• Sat, 14 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’شرد پوار پارلیمنٹ میں ووٹوں کی ’چوری‘ اور ایس آئی آر کا معاملہ شدت سے اٹھائیں گے‘‘

Updated: November 14, 2026, 2:34 PM IST | Agency | Mumbai

عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان سنجے سنگھ کا این سی پی سربراہ کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اظہارِ خیال۔

Sanjay Singh in conversation with Sharad Pawar during a visit. Photo: INN
عیادت کے دوران سنجے سنگھ شردپوار سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
 عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان سنجے سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی   کے سربراہ شرد پوار پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں   انتخابی بے ضابطگیوں، ووٹوں کی ’چوری‘ اور  ایس آئی آر  کا معاملہ پوری قوت کے ساتھ اٹھائیں گے۔سنجے سنگھ نے ممبئی میں شرد پوار سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اظہارِخیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ممبئی آمد کا بنیادی مقصد سینئر لیڈرشردپوارکی عیادت کرنا اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کرنا تھا۔ تاہم ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
سنجے سنگھ کے مطابق شرد پوار نے پارلیمنٹ کے مجوزہ خصوصی اجلاس اور اس میں زیر بحث آنے والے اہم معاملات کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ اس دوران دہلی میں ووٹر فہرستوں سے  نام حذف کئے جانے اور انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں کے الزامات پر بھی گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ  ایس آئی آر اور ووٹوں کی   ’ چوری‘ جیسے معاملات اس وقت اپوزیشن کیلئے  تشویش کا باعث ہیں۔ انہیں امید ہے کہ شرد پوار پارلیمنٹ میں ان معاملات کو موثر انداز میں پیش کریں گے۔
ملاقات کے دوران مہاراشٹر کی سیاسی صورتِ حال اور حالیہ قانون ساز کونسل انتخابات کے نتائج پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سنجے سنگھ نے ملاقات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے شرد پوار کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی اور امید ظاہر کی کہ وہ جلد دوبارہ پوری سرگرمی کے ساتھ سیاسی میدان میں اپنا رول ادا کریں گے۔
این سی پی کے شرد پوار اور اجیت پوار  کے   انضمام  کے معاملے سے متعلق سوال پر سنجے سنگھ نے واضح کیا کہ ملاقات میں اس موضوع پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جب اس معاملے پر کوئی تبادلۂ خیال ہی نہیں ہوا تو اس پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ تاہم ووٹوں کی  ’ چوری‘ اور ایس آئی آر کے معاملے پر ضرور بات ہوئی۔
مہاراشٹر کی بی جے پی قیادت والی حکومت میں شرد پوار کی شمولیت کے امکان سے متعلق سوال پر سنجے سنگھ نے کہا کہ شرد پوار بی جے پی کے سخت مخالف رہے ہیں، ایسے میں ان کے اس حکومت میں شامل ہونے کا سوال ہی کیوں پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شرد پوار کی سیاسی شناخت بی جے پی کی مخالفت سے وابستہ رہی ہے، اس لئے ان کے حکومت میں شامل ہونے کے امکان کو وہ غیر منطقی سمجھتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK