Inquilab Logo

شرد پوار سپریم کورٹ سے رجوع، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج، پارٹی کو نیا نام و نشان مل گیا

Updated: February 08, 2024, 9:34 AM IST | Mumbai

الیکشن کمیشن نے’نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ۔شرد چندر پوار ‘ الاٹ کردیا ، ساتھ ہی’برگد ‘کو انتخابی نشان کے طور پر الاٹ کیا

Sharad Pawar addressed a youth conference in Delhi (Photo: PTI)
شرد پوار نے دہلی میں یوتھ کانفرنس سے خطاب کیا۔(تصویر: پی ٹی آئی )

بدھ کو  الیکشن کمیشن نے شرد پوار خیمے کو ان کی پارٹی کا نیا نام ’’ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی۔ شرد چندر پوار‘‘ اور انتخابی علامت ’’برگد کا درخت‘‘ تفویض کردیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے  ۴۱؍ اراکین اسمبلی کے ساتھ پارٹی سے علاحدہ ہونے والے اجیت پوار کےخیمے کو اصل این سی پی  قرار دیا  تھا اور انہیں ہی انتخابی نشان ’’گھڑی ‘ ‘ بھی الاٹ کیا  تھا جبکہ شرد پوار گروپ کو بدھ کی دوپہر۴؍ بجے  تک ان  کے گروپ کیلئے ۳؍ نئے نام اور انتخابی نشان تجویز کرنے کی ہدایت دی تھی۔ شرد پوار کی قیادت والے گروپ نے الیکشن کمیشن کو جو۳؍نام تجویز کئے  تھے  ان میں: ’’نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ۔ شرد چندر پوار‘‘، ’’نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ۔شرد راؤ پوار‘‘ اور ’’نیشنلسٹ کانگریس پارٹی۔ شرد پوار‘‘ یہ نام شامل تھے۔اس خیمے نے اپنے لئے  انتخابی نشان کے طور پر ’’برگد کا درخت‘‘ بھی مانگا تھا۔کمیشن نے شرد پوار کو مطلع کیا  اس نے ’’نیشنلسٹ کانگریس پارٹی۔شرد چندر پوار‘‘ کو   اس گروپ کےنام کے طور پر الاٹ کیا ہے جو کہ جلد ہی  ہونے والے راجیہ سبھا الیکشن کیلئے الاٹ ہوا ہے اور صرف وقتی انتظام ہے۔ کمیشن نے انہیں انتخابی نشان برگد کا درخت بھی الاٹ کردیا ہے ۔
 اسی دوران شرد پوار خیمے کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے اعلان کیا کہ’’  الیکشن کمیشن کے پارٹی اور انتخابی نشان اجیت پوار کو  سونپنے  کےفیصلہ کے خلاف ہم سپریم کورٹ جائیں گے۔ اگر اس ملک میں انصاف زندہ ہے اور جج سچائی کا ساتھ دیتے ہوئے فیصلہ سنائیں گے تو یقینی طو رپر ہمیں پارٹی کا نام اور انتخابی نشان واپس ملے گا۔‘‘ اس سلسلے میں جتیندر اوہاڑ نے بھی کہا کہ ’’ آخر حقیقت سامنے آہی گئی! الیکشن کمیشن نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ این سی پی شرد پوار کی ہے،  اسی لئے ہمیں نام ملا۔ یہ حقیقت ہے کہ شرد پوار ہی پارٹی کے اصل بانی ہیں۔ کچھ جیب کتروں نے گھڑی ضرور چرا لی لیکن بدقسمتی سے کلائی ہمارے ساتھ ہی  ہے۔ جنگ میں کلائی ہمیشہ مفید ہوتی ہے۔ شرد پوار ایک بار پھر مہاراشٹر میں ہماری کلائیوں پر جادو کریں گے۔ اب انہیں ’این سی پی۔ علی بابا اور چالیس چور‘کہنا زیادہ مناسب رہے گا۔ ‘‘
 واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اجیت پوار گروپ کو اصل نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) قرار دینے اور اس کا انتخابی نشان ’گھڑی‘ الاٹ کرنے کے بعد شرد پوار گروپ کو یہ نیا نام ملا ہے۔  بہرحال الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ایک طرف اجیت پوار کے کیمپ میں جشن کا ماحول ہے تو دوسری طرف شرد پوار کا گروپ احتجاج کر رہا ہے۔بدھ کو پونے اور آس پاس کے علاقوں میں شرد پوار کے حامیوں نے سیاہ فیتے باندھ کر الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔  یاد رہے کہ شرد پوار نے۱۹۹۹ء میں این سی پی کی بنیاد رکھی تھی لیکن  گزشتہ سال جولائی میں شرد پوار کے بھتیجے اجیت پوار نے پارٹی کے ۸؍ایم ایل ایز کے ساتھ ایکناتھ شندے کی قیادت والی حکومت میں شمولیت اختیار کرلی تھی

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK