Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریما لاگونے ماں کے کرداروں سے مقبولیت حاصل کی

Updated: May 18, 2026, 1:16 PM IST | Mumbai

اداکارہ ریما لاگو کی پیدائش ۲۱؍جون ۱۹۵۸ءکو ہوئی۔ ان کا نام نین بھدبھدے رکھا گیا تھا۔ ریما لاگو کی اداکاری کی صلاحیت اُس وقت نمایاں ہوئی جب وہ پونےمیں زیرِ تعلیم تھیں۔

Reema Lagoo is known as the film mom. Photo: INN
ریمالاگو فلمی ماں کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ تصویر: آئی این این

ریما لاگواسٹیج اور فلمی اداکارہ تھیں، جوہندی اور مراٹھی سنیما میں اپنے کام کے لیے جانی جاتی تھیں۔ انہوں نے اپنی اداکاری کےکریئرکا آغاز مراٹھی تھیٹرسےکیا، جس کے بعد ۱۹۹۰ءکی دہائی اور ۲۰۰۰ءکےاوائل میں ماں کے کردار ادا کرنے کی وجہ سے وہ گھر گھر میں مقبول ہو گئیں۔ ۹۰ءکی دہائی کے مشہورٹی وی سیریل شریمان شریمتی، جس میں انہوں نےکوکیلا کلکرنی کاکردار ادا کیا، اورتو تو میں میں، جس میں وہ دیوکی ورماکے کردار میں نظر آئیں، میں اپنی شاندار اداکاری کے بعد انہیں وسیع پیمانے پر شہرت حاصل ہوئی۔ 
اداکارہ ریما لاگو کی پیدائش ۲۱؍جون ۱۹۵۸ءکو ہوئی۔ ان کا نام نین بھدبھدے رکھا گیا تھا۔ ریما لاگو کی اداکاری کی صلاحیت اُس وقت نمایاں ہوئی جب وہ پونےمیں زیرِ تعلیم تھیں۔ ثانوی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے پیشہ ورانہ طور پر اداکاری شروع کر دی۔ اس طرح ریمالاگو کا اداکاری کا سفر بچپن ہی سے شروع ہو گیا تھا۔ ان پر اپنی والدہ کا گہرا اثرتھا، جو خود مراٹھی اسٹیج اور فلموں کی اداکارہ تھیں۔ انہوں نے درگا کھوٹےکی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ماسٹر جی سمیت ۵؍فلموں میں کام کیا۔ بچپن میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کرنے کےبعد ایک طویل وقفے کے بعد انہوں نےمراٹھی تھیٹر میں اپنے بالغ کے طور پرکریئر کا دوبارہ آغاز کیا۔ اس کی شروعات ممبئی آنے اورپی ایل دیشپانڈےکے ڈرامے مائی فیئر لیڈی ایڈاپشن میں اداکاری سےہوئی۔ تاہم، انہیں اصل اور وسیع پہچان ٹیلی ویژن ڈراموں اور ہندی و مراٹھی فلموں میں ادا کیے گئے کرداروں سے ملی۔ انہوں نے ۱۹۷۹ءمیں مراٹھی فلم سنگھاسن سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ 

یہ بھی پرھئے: کشور کمار نے گلوکار ہیرو کے طور پر جو مقام بنایا تھا،وہ کسی کے حصے میں نہیں آیا

اداکارہ ریما لاگو نےہندی فلم انڈسٹری کے کئی بڑےناموں کے ساتھ معاون کردار ادا کیے، جن میں زیادہ ترفلموں میں انہوں نے مرکزی کرداروں کی ماں کا کردار نبھایا۔ انہیں پہلی بار ہندی فلم قیامت سے قیامت تک(۱۹۸۸ء) سے شہرت ملی، جس میں انہوں نے جوہی چاؤلہ کی ماں کا کردار ادا کیا تھا۔ ارونا راجےکی فلم رہائی (۱۹۸۸ء) میں ان کا کردار متنازع رہا۔ اس کے بعد انہوں نے بلاک بسٹرفلم میں نے پیارکیا (۱۹۸۹ء)میں سلمان خان کی ماں کا کردار ادا کیا، اور پھر فلم ساجن(۱۹۹۱ء)میں بھی انہوں نے ماں کے کردار ادا کیا۔ جوباکس آفس پر سپر ہٹ رہی۔ انہوں نے ایکشن ڈرامہ اور کرائم تھرلر فلم گمراہ میں سری دیوی کی ماں، جے کشن میں اکشے کمار کی ماں، اور رنگیلا میں ارملا ماتونڈکر کی ماں کا کردار ادا کیا۔ ان کی فلم’گمراہ‘(۱۹۹۳ء)اُس سال باکس آفس پرساتویں نمبر پرسب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم تھی، جبکہ ’جئےکشن‘  (۱۹۹۴ء) بھی تجارتی لحاظ سے کامیاب رہی۔ فلم ’رنگیلا‘بھی ۱۹۹۵ءکی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ثابت ہوئی۔ فلم’واستَو: دی ریئلٹی‘میں اپنی اداکاری کیلئےانہیں بہترین معاون اداکارہ کاچوتھا فلم فیئر ایوارڈ ملا، جس میں انہوں نے سنجے دت کے ادا کردہ ایک گینگسٹر کی ماں کا کردار نبھایا تھا۔ ریما لاگو ۱۸؍ مئی۲۰۱۷ءکی شام۷؍بجے تک ٹی وی سیریل نام کرن کی شوٹنگ کر رہی تھیں۔ اسی رات سینے میں درد کی شکایت کے بعد انہیں ممبئی کےکوکیلا بین دھیروبھائی امبانی اسپتال لے جایا گیا، رات۳؍ بجے دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہو گیا۔ وفات کے وقت انہیں مکمل طور پر صحت مند بتایا جا رہا تھا اور کوئی بڑی بیماری بھی نہیں تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK