقے میں غم و غصے کی لہر

Updated: September 16, 2020, 8:26 AM IST | Sharjeel Qureshi | Bhusawal

چند گھنٹوں میں مشتبہ ملزمین گرفتار ،فرار مشتبہ ملزمین کی تلاش بھی جاری ، شہر میں نظم و نسق کی بدحالی پر عوام میں تشویش

Altamash Shaikh
مقتول التمش شیخ رشید

شہر کے کھڑکا روڈ کے علاقے میں ایک۱۹؍ سالہ نوجوان کے سینے پر چاقو سے وار کرکے بہیمانہ طور پراس کا قتل کردیا گیا۔ اس واقعے سے شہر میں سنسنی پھیل گئی ہے اور لوگوں میں غم و غصہ پایا جارہا ہے۔  اس معاملے میں بھساول کے بازار پیٹھ پولیس اسٹیشن کے عملہ نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف گجانند راٹھور کی قیادت میں اہم کلیدی ملزم سمیت دیگر تین کو گرفتار کرلیا ہے ۔انہیں منگل کو مقامی کورٹ میں پیش کیا گیا۔فی الحال ایک ملزم فرار بتایا گیا ہے تاہم پولیس نے امید ظاہر کی ہے کہ بہت جلد اسے بھی گرفتار کرلیا جائے گا ۔پولیس ذرائع سے حاصل تفصیلات کے مطابق مقتول نوجوان کے والد شیخ رشید شیخ معصوم (۴۴) کی شکایت پر سمیر شیخ اور اس کے بقیہ چار ساتھیوں کے خلاف قتل اور غیر قانون ہجوم بندی کرنے کی دفعات کے معاملہ درج کیا گیا ہے۔
 واضح رہے کہ شہر کے بابلا ہوٹل علاقے جام محلہ کا رہنے والا التمش شیخ رشید (۱۹) پر رات  ۹؍ بجکر ۳۰؍ منٹ پر حملہ آوروں نے پرانے جھگڑے کی بنیاد پر لاتوں  اورگھونسوں سے مار کر زخمی کردیا۔ بعد ازاں سمیر نامی ملزم نےچاقو سے التمش شیخ پر۱۱؍ مرتبہ  وار کیا۔ مقتول نوجوان شیخ زخمی حالت میں کافی دیر تک کھڑکا روڈ پر واقع ایک پل کے نیچے پڑا ہوا تھا ۔ اطلاع ملنے پرزخمی حالت میں اسے شہر کے جامنیر روڈ پر واقع ماناواتکر اسپتال میں لے جایا گیا جہاں پر جانچ کے بعد اسپتال کے ڈاکٹر راجیش ماناواتکر نے اسے مردہ قرار دے دیا ۔قتل کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، بازار پیٹھ پولیس اسٹیشن کے عارضی انچارج انسپکٹر بابا صاحب ٹھومبے اور ان کے ساتھی موقع پر پہنچے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے قتل  کے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے یہ بھی بتایا  کہ حملہ آواروں نے مقتول نوجوان کے پیٹ اور سینے پر کئی وار کئے ہیں ۔
 مزید تفصیلات کے مطابق پولیس نے اس معاملے میں شکایت کی بنیاد پر شیخ سمیر شیخ یوسف (۱۹ سال )،شاہ رخ شیخ یوسف (۲۱ سال) اور رمضان شیخ رحمان کو قتل کے چند گھنٹوں کے بعد ہی شہر کے سُندر نگر علاقے سے گرفتار کرلیا ہےجبکہ چوتھا ملزم شیخ عامر شیخ یوسف (۱۸ سال) کو پیر کی شب گرفتار کئے جانے کی اطلاع ملی ہے ۔بھساول شہر میں پندرہ دن قبل سری رام نگر میں ایک نوجوان کو گھر میں گھس کر گولی مار دی گئی تھی۔
 ۱۵؍ دن کے اندر ایک اور نوجوان کے قتل سے شہریوں میں خوف و ہراس کے ساتھ ہی غم و غصہ کا ماحول ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شہر کا امن و امان خطرے میں ہے ا ور یہاں کا نظم و نسق بھی ابتر ہے۔ شہریوں نے پولیس  افسران سے علاقے میں لااینڈ آرڈر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK