Inquilab Logo

یدی یورپا کو بلیک میل کئے جانے کا سنسنی خیز انکشاف

Updated: January 16, 2021, 12:16 PM IST | Agency | Bangalore

یہ انکشاف کسی اور نے نہیں بلکہ کرناٹک کے درجن بھر بی جے پی اراکین اسمبلی نے کیا ہے ، کابینہ توسیع میں جگہ نہ ملنے سے ناراض ، بتایا کہ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ یدی یورپا کو کسی سی ڈی کے ذریعے بلیک میل کیا جارہا ہے ، اسی وجہ سے وہ اپنی ہی پارٹی کے اراکین کی بات نہیں سن رہے ہیں

Yediyurappa - Pic : PTI
وزیر اعلیٰ یدی یورپا اور گورنروجو بھائی والا کابینہ کی توسیع کے بعد نو منتخب وزراء کے ساتھ ۔(تصویر: پی ٹی آئی

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے سینئر لیڈر بی ایس یدی یورپا کے تعلق سے ان کی ہی پارٹی کے درجن بھر اراکین اسمبلی  نے یہ سنسنی خیز انکشاف کیا ہے کہ انہیں بلیک میل کیا جارہا ہےجس کی وجہ سے وہ اپنی ہی پارٹی کے اراکین کی بات نہیں سن رہے ہیں۔ ان ایم ایل ایزنے الزام لگایا کہ انہیں کابینہ کی حالیہ توسیع میں وزارت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن یدی یورپا نے ایسا نہیں کیا۔ جب اس بات کی کھوج بین کی گئی کہ انہوں نے ایسا کیوں نہیں کیا تو معلوم ہوا کہ انہیں کسی سی ڈی کے ذریعے بلیک میل کیا جارہا ہے۔ ان ناراض اراکین کا کہنا ہے کہ اس سی ڈی میں یدی یورپا کا کوئی بہت بڑا اسکینڈل ہے جو اگر منظر عام پر آگیا تونہ صرف ان کی کرسی جاسکتی ہے بلکہ ان کا سیاسی کریئر بھی ختم ہو جائے گا۔ادھر یدی یورپانے کسی بھی سی ڈی کے وجود سے انکار کیا ہے اوربلیک میل ہونےکی بات پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ناراض ایم ایل ایز سے کہا کہ وہ اگراپنی بات پیش کرنا چاہتے ہیں تو پارٹی ہائی کمان سے ملیں کیوں کہ میں  ان کی کوئی بات نہیں سنوں گا۔
 اس بارے میں پارٹی کےناراض رکن اسمبلی ستیش ریڈی نے کہا کہ کابینہ کی توسیع والے دن ہی میں نے آواز بلند کی تھی کہ ہمارے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے ۔ ہمیں وزارت دینے کا وعدہ کیا گیا تھالیکن اسے پورا نہیں کیا گیا۔ جب ہم نے وزیر اعلیٰ سے بات کرنی چاہی تو انہوں نے وقت ہی نہیں دیا۔ وہ ہمارے فون تک نہیں اٹھارہے ہیں۔ ایسے میں ہم نے جب مزید معلوم کرنے کی کوشش کی تو ہمیں بتایا گیا کہ انہیں بلیک میل کیا جارہا ہے۔ستیش ریڈی کے مطابق اگر کسی ریاست کا وزیر اعلیٰ بلیک میل ہو رہا ہے تویہ بہت تشویش کی بات ہے۔ اسی لئے ہمارا مطالبہ  ہے کہ سی ڈی کے سلسلے میں تفتیش کی جائے اور سچ سامنے لایا جائے کیوں کہ اسی کی وجہ سے بہت سے اہل اراکین کو  وزارت میں شامل نہیں کیا گیا۔ 
 سینئربی جے پی لیڈر اور رکن اسمبلی بی آر پاٹل نے کہا کہ یدی یورپا اور ان کے فرزند پارٹی کو اپنی ذاتی پارٹی کے طور پر چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ وہ اپنے ذاتی فوائد کیلئے  اراکین اسمبلی کو وزارت دے رہے ہیں۔ اس میں میرٹ کا کوئی دخل نہیں ہے۔ 
 ان اراکین نے اب کھل کر یدی یورپا کے خلاف آواز اٹھانی شروع کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہیں کئے گئے  تو وہ پارٹی کے فورم سے لے کر عوام  فورم تک سبھی پر یدی یورپا کو بدنام کرنے اور ان کی حرکتوں کو منظر عام پر لانے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔ ا ن اراکین الزام لگایا کہ یدی یورپا کانگریس کے اراکین اسمبلی سے خوفزدہ ہیں کیوں کہ شائد ان کے پاس ایسی کوئی سی ڈی ہے جس سے یدی یورپا بلیک میل ہو سکیں۔ اسی لئے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ سب کے ساتھ انصاف کریں۔ 
 ادھروزیراعلیٰ یدی یورپا نے بلیک میلنگ اورکسی بڑے سی ڈی اسکینڈل کے سوال پر خجل ہوتے ہوئے جواب دیا کہ کوئی سی ڈی نہیں ہے بلکہ یہ باغی اراکین کے ذہنوں کی اختراع ہے۔ یہ لوگ صرف اور صرف لیڈران کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اسی لئے میرا کہنا ہے کہ اگر یہ لوگ ناراض ہیں تو پارٹی ہائی کمان سے جاکرگفتگو کرسکتے ہیں۔ میں انہیں نہیں روکوں گا لیکن نہ ہی انہیں حکومت میں کوئی جگہ ملے گی۔ واضح رہے کہ  باغی اراکین اسمبلی نے  وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملنے کا وقت مانگا ہے لیکن انہیں اب تک وقت نہیں دیا گیا ہے۔ اس دوران یہ اطلاعات بھی ہیں کہ امیت شاہ ۱۶؍ اور ۱۷؍ جنوری کو کرناٹک کے دوروزہ دورے پر ہوں گے ۔ ممکن ہےکہ اس دوران وہ پارٹی کے باغی اراکین سے بھی ملیں اور انہیں رام کرنےکی کوشش کریں۔ لیکن اس سے قبل  یدی یورپا کو کوئی بھی راحت ملنے سےرہی کیوں کہ باغی اراکین اسمبلی  نے  اپنا احتجاج اور سی ڈی کومنظر عام پر لانے کا مطالبہ تیز کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK