منیشامہیسکر اپنے کریئر میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکی ہیں۔
EPAPER
Updated: February 01, 2026, 11:44 AM IST | Nagpur
منیشامہیسکر اپنے کریئر میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکی ہیں۔
ناگپور کا اب مہاراشٹر کے محکمہ داخلہ پر گہرا اثر ہے کیونکہ شہر کی ایک سینئر آئی اے ایس افسر منیشا پاٹنکرمہیسکر نے جمعہ کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری ( داخلہ ) کا چارج سنبھال لیا۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے پاس وزارت داخلہ کا قلمدان بھی ہے، یعنی محکمہ کی سیاسی اور انتظامی قیادت کے ناگپور سے واضح تعلقات ہیں۔ امور داخلہ کے وزیر مملکت پنکج بھوئیر کا تعلق پڑوسی ضلع وردھا سے ہے۔
مہیسکر۱۹۹۲ء بیچ کی آئی اے ایس آفیسر ہیں اور اپنے کریئر میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکی ہیں۔ حال ہی میں، ان کی قیادت میں محکمہ تعمیرات عامہ(پی ڈبلیو ڈی) نے مہاراشٹر حکومت کے ۱۵۰؍ دن کی کارکردگی کے سنگ میل سے متعلق ای-گورننس کے جائزے میں سر فہرست مقام حاصل کیا تھا۔ ایک ایماندار اور فعال افسر کی شناخت رکھنے والی منیشا مہیسکر سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ محکمہ داخلہ میں شفافیت اور کارکردگی کو فروغ دیں گی جن کی ضرورت مسلسل عوامی اور انتظامی جانچ پڑتال میں رہتی ہے۔
منیشا مہیسکر کی بے عیب شبیہ اور کارکردگی کے ریکارڈ نے انہیں اس اعلیٰ مقام کیلئے پسند کیا۔ اے سی ایس (ہوم) کا عہدہ موجودہ اقبال سنگھ چہل (آئی اے ایس) کی ریٹائرمنٹ کے بعد خالی ہوا تھا۔ اپنے وسیع قومی اور بین الاقوامی تجربے کے باوجود، ناگپور کی رہنے والی منیشا مہیسکر نے اکثر اس شہر کو اپنا پسندیدہ مقام قرار دیا ہے۔ بی ایم سی کمشنر بھوشن گگرانی کے ریٹائر منٹ کے بعد، مارچ میں مہاراشٹر کی بیوروکریسی میں ایک اور بڑا ردوبدل ہوگا۔ بلدیاتی انتخابات کے سبب متعدد عہدیداروں کے تبادلے تعطل کا شکار ہوگئے تھے۔ منیشا نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ سول سروسز میں شامل ہونے کا شوق انہیں ان کے والد ارون پاٹنکر سے ملا۔ ۱۹۸۰ء کی دہائی میں جب ہروالدین چاہتے تھے کہ ان کی بیٹی کی شادی آئی اے ایس افسر سے ہو، ان کے والدین نے خود انہیں (منیشا کو) اسے آئی اے ایس افسر بننے کی ترغیب دی۔ ان کے والد نے ایک بار کہا تھا کہ آئی اے ایس افسر بننا بہت مشکل ہے، لیکن آئی اے ایس افسر سے شادی کرنا بہت آسان ہے، اب یہ آپ کی پسند پر منحصر ہے۔ تب سے انہوں نے آئی اے ایس آفیسر بننےکاعزم کیا۔