• Fri, 09 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی کے ۲۵؍ اضلاع میں شدید سرد لہر

Updated: January 08, 2026, 11:16 PM IST | New Delhi

پہاڑی علاقوں میں مسلسل برف باری کا اثرمیدانی علاقوں پر ۔راجستھان بھی کانپنے لگا۔ممبئی میں بھی موسمی تیور بدلنے کو ہیں

The frost is so severe that ice crystals have formed in apple orchards in Shimla. (Photo: PTI)
ٹھنڈ اتنی زیادہ ہے کہ شملہ میں سیب کے باغات میں برف کے ایسے کرسٹل بن گئے ہیں۔(تصویر: پی ٹی آئی )

ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے ہمالیہ کے پہاڑی علاقوں میں ہونے والی برف باری کا اثر ملک کے میدانی علاقوں پرپڑ رہا ہے اور ان دنوں ٹھنڈ پورے ملک میں لوگوں کا مزاج پوچھ رہی ہے۔ شمالی ہند کے بیشتر علاقے شدید ٹھنڈ اور کہرے کی زد میں جبکہ نسبتاً  گرم رہنے والے جنوبی ہند کے علاقوںمیں بھی درجہ حرارت میں گراوٹ آئی ہے۔ یہی حال مغربی ہندوستان کا بھی ہے جہاں گزشتہ کچھ دنوں سے ٹھنڈ دوبارہ محسوس کی جا رہی ہے۔ عروس البلاد ممبئی بھی اس سے مبرا نہیں ہے۔
 محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق یوپی کے ۲۵؍ اضلاع  میں شدید ٹھنڈ کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔یہ اضلاع پہلے ہی شدید ٹھنڈ کی زد پر ہیں لیکن محکمہ نے اب وارننگ دی ہے کہ یہاں اگلے کچھ دنوں تک درجہ حرارت ۲؍ سے ۴؍ ڈگری ہی ریکارڈ ہو گا اور اگر ہوائیں چلتی رہیں تو یہ ٹھنڈ بہت زیادہ محسوس ہو گی۔ اس کے ساتھ ہی کہرے کا بھی الرٹ دیا گیا ہے۔ جن ۲۵؍ اضلاع کے لئےوارننگ جاری کی گئی ہے ان میں مشرقی اور مغربی یوپی دونوں کے اضلاع ہیں۔ ان میںلکھنؤ، انّائو ، رائے بریلی ، بارہ بنکی ، کانپور ، امیٹھی ، گونڈہ ، پرتاپ گڑھ ، سلطانپور،بلرام پور ،کشی نگر ، دیوریا ، بستی ، گورکھپور ،جونپور ، اعظم گڑھ ، مئو ، وارانسی ، غازی پور اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔ مشرقی اضلاع سے متصل بہار کے اضلاع میں بھی یہی صورتحال رہنے کی توقع ہے۔ اسی لئے محکمہ نے یہاں کے شہریوں کو خصوصی طور پر وارننگ جاری کی ہے کہ ٹھنڈ سے بچنے کے اقدامات کریں۔ 
   اگر یوپی کا یہ حال ہے تو راجستھان کی  حالت بھی مختلف نہیں ہے۔ وہاں بھی بھیانک سردی پڑ رہی ہے۔ لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا بھی دوبھر ہو گیا ہے۔ یہاں کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت اگلے ۵؍ دنوں تک ۲؍سے ۳؍ ڈگری ہی رہنے کا امکان ہے۔ جے پور ، اجمیر ، جودھپور ، مائونٹ ابو ،بیکانیر ،گنگا نگر اور دیگر اضلاع میں خاص طور پر وارننگ جاری کی گئی ہے۔
  دریں اثناء جنوبی ہند کی ریاست تلنگانہ کے مختلف مقامات پر  بھی آئندہ دو دنوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت معمول سے ۳؍ڈگری  تک کم رہنے کا امکان ہے۔روزانہ کے موسمی بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ ریاست بھر میں آئندہ سات دنوں تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ روزعادل آباد میں کم سے کم  درجہ حرارت ۹؍ ڈگری  ریکارڈ کیا گیا۔
    اسی درمیان قومی دارالحکومت کو جمعرات کو شدید سردی کی لہر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو دارالحکومت کے موسمی مراکز پر کم از کم درجہ حرارت ۴؍ ڈگری  ۶؍ڈگری کے درمیان رہا، جس سے لوگوں کو  زیادہ سردی کا احساس ہوا۔ دریں اثنا، دہلی میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) صبح ۲۷۷؍ریکارڈ کیا گیا، جو  اب بھی انتہائی خرا ب  زمرے میں آتا ہے۔ 
 شمالی ہندوستان میں سرگرم مغربی ڈسٹربنس اور پہاڑی علاقوں میں مسلسل برف باری کے اثرات اب بہار میں واضح طور پر نظر آرہے ہیں۔ برفیلی ہوائیں براہ راست میدانی علاقوں کی طرف بڑھ رہی ہیں، جس سے ریاست کے کئی اضلاع میں سردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ۴۸؍ گھنٹے میں بہار کے کئی علاقوں میں ۲۰؍ سے ۳۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس سے  دھوپ کے باوجود لوگ سردی محسوس کریں گے۔محکمہ موسمیات نے  جمعرات اور جمعہ کے لئے بہار کے لیے اورینج کولڈ ڈے الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ آئندہ تین سے چار روز تک سردی سے راحت ملنے کی کوئی امید نہیں۔ خاص طورپر کھلے میدانوں، کھیتوں اور شاہراہوں کے آپس پاس سردی کا اثر شہروں کے مقابلے میں قدرے زیادہ ہوگا۔
  اسی درمیان ممبئی میںبھی  دوبارہ ٹھنڈ میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے شہر کا درجہ حرارت  بڑھتا ہوا محسوس ہو رہا تھالیکن بدھ اور جمعرات کو دوبارہ ٹھنڈ بڑھ گئی ہے۔ حالانکہ ممبئی میں کم سے کم درجہ حرارت ۲۰؍ سے ۲۱؍ ڈگری کے درمیان ہی ہے لیکن تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے دن کے اوقات میں بھی ٹھنڈ محسوس ہورہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK