• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اڈانی گروپ کی تمام کمپنیوں کے حصص میں گراوٹ

Updated: August 13, 2024, 11:32 AM IST | Agency | New Delhi

ہنڈن برگ کی رپورٹ کااثر۔ اڈانی انرجی کے حصص میں تقریباً۱۷؍ فیصد کی سب سے زیادہ گراوٹ آئی۔ شام تک صورتحال بہتر ہوئی۔

The Bombay Stock Exchange (BSE) was marginally lower on Monday. Photo: PTI
بامبے اسٹاک ایکسچینج(بی ایس ای) میں پیر کو معمولی گراوٹ رہی۔ تصویر : پی ٹی آئی

ہنڈن برگ ریسرچ کی دوسری رپورٹ کے بعد اڈانی گروپ کے شیئرس پر گہرا اثر پڑا۔ پیرکو اڈانی گروپ کی تمام کمپنیوں کے حصص میں گراوٹ تھی۔ تاہم اسٹاک مارکیٹ ابتدائی ٹریڈنگ میں گرنے کے بعد  شام تک کچھ حدتک سنبھل گیا۔ 
اڈانی گروپ کی کمپنی اڈانی انرجی کے حصص میں تقریباً۱۷؍ فیصد کی سب سے زیادہ گراوٹ آئی۔  ہنڈن برگ نے اپنی دوسری رپورٹ سنیچر کو  جاری کی  تھی، جس میں مارکیٹ ریگولیٹر سیبی کی سربراہ مادھوی پوری بچ اور ان کے شوہر کے خلاف الزامات لگائے گئے ہیں۔
بی ایس ای سینسیکس میں درج اڈانی انرجی  سالیوشنز میں۱۷؍ فیصد کی کمی آئی۔ اس کے بعد اڈانی ٹوٹل گیس ۳۹ء۱۳؍فیصد، این ڈی ٹی وی ۱۱؍  فیصد اور اڈانی پاور۹۴ء۱۰؍ فیصد گر گیا۔ اس کے علاوہ اڈانی گرین انرجی کے حصص ۹۶ء۶؍ فیصد، اڈانی ولمر ۶۹ء۶؍ فیصد، اڈانی انٹرپرائزیز ۴۳ء۵؍ فیصد، اڈانی پورٹس ۹۵ء۴؍ فیصد، امبوجا سیمنٹس۲ء۵۳؍  فیصد اور اے سی سی ۲۴ء۲؍ فیصد گرے۔

یہ بھی پڑھئے:آسام: وزیراعلیٰ نے گوہاٹی سیلاب کیلئے میگھالیہ کی مسلم یونیورسٹی کو ذمہ دار کہا

ہنڈن برگ نے اپنی رپورٹ میں کیا کہا
 امریکی تحقیقی کمپنی ہنڈن برگ نے سنیچر کی  دیر رات جاری کردہ اپنی دوسری رپورٹ میں کہا تھا کہ مارکیٹ ریگولیٹرسیکوریٹیزاینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا(سیبی) کی چیئرپرسن مادھوی پوری بچ اور ان کے شوہر دھول بچ نے برموڈا اور ماریشس میں غیر اعلانیہ سرمایہ کاری کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی فنڈس ہیں جنہیں ونود اڈانی نے مبینہ طور پر رقم کا غبن کرنے اور اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کیلئے استعمال کیا تھا۔ ونود اڈانی اڈانی گروپ کے چیئرپرسن گوتم اڈانی کے بڑے بھائی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:ممبئی یا سورت میں اینٹورپ کی طرح ہیروں کا ایک مرکز ہوسکتا ہے: پیوش گوئل

سرمایہ کاروں کو۴۱؍ہزار کروڑ کا نقصان ہوا
 بی ایس ای پر درج کمپنیوں کی کل مارکیٹ کیپٹلائزیشن پیر کو کوکم ہو کر ۴۴۹ء۸۰؍ لاکھ کروڑ روپے پر آگئی، جو اس کے پچھلے تجارتی دن یعنی جمعہ ۹؍ اگست کو۴۵۰ء۲۱؍ لاکھ کروڑ روپے تھی۔ اس طرح سے بی ایس ای میں درج کمپنیوں کے مارکیٹ کیپ میں پیرکو تقریباً۴۱؍ہزار کروڑ روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ یا دوسرے لفظوں میں سرمایہ کاروں کی دولت میں تقریباً ۴۱؍ہزار کروڑ روپے کی کمی آئی ہے۔ 

اتارچڑھاؤ کے بعد  شیئر بازار معمولی گراوٹ کے ساتھ بند  
امریکی شارٹ سیلر کمپنی ہنڈن برگ ریسرچ کے کیپٹل مارکیٹس کے ریگولیٹر سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) کی چیئرمین مادھبی   بُچ اور ان کے شوہر دھول بُچ اڈانی گروپ کے آف شور فنڈ میں حصص رکھنے کے الزام کے تعلق سے گھمسان سے سہمے سرمایہ کاوں کے احتیاط کی وجہ سے اتار چڑھاؤ سے گزر کر کاروبار کے پہلے دن پیر کو  شیئر بازار گر کر بند ہوا۔بی ایس ای کا۳۰؍ حصص کا حساس انڈیکس سینسیکس۵۶ء۹۹؍ پوائنٹس گر کر۷۹۶۴۸ء۹۲؍ پوائنٹس اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی ۲۰ء۵۰؍ پوائنٹس گر کر۲۴۳۴۷ء۰۰؍  پوائنٹس پر رہا۔ تاہم، بڑی کمپنیوں کے برعکس، بی ایس ای کی درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں میں خریداری ہوئی، جس کی وجہ سے مڈ کیپ ۰ء۰۴؍ فیصد بڑھ کر ۴۷۲۱۰ء۳۷؍ پوائنٹس اور اسمال کیپ۰ء۵۱؍ فیصد بڑھ کر۵۳۸۸۷ء۵۲؍ پوائنٹس ہوگیا۔اس دوران بی ایس ای میں کل ۴۱۸۵؍ کمپنیوں کے حصص میں کاروبار ہوا، جن میں سے۲۱۲۶؍ میں گراوٹ جب کہ۱۹۴۱؍ میں خرایدری ہوئی جب کہ ۱۱۸؍ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اسی طرح نفٹی کی۳۰؍ کمپنیوں میں فروخت،۱۹؍ میں خریداری جبکہ ایک میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK