حزب اللہ نے اپنے ایک بیان میں فوج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا، دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرنے پر زور.
لبنان کے صدر جوزف عون۔ تصویر: آئی این این
لبنان کے صدر جوزف عون نے جمعرات کوفوج کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی اسرائیلی دراندازی کا بھرپور جواب دیا جائے۔ یہ ہدایت اس وقت سامنے آئی جب جنوبی لبنان کے ایک سرحدی گاؤں میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک بلدیاتی اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
صدارتی بیان کے مطابق صدر عون نے فوج کے کمانڈر رودولف ہیکل سے ملاقات میں کہا کہ فوج جنوبی لبنان کی آزاد شدہ سرزمین میں کسی بھی اسرائیلی پیش قدمی کو روکنے کے لئے اقدام کرے، تاکہ ملکی سرحدوں اور شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اہلکار کے قتل کو اسرائیلی جارحانہ کارروائیوں کا تسلسل قرار دیا۔
اسی تناظر میں حزب اللہ نے اپنے ایک بیان میں فوج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا مقابلہ کرنے کے لئے فوجی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کیا جائے۔لبنان کی قومی خبررساں ایجنسی کے مطابق جمعرات کی صبح اسرائیلی افواج نے جنوبی قصبے بلیدا میں داخل ہوکر بلدیہ کے ایک ملازم کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کردیا جب وہ بلدیہ کی عمارت میں سو رہا تھا۔اسرائیلی فوج نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کی فورسیز نے رات کے وقت حزب اللہ کی عسکری تنصیبات کو تباہ کرنے کے آپریشن کے دوران فائرنگ کی۔واقعہ کے بعد لبنانی فوج نے علاقے میں گشت بڑھا دیا لیکن مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔قومی ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج رات تقریباً ساڑھے ایک بجے بلیدا کے رہائشی علاقوں میں داخل ہوئی اور صبح چار بجے کے قریب واپس چلی گئی۔دوسری جانب جمعرات کو اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی علاقوں جرمق، الخردلی اور المحمودیہ کے اطراف متعدد فضائی حملے کئے جن کے نتیجے میں کئی مقامات پر آگ لگ گئی۔اسرائیلی فوج گزشتہ سال طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود لبنان میں فضائی اور زمینی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔