• Fri, 12 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈِنر سیاست:مودی نے این ڈی اے کواور شرد پوار نے انڈیا اتحاد کو عشائیہ دیا

Updated: December 12, 2025, 6:57 AM IST | New Delhi

وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ہونے والی تقریب میں این ڈی اے کے تمام اراکین پارلیمان اور اہم لیڈران کی شرکت شرد پوار کی رہائش گاہ پر راہل گاندھی ، پرینکا گاندھی اور ریونت ریڈی سمیت کئی اہم شخصیات ڈنر میںشریک ہوئیں

Sharad Pawar
شرد پوار

راجدھانی دہلی میں بدھ اور جمعرات کی شام سیاسی حلقوں میں خاص گہما گہمی دیکھنے کو ملی ۔ جمعرات کو این ڈی اے کے اراکین کو وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر عشائیہ کے لئے  بلایا گیا تھا جبکہ اس سے قبل بدھ کی شام انڈیا اتحاد کے بیشتر اراکین کواین سی پی سربراہ شرد پوار کی رہائش گاہ پر ڈنر کی دعوت دی گئی تھی ۔ 
وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ڈِنر 
 وزیر اعظم مودی نے جمعرات کی شام این ڈی اے کے تمام اراکین پارلیمان کو اپنی رہائش گاہ ’’۷؍ لوک کلیان مارگ ‘‘ پر ڈنر کے لئے مدعو کیا۔ اس عشائیے کا اہم مقصد ذرائع کے مطابق بنگال الیکشن کی حکمت عملی پر اتحادیوں کے ساتھ کھلے ماحول میں گفتگو کرنا تھا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم  اپنے اراکین پارلیمان سے حکومت کے تعلق سے ’فیڈ بیک ‘ بھی جاننا چاہتے تھے اس لئے انہوں نے سبھی کو مدعو کرلیا۔ اس تعلق سے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے مواقع کم ہی آتے ہیں جب وزیر اعظم کی جانب سے کوئی پارٹی دی جائے یا عشائیہ دیا جائے۔ ہم اس موقع کا انتظار کررہے تھے تاکہ ایک ساتھ جمع ہوں اور وزیر اعظم کو بہار الیکشن میں فتح کے لئے مبارکباد دے سکیں۔ انوراگ ٹھاکر  نے مزید کہا کہ اب اگلا ڈنر ہم بنگال میں فتح کے بعد کریں گے ۔ 
شرد پوار کی سالگرہ 
   این سی پی سربراہ اور سابق مرکزی وزیر شرد پوار کی دہلی میں واقع سرکاری رہائش گاہ پر ایک خصوصی ڈنر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ یہ تقریب ان کے ۸۵؍ویں یومِ پیدائش سے صرف ایک روز قبل منعقد ہوئی، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے قد آورلیڈروں کے ساتھ اہم صنعتکار بھی شریک ہوئے۔ اس طرح کا اجتماع اس بات کی علامت ہے کہ شرد پوار سیاسی اختلافات کے باوجود ذاتی رشتوں کو برقرار رکھنے میں ہمیشہ نمایاں رہے ہیں۔ڈنر میں سب سے پہلے تو کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی آمد نے توجہ حاصل کی۔ دونوں نے شرد پوار سے ملاقات کر کے ان کے ساتھ دیر تک گفتگو کی۔ اس موقع پر ایک اور غیر معمولی بات یہ دیکھنے میں آئی کہ ملک کے معروف صنعتکار گوتم اڈانی بھی اس نجی دعوت میں شریک تھے۔تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی بھی اس ڈنر میں شامل ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی شرد پوار کے بھتیجے اور مہاراشٹر کے ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار کی شرکت نے تقریب کو مزید معنی خیز بنا دیا۔ اگرچہ سینئر اور جونیئر پوار کے درمیان گزشتہ برسوں میں سیاسی اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے، لیکن اس ڈنر میں اجیت پوار  کی موجودگی نے یہ پیغام دیا کہ ذاتی رشتے سیاسی کشمکش سے بالاتر ہیں۔ ان کے علاوہ انڈیا اتحاد کے بہت سے دیگر لیڈر اور اراکین پارلیمان بھی اس عشائیے میں پہنچے تھے جہاں انہوں نے شرد پوار کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ دیگر لیڈروں سے ملاقات بھی کی اور سیاسی و سماجی امور پر گفتگو بھی کی ۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK