۳؍ مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گری ،ا نتظامیہ کےمطابق مرنے والوں کے لواحقین کو۴۸؍ گھنٹوں کے اندر امدادی رقم پہنچا دی جائے گی
EPAPER
Updated: October 01, 2025, 10:56 PM IST | Fatehpur
۳؍ مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گری ،ا نتظامیہ کےمطابق مرنے والوں کے لواحقین کو۴۸؍ گھنٹوں کے اندر امدادی رقم پہنچا دی جائے گی
اتر پردیش کے فتح پور ضلع کے تحصیل صدر کے علاقے میں۳؍ مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے سے باپ بیٹے سمیت ۷؍ افراد کی موت ہو گئی۔پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ اطلاع پاکر جائے وقوعہ پر پہنچی پولیس اور محکمہ ریونیو کی ٹیموں نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔پہلا معاملہ فتح پور کے غازی پور تھانہ علاقے میں پیش آیا۔ یہاں ایک۷۵؍ سالہ ریٹائرڈ ریلوے ملازم دیش راج آسمانی بجلی گرنے سے موقع ہی پر ہلاک ہو گیا۔ دیش راج سیمور میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد لوٹ رہے تھے لیکن راستے میں تیز بارش آنے پر وہ ایک درخت کے نیچے رک گئے۔ اسی دوران دیش راج پرآسمانی بجلی گر گئی۔ اطلاع ملتے ہی گھر والے اسپتال پہنچے جہاں ڈاکٹروں نے دیش راج کو مردہ قرار دے دیا۔
دوسرا واقعہ اسوتھر تھانہ علاقے کے تحت گاؤں جرولی کا ہے جہاں پرائمری اسکول کے پیچھے جنگل میں اپنے مویشی چرا رہے دو نوجوان نیرج گپتا، کلو گپتا اور ان کا ساتھی وپن رائے داس آسمانی بجلی کی زد میں آ گئے، نیرج اور کلو نے موقع ہی پر دم توڑ دیا جبکہ وپن کو آناً فاناً قریبی کمیونٹی سینٹر لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔اس سلسلے کا تیسرا واقعہ ضلع میں لالولی کے دتولی گاؤں میں پیش آیا۔ یہاں بھیڑ پالنے والا۳۶؍ سالہ روی پال اپنے۱۴؍ سالہ بیٹے رشبھ کے ساتھ دوپہر میں اپنی بھیڑیں چرانے جنگل گیا تھا۔ اس کی بھی آسمانی بجلی گرنے سے موت واقع ہو گئی۔وہیں کھاگا تحصیل کے کشن پور تھانہ کے گاؤں افضل پور کا باشندہ ۴۵؍ سالہ جاگیشرن نشاد بھی بھینس چرانے کے دوران درخت کے نیچے کھڑا ہو گیا تھا جہاں اچانک آسمانی بجلی گر نے سے اس کی موت ہو گئی۔ اس طرح آسمانی بجلی گرنے سے ضلع میں مجموعی طور پر۷؍افراد کی موت ہو ئی ہے۔
اس پر فتح پور کے اے ڈی ایم اویناش ترپاٹھی نے بتایا کہ ریونیو ٹیم امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ مرنے والوں کے لواحقین کو۴۸؍ گھنٹوں کے اندر امدادی رقم پہنچا دی جائے گی۔