Inquilab Logo

نیتی آیوگ کا ساتواں اجلاس،جی۲۰؍ ،فصلوں کے تنوع اور دیگر پر تبادلہ خیال

Updated: August 08, 2022, 12:43 PM IST | Agency | New Delhi

وزیراعظم کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میںیوگی آدتیہ ناتھ، پشکر سنگھ دھامی،اشوک گہلوت اور ممتا بنرجی نے شرکت کی، کے سی آر اور نتیش کمار نہیں پہنچے

Leaders attending the NITI Aayog meeting including Prime Minister Modi and Chief .Picture:INN
نیتی آیوگ کی میٹنگ میں شرکت کرنے والے لیڈران جن میں وزیراعظم مودی اور دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر:آئی این این

 نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کی ساتویں میٹنگ اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میںمنعقد ہوئی جس میں جی ۲۰؍چوٹی کانفرنس، فصلوں کے تنوع، شہری نظم و نسق، اعلی تعلیم اور ’۲۰۴۷ءمیں ہندوستان‘ پر زبردست غوروفکر کیا گیا۔ نیتی آیوگ کے نائب صدر سمن بیری اور میٹنگ میں شامل دیگر ممبران نے یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ میٹنگ میں اگلے سال ملک میں ہونے والے جی ۲۰؍اجلاس کی تنظیم اور ریاستوں کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ فصلوں کے تنوع، قومی تعلیمی پالیسی کے نفاذ، اعلیٰ تعلیم، شہری نظم و نسق، انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی اور ’سال ۲۰۴۷ء میں ہندوستان‘ پر وسیع تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیری نےکہا کہ اگلا سال۲۰۲۳ءہندوستان کیلئے اہم ہوگا۔اس سال جی ۲۰؍سربراہی اجلاس ہندوستان کی صدارت میں ہندوستان میں منعقد ہوگا۔انہوں نےکہا کہ میٹنگ میں جی ۲۰؍ سربراہی اجلاس میںریاستوں کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نےکہا کہ تمام ریاستوں نےنئی تعلیمی پالیسی کے نفاذ پر اتفاق کیا ہے۔ میٹنگ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں  کے درمیان وفاقیت کے جذبے کےمطابق ماحول بنانے، امرت دور میں ملک کی ترقی کے سفر میں درپیش چیلنجوں کی نشاندہی کرنے اور ان کا حل تلاش کرنے پر زور دیا گیا۔ تیل کے بیجوں اور دالوں میں خود کفیل بننا بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھا۔ میٹنگ میں اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور مرکز کےزیر انتظام علاقوں کے منتظمین نےشرکت کی۔ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے۔چندر شیکھر راؤ اور بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمارمیٹنگ میں شریک نہیں ہوئے۔ مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ، امت شاہ، نتن گڈکری، نرملا سیتا رمن اور ایس۔ جے شنکر بھی موجود تھے۔ جولائی ۲۰۱۹ء کے بعد گورننگ کونسل کا یہ پہلا اجلاس ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK