• Fri, 24 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مسافروں کی سہولت کیلئے ممبئی سے یوپی اور بہار کیلئے کئی اسپیشل ٹرینیں

Updated: October 24, 2025, 5:40 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

زبردست بھیڑبھاڑ کےسبب ملک کے طول وعرض میں۵؍دن کے اندر ۱۵۰۰؍مزید ٹرینیں چلانے کا اعلان مگر ریلوے کی پیشگی تیاری اوربہتر انتظامات کے دعوے پرسوالیہ نشان۔

Railway Station.Photo:INN
ریلوے اسٹیشن۔ تصویر:آئی این این

ٹرینوں میں دیوالی اور چھٹھ کیلئے زبردست بھیڑبھاڑ ، پریشان حال مسافروں کی الگ الگ کیفیات اور مختلف مناظر عام ہونے اور بدنظمی کے سبب ریلوے پر سخت تنقیدوں  کے بعد اب ریلوے انتظامیہ نے پھر یہ دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ ۵؍ دن (۲۴؍ تا ۲۸؍ اکتوبر)کے اندر ملک کے طول و عرض میں مزید ۱۵۰۰ ؍ ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ان میں ممبئی سے بھی کئی ٹرینیں چلائی جارہی ہیں جو۲۴؍ اور۲۵ ؍ اکتوبر کو یوپی ، بہار اور دیگر حصوں میں روانہ کی جائیں گی۔
۲۴؍اور۲۵؍اکتوبرکوروانہ کی جانے والی ٹرینوں کی سینٹرل ریلوے کےچیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلاکے ذریعے فراہم کردہ تفصیلات کچھ اس طرح ہیں۔ سی ایس ایم ٹی سے گورکھپور کے درمیا ن ۰۱۰۷۹؍ اسپیشل ٹرین رات میں۱۱؍بجکر ۳۰؍ منٹ پر روانہ ہوگی۔ یہ ٹرین دادر، تھانے، کلیان، ناسک روڈ، منماڑ، جلگاؤں، بھساول،کھنڈوا، اٹارسی، بھوپال، بینا، ویرانگنا لکشمی بائی جھانسی،  ارئی ، کانپور سینٹرل، لکھنؤ، گونڈہ بستی اور خلیل آباد رُکے گی ۔
۰۱۱۴۳؍ ایل ٹی ٹی دانا پورکے درمیان اسپیشل ٹرین نمبر ۱۰؍بجکر ۳۰؍منٹ پرروانہ ہوگی۔اسی طرح ۰۱۱۲۳ ؍ ایل ٹی ٹی مئو اسپیشل ٹرین ۱۲؍بجکر ۱۵؍ منٹ پر روانہ ہوگی۔اسی طرح ایل ٹی ٹی ساونت واڑی اسپیشل ٹرین ۰۱۱۷۹؍ ۸؍بجکر ۲۰؍ منٹ پر روانہ ہوگی۔ یہ سندھودرگ اورکڈال ہوتے ہوئے ساونت واڑی پہنچے گی۔ اس کے علاوہ پنویل اور چپلون کے درمیان اَن ریزرو ٹرین ۰۱۱۵۹؍ ۴؍بجکر ۴۰؍ (شام کو) روانہ ہوگی ۔ان ٹرینوں کےعلاوہ پونےاورناسک ڈویژن سے بھی کئی ٹرینیں روانہ کی جائیںگی۔
ویسٹرن ریلوے میں ۰۹۰۰۹؍ باندرہ ٹرمنس سے پٹنہ کے درمیان ۲۴؍ اکتوبر کورات میں۹؍ بجکر ۲۰؍منٹ پرروانہ ہوگی ۔ ۰۹۰۱۰؍یہ پٹنہ سے باندرہ ٹرمنس کے درمیان اَن ریزرو ٹرین ۲۴؍اکتوبر کو ممبئی کے لئے دوپہر ۲؍بجے روانہ ہوگی اور ۲۶؍ اکتوبر کو باندرہ ٹرمنس پہنچے گی۔ یہ ٹرین دونوں جانب سے بوریولی،پال گھر، واپی، ولساڑ، بھیستان، چلتھان ، نندوربار، بھساول، کھنڈوہ، اٹارسی، جبل پور، کٹنی، ستنا ، مانک پور، پریاگ راج، چھیونکی، پنڈت دین دیا ل اپادھیائے، بکسر،آرا اور داناپور اسٹیشنوں پر رکے گی ۔ اس کے علاوہ گجرات کے الگ الگ اسٹیشنوں سے بھی یوپی اوربہار کے لئے ٹرینیںروانہ کی جائیں گی۔
ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے انقلاب کوبتایاکہ’’ مرکزی وزیرریل کی سربراہی میں ملک کے طول وعرض میں دیوالی اورچھٹھ وغیرہ تہواروں کے پیش نظر زبردست بھیڑبھاڑ کےسبب گزشتہ ۲۱؍ دنوں میں۴۴۹۳؍ اسپیشل ٹرینیںچلائی گئیں، ان ٹرینوں نے روزانہ ۲۱۳؍ چکر لگائے۔ اس انتظام اورپیشگی تیاری سے مسافروں کو کافی راحت ملی ہے۔ مزید سہولت اور بھیڑبھاڑ کو دیکھتے ہوئے ۱۵۰۰؍ اور اسپیشل ٹرینیں۵؍دنو ں کے اندر چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔اس سے بھی کافی راحت ملے گی اورملک کے مختلف حصوں سے مسافر بحفاظت اپنی منزل پہنچ سکیں گے۔‘یادر ہے کہ ریلو ے کی جانب سے بار بار یہ دعویٰ کیا گیا کہ مسافروں کی سہولت کی خاطر پیشگی تیاری کی گئی ہے اور انہیں تہواروں کے موسم میںاپنے آبائی وطن جانے میںکوئی دشواری نہیںہوگی مگرمسافروں نے جن مسائل کا سامنا کیا اور کررہے ہیں، اس سے ریلوے انتظامیہ بھی بخوبی واقف ہے۔ شاید اسی لئے مزید ۱۵۰۰؍ ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ حیران کن بات یہ ہےکہ ریلوے کےپاس مکمل تفصیلات ہوتی ہیں،اس کے باوجودمسافروں کا یہ سوال کافی اہم ہے کہ ہرسال اسی طرح کی پریشانی کیوں ہوتی ہے ؟ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK