• Sat, 14 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جواہر لال سے باتیں، جواہر لال کی باتیں!

Updated: November 14, 2026, 3:21 PM IST | Shahid Latif | Mumbai

بعض کتابیں ایک پورے دور کی تفصیل بیان کردیتی ہیں۔ ان میں وہ بھی ہوتی ہیں جن سےمتعلقہ دور کی تفصیل کے علاوہ انسانی رشتوں کی گہرائی و گیرائی اور قربت و حدت کابھی علم ہوتا ہے۔ یہاں ایسی ہی ایک کتاب کا تذکرہ کیا گیا ہے:

Photo: INN
تصویر: آئی این این

خط لکھنا ترک ہوگیا۔ کیسا ثروت مند دَور تھا خط نویسی کا۔ اب تو اس کی یادیں ہی رہ گئی ہیں۔ جو خطوط زمانے کی دست بُرد سے بچ کر کتابی شکل میں محفوظ ہوگئے وہ اُس طویل دور کی حسین یادگار اور قیمتی  اثاثہ ہیں۔ یہ اثاثہ تاریخ بھی ہے اور تاریخ کا بڑا حوالہ بھی۔ ایسی تاریخ جس پر مورخ کےنہیں، مکتوب نگار کے دستخط ہیں۔ 

اپنے وقت کے اہم خطوط کی سیکڑوں کتابیں مختلف زبانوں میں موجود ہیں مگر اس مضمون میں مَیں ذکر کرنے جارہا ہوں ’’کچھ پرانے خطوط‘‘ کا۔ یہ کتاب ۱۹۶۲ء میں مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ، نئی دہلی نے شائع کی تھی۔ کم و بیش سوا چار سو صفحات پر مشتمل اِس کتاب میں اُس دور کی شخصیتوں اور اُن کے باہمی تعلقات، قومی اُمور پر اُن کی فکرمندی، مسائل کی فہم، حل کی تدابیر اور دن رات کی کدوکاوش کا بڑا چشم کشا احاطہ ملتا ہے۔ چونکہ یہ حصہ دوئم ہے اس لئے قیاس ہے کہ حصہ اول بھی اتنا ہی ضخیم ہوگا جس کی تلاش سے ابھی مَیں دستبردار نہیں ہوا ہوں۔ اس میں وہ خطوط بھی ہیں جو نہرو نے لکھے ہیں اور وہ بھی جو نہرو کے نام لکھے گئے ہیں۔ کتاب جواہر لال نے خود مرتب کی ہے البتہ اس کے اُردو ترجمے پر مترجم کا نام (عبدالمجید الحریری، ایم اے ایل ایل بی) درج ہے۔ خطوط انگریزی زبان میں رہے ہونگے یہ مَیں نے فرض کرلیا ہے۔ مَیں نے یہ بھی فرض کرلیا ہے کہ مترجم عبدالحمید صاحب اُن شخصیات سے ذاتی طور پر واقف رہے ہونگے جن کے خطوط کا اُنہوں نے اُردو ترجمہ کیا ہے۔ مَیں نے یہ مفروضہ اس لئے قائم کیا ہے کہ ترجمہ میں مکتوب نگار نے مکتوب الیہ کو کہیں تو ’’تم‘‘ کہہ کر مخاطب کیا ہے اور کہیں ’’آپ‘‘ ۔ مثلاً مہاتما گاندھی، سروجنی نائیڈو اور ولبھ بھائی پٹیل نے نہرو کو ’’تم‘‘ کہہ کر مخاطب کیا۔ اس سے قربت و شفقت جھلکتی ہے۔ شاید یہ شخصیات نہرو کو ’’تم‘‘ کہہ کر ہی مخاطب کرتی رہی ہوں گی۔ سروجنی، نہرو سے دس سال بڑی تھیں، پٹیل چودہ  سال بڑے تھے اور باپو بیس سال بڑے تھے۔ انگریزی میں تم اور آپ دونوں ضمیر مخاطب کیلئے ’’You‘‘ استعمال ہوا ہوگا جیسا کہ ہوتا ہے مگر اُردو میں وہ کہیں ’’تم‘‘ ہوا تو کہیں ’’آپ‘‘۔ یہ مترجم کا کمال ہے۔ زیر بحث خطوط آزادی سے سات تا دس سال قبل لکھے گئے۔

یہ بھی پڑھئے: آزادی کی جنگ کا قبائلی رنگ

ان خطوط کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ انہیں سیاق و سباق سے واقفیت کے بغیر بھی پڑھا اور سمجھا جاسکتا ہے اور لطف ِ مطالعہ حاصل کیا جاسکتا ہے، جیسے ۱۰؍ نومبر ۱۹۳۷ء کے جواہر کے نام باپو کے خط میں ’’احمد آباد کی ہڑتال‘‘ اور ’’شولاپور کے بارے میں اخبارات کے بیانات‘‘ سے واقفیت نہ ہو تب بھی خط کے مفہوم کو سمجھا جاسکتا ہے مگر اس سے زیادہ اہم ہے نہرو کی محبت میں ڈوبا ہوا باپو کا قلم جو ایک ایک لفظ اور ایک ایک سطر کو جاوداں بنادیتا ہے۔ خط کی ابتداء ہی دیکھئے کس طرح کی گئی ہے: ’’میرا خیال ہے کہ مَیں نے تمہاری آنکھوں میں نجی اور ذاتی خط پڑھ لیا جب تم اُس دہشت ناک اتوار اور خاموش دوشنبہ کے دن میرے گرد و پیش چکر کاٹ رہے تھے۔‘‘ 

نہرو، گاندھی جی کے گرد و پیش چکر کیوں کاٹ رہے تھے؟ یقیناً کوئی بات گاندھی جی کے گوش گزار کرنی رہی ہوگی اور اس کا موقع نہ مل رہا ہوگا۔ نہرو کی اُلجھن کو محسوس کرلینا ثابت کرتا ہے کہ نہرو جی اور گاندھی جی میں گہرا رشتہ تھا جس کی حدت خط کے کئی جملوں میں محسوس کی جاسکتی ہے۔ گاندھی جی کو بھرپور احساس اور اندازہ تھا کہ نہرو اُنہیں بے انتہا پیار کرتے ہیں مگر وہ اس محبت کو اُمور ِ جدوجہد آزادی میں حائل نہیںکرتے تھے۔ ۲۵؍ اپریل ۱۹۲۸ء کے خط میںباپو نے لکھا: ’’مَیں جانتا ہوں کہ تم محبت کی خاطر بہت کچھ کرسکتے ہو مگر معاملات ِ حکومت میں جب ذہن و دماغ آمادۂ بغاوت و سرتابی ہو تو محبت کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے جاسکتے۔ تمہاری بغاوت پر میرے دل میں تمہارا احترام عمیق تر ہوجاتا ہے۔‘‘ 

جو تنبیہ کرنی تھی باپو نے وہ تنبیہ بھی کردی اور جہاں ستائش کرنی تھی وہاں ستائش بھی کردی۔ یہ بھی سمجھا دیا کہ مختلف معاملات میں اُس شخص کا، جو جواہر ہے، کیا طرز عمل ہونا چاہئے۔ اس کے برخلاف جب نہرو، گاندھی جی کے نام خط لکھتے ہیں تو ’’میرے پیارے باپو‘‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔ پھر وہ مدعا بیان کرتے ہیں خواہ وہ چند سطری ہو یا کئی صفحات پر پھیلا ہوا۔ مگر اخیر میں باپو کی رہنمائی کے خواستگار بھی ہوتے ہیں۔ ۱۴؍ نومبر۱۹۲۷ء کے خط میں جو ’’قراردادِ میسور‘‘ سے متعلق ہے، نہرو یہ رقم کرتے:

’’مَیں یہ تمام باتیں آپ کو اس لئے لکھ رہا ہوں کہ خود میرے اپنے ذہن میں اپنی پالیسی سے متعلق کوئی شک و شبہ باقی نہ رہ جائے۔ آپ نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کو اور مجھے اُس طرز عمل پر مورد الزام ٹھہرایا ہے جو اختیار کیا گیا۔ مَیں اب تک یہ نہیں سمجھ پایا ہوں کہ مَیں نے کہاں اور کیوں کر غلطی کی اور جب تک مَیں یہ نہ سمجھ لوں، مشکل ہی سے دوسرا طرز عمل اختیار کرسکتا ہوں۔‘‘

یہاں نہرو نے براہ راست درخواست نہیں کہ اس معاملے میں رہنمائی فرمائیے مگر مندرجہ سطور کو پڑھئے تو بین السطور یہ درخواست نظر آ جائیگی۔ جتنا پڑھئے اُتنا رشک آتا ہے کہ وہ کیا دَور رہا ہوگا اور وہ کیسے لوگ رہے ہوں جنہیں آج ہم گاندھی، نہرو، آزاد، پٹیل، سروجنی، سبھاش اور دیگر ناموں سے جانتے ہیں اور اُنہیں دل میں بٹھا رکھا ہے۔ اُن کا قد بہت بڑا تھا۔ اُن کا ظرف بہت عالی تھا۔ اُن کے درمیان محبت گہری اور ان میں احترام ِ باہمی کا جذبہ فراواں تھا۔ یہ لوگ اختلاف بھی کرتے تو اُسے تعلقات کی دراڑ نہیں بننے دیتے تھے۔ مکر و فریب سے کوئی علاقہ نہیں تھا۔ سچے پکے لوگ تھے۔ خطوط میں اعتراض و تنقید ہے مگر تلخی نہیں ہے۔ کسی کی جانب سے کوئی الزام لگا ہے تو اُس کی وجہ جاننے کی کوشش بھی کی گئی اور اپنی جانب سے صراحت بھی پیش کی گئی۔ الزام کے جواب میں الزام نہیں ہے۔ بلا واسطہ تو کیا، بالواسطہ نیچا دکھانے کی کوشش بھی نہیں ہے بلکہ کتاب میں ایک ایسا خط (مورخہ ۳؍ جولائی ۱۹۳۹ء) بھی نظر سے گزرا جس میں پٹیل نے جواہر کو لکھا کہ تم نے باپو کے سامنے غصہ کیوں کیا؟ اسی خط میں پٹیل لکھتے ہیں کہ ’’مَیں نہیں سمجھتا کہ کسی اور سے بھی وہ (باپو) اتنی محبت رکھتے ہیں جتنی محبت وہ تم (نہرو) سے رکھتے ہیں۔‘‘ آج نہرو کو پٹیل کے اور پٹیل کو نہرو کے مقابل کھڑا کرنے والوں کو ان شخصیات کے تعلقات اور محبت کی گہرائی کا علم ہی نہیں ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK