۲۰؍دنوں تک ۵۔۵؍ گھنٹوں کیلئے پُل کو بند رکھنے کے فیصلے سے شدید ٹریفک جام ہونے کا قوی امکان ہے
EPAPER
Updated: November 01, 2025, 10:10 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai
۲۰؍دنوں تک ۵۔۵؍ گھنٹوں کیلئے پُل کو بند رکھنے کے فیصلے سے شدید ٹریفک جام ہونے کا قوی امکان ہے
کلیان۔احمد نگر قومی شاہراہ پر واقع اہم شہاڈ بریج کو ۳ ؍نومبر سے ۲۳ ؍نومبر ۲۰۲۵ ءتک یعنی تقریباً ۲۰؍ دنوں کیلئے ڈامر بچھانے کے کام کے سبب مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔ یہ کام نیشنل ہائی وے ڈپارٹمنٹ کی نگرانی میں انجام دیا جائے گا اور اس دوران پُل پر ہر قسم کی گاڑیوں کی آمد و رفت پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
عیاں رہے کہ ۲۸؍ ستمبر سے ۱۵؍ اکتوبر کو شہاڈ بریج مرمت کیلئے بند رکھا گیا تھا تاہم ڈرائیوروں کی جانب سے پل کی خستہ حالی سے متعلق مسلسل شکایات کے بعد اب اس پر نئی تہہ کے طور پر ڈامر بچھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرمتی کام کے دوران اس علاقے میں شدید ٹریفک جام کے امکانات ہیں۔
تھانے ٹریفک پولیس کے ڈپٹی کمشنر پنکج شرساٹ نے موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ شہاڈ بریج سےصبح ۶ ؍بجے سے ۱۱ ؍بجے تک اور شام ۵؍ بجے سے رات ۱۰؍ بجے تک صرف ہلکی گاڑیوں کو ہی گزرنے کی اجازت ہوگی۔پولیس، فائر بریگیڈ، ایمبولنس، گرین کوریڈور، آکسیجن گیس ٹینکر اور دیگر ہنگامی یا ضروری خدمات کی گاڑیوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کرتے ہوئے ٹریفک نظام کو بحال رکھنے میں تعاون کریں۔
متبادل راستے
ٹریفک پابندیوں کے مطابق کلیان اور مرُباڈ کے درمیان سفر کرنے والی ہیوی گاڑیوں کیلئے ۳؍ اہم تبدیلیاں نافذ کی گئی ہیں۔ احمد نگر سے کلیان جانے والی گاڑیوں کا باروے ڈیم پھاٹا پر داخلہ بند ہے۔ انہیں اب باروےڈیم روڈ سے ہوتے ہوئے بدلاپور، پالے گاؤں، نیوالی ناکہ، اور حاجی ملنگ روڈ کے ذریعے پتری پل سے کلیان جانا ہوگا۔ اسی طرح مرباڈ سے شہاڈ ہوکر کلیان جانے والے راستے پر دہا گاؤں پھاٹا رائتے گاؤں کے مقام پر داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔ ان گاڑیوں کو رائتےگاؤں، واہولی، مانجرلی سے گزر کر ارنج گاؤں، بدلاپور سے کلیان پہنچنا ہوگا۔ آخری تبدیلی کے تحت کلیان سے مرباڈ جانے والی گاڑیوں کا داخلہ درگاڈی بریج کے قریب بند ہے، لہٰذا انہیں پتری پل سے چکی ناکہ گووندواڑی بائی پاس، نیوالی اور پالے گاؤں ہو کر بدلاپور کے راستے مرباڈ کا سفر کرنا ہوگا۔