Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی کو ٹریفک سے پاک کرنے کیلئے متعدد منصوبے

Updated: March 07, 2026, 12:14 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

عوامی نقل و حمل کو آسان اور بہتر بنانےکیلئے ریاستی بجٹ میں وزیر اعلیٰ نے متعدد زیر زمین ، ایلیویٹیڈ اور میٹرو ریل پروجیکٹوں کا اعلان کیا ۔

Chief Minister Devendra Fadnavis, Sunitra Pawar and Eknath Shinde at the press conference. Photo: INN
پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ،سونیترا پواراور ایکناتھ شندے ۔ تصویر: آئی این این

وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے جمعہ کو ۷؍کر وڑ ۶۹؍ ہزار ۴۶۷؍ کروڑ روپے کا جو ریاست کا منافع کا بجٹ پیش کیا اس میں ممبئی میں ٹریفک جام اور مضافاتی علاقوں سے ممبئی نقل و حمل کرنے میں سہولت پیدا کرنے کیلئے متعدد منصوبوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں متعدد سب وے اور میٹرو ریل کے ساتھ ساتھ سمندر راستے سے سفر کی سہولت بھی شامل ہیں۔امید کی جارہی ہے کہ ان متبادل ذرائع نقل و حمل سے لوکل ٹرین کی بھیڑ پر قابو پایاجاسکے گا۔
خاص بات یہ ہےکہ اس بجٹ میں ممبئی کی جھوپڑپٹیوں کی باز آبادکاری پر بھی زور دیاہے۔ ممبئی میں غیر قانونی تعمیرات پرروک لگانے کیلئے منصوعی ذہانت(اے آئی) کےذریعے خصوصی نگرانی کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آنجہانی اجیت کی موت کے بعد یہ ریاست کا پہلا بجٹ ہےاسلئے وزیر اعلیٰ نے اسے بجٹ کو اجیت پوار سے منسوب کیا ۔وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے قانون ساز اسمبلی میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جو ریاستی بجٹ پیش کیا اس میں ممبئی میں متعدد سب وے اور میٹرو ریل کا جال بچھانے کا اعلان کیا ہے۔ 
ممبئی اور مضافات کے چند اہم منصوبے
جنوبی ممبئی میںہونےو الے ٹریفک جام کر کم کرنے کیلئے اورینج گیٹ (ایسٹرن فری وے ) اور مرین ڈرائیو کے درمیان زیر زمین روڈ( سرنگ) کاکام آخری مرحلے میں ہے اور اسے دسمبر ۲۰۲۸ء تک مکمل کیا جائے گا۔
وڈالا سے گیٹ وے آف انڈیا تک چلنے والی زیر زمین ممبئی میٹرو لائن ۱۱؍کا کام جاری ہے۔ اس پروجیکٹ کیلئے ۲۳؍ ہزار ۴۸۷؍ کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اس پروجیکٹ کو دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ سے باندرہ ریلوے اسٹیشن اور باندرہ ٹرمنس تک وسیع کرنے کا منصوبہ ہے۔
ممبئی ایئر پورٹ سے نوی ممبئی ایئر پورٹ کو جوڑنے والا ممبئی میٹرو۸؍ پروجیکٹ کا کام بھی جاری ہے۔ اس کیلئے ۲۲؍ ہزار ۸۶۲؍ کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
تلوجہ سے کھاندیشور نوی ممبئی میٹرو لائن ۲؍پروجیکٹ سے نوی ممبئی ایئرپورٹ آمد ورفت میں سہولت ہوگی۔ اس پروجیکٹ پر ۵؍ ہزار ۵۷۵؍ کروڑ روپےلاگت آئے گی۔
ممبئی کے مشرقی اور مغربی مضافات کو جوڑنے والی گوریگاؤں۔ملنڈ زیر زمین سرنگ کے پہلے مرحلے کا کام آخری مرحلے میں ہے۔
nتھانے سے بوریولی تک۱۸؍ ہزار ۸۳۸؍ کروڑ روپے کی زیر زمین ٹنل کا کام جاری ہے اور اسے جون۲۰۲۸ءتک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔
انٹیگریٹڈ انڈر گراؤنڈ روڈ پروجیکٹ کے تحت، باندرہ۔ورلی سی لنک کو بلٹ ٹرین اسٹیشن سے جوڑا جائے گا، اور باندرہ-کرلا کمپلیکس کو چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے سے جوڑا جائے گا۔ گائیمکھ جنکشن اور فاؤنٹین ہوٹل جنکشن کے درمیان تقریباً۶؍ کلومیٹر کی زیر زمین سرنگ اور فاؤنٹین ہوٹل اور بھائندر کے درمیان تقریباً۹؍ کلومیٹر کی ایک ایلیویٹڈ سڑک کی تجویز ہے۔
مشرقی اٹل سیتو اور ویسٹرن کوسٹل روڈ اور باندرہ۔ورلی سی لنک کے درمیان سگنل فری ٹریفک کیلئے سیوری۔ورلی ایلیویٹڈ روڈ پر کام جاری ہے اور اسے ستمبر۲۰۲۶ءتک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔ اٹل سیتو سے ممبئی۔پونے ایکسپریس وے تک ایک ایلیویٹڈ سڑک کو فروری۲۰۲۷ءتک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔
تھانے سے نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے تک ایک الیویڈیٹ روڈ بنانے کے منصوبے کو منظوری دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK