Inquilab Logo

؍ ۲سابق شوہروں کے ساتھ اپنی سگی بیٹی کے قتل کے مقدمہ کا سامنا کررہی ہے

Updated: May 24, 2022, 12:07 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

:اندرانی مکھرجی ضمانت پر جیل سے رہا ہوکر باہر آگئی ہے اور ان کے کالے بالوں کو دیکھ کر لوگ حیران ہیں کہ جیل میں ان کے بال کالے کیسے ہوگئے؟ اندرانی مکھرجی کا ’کیس‘ (ہندی زبان میں بال کو کیس کہتے ہیں

Andrani Mukherjee has recently been released on bail after almost three years.
اندرانی مکھرجی کو گزشتہ دنوں تقریباً ۷؍سال بعد ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔(پی ٹی آئی)

ندرانی مکھرجی ضمانت پر جیل سے رہا ہوکر باہر آگئی ہے اور ان کے کالے بالوں کو دیکھ کر لوگ حیران ہیں کہ جیل میں ان کے بال کالے کیسے ہوگئے؟ اندرانی مکھرجی کا ’کیس‘ (ہندی زبان میں بال کو کیس کہتے ہیں لیکن یہاں مقدمہ کی بات ہورہی ہے) ایک ایسا معاملہ ہے جو بہت کم لوگوں کو اپنی زندگی میں دیکھنے کا موقع ملتا ہے اور اگر اس کی تفصیل سمجھنا چاہیں تو لکھنے کے لئے یہ جگہ کم پڑ جائے گی اس لئے سیدھے اس معاملے کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔اس کیس کی بنیادی چیز یہ ہے کہ اندرانی پر اپنی سگی بیٹی شینا بورا کو اپنے ۲؍ سابق شوہروں کے ساتھ مل کر قتل کرنے کا الزام ہے۔
 اندرانی بورا کولکاتا کی رہنے والی ہیں اور کالج کے زمانے میں ان کی دوستی سدھارتھ داس سے تھی جن سے اندرانی کو ایک بیٹا میخائیل  اور بیٹی شینا پیدا ہوئے۔ اندرانی کو زندگی میں ترقی کرنی تھی اس لئے اس نے اپنے بچوں کو اپنے والدین کے پاس چھوڑ دیا۔ اندرانی کے کہنے پر اس کے والدین نے اندرانی کے بچوں کو باقاعدہ گود لے لیا تاکہ اسکول میں داخلے کیلئے کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ اس طرح میکھائیل اور شینا کے نانا اور نانی قانونی طور پر ان کے والدین بن گئے۔
 اس کے بعد اندرانی نے کولکاتا میں رہائش پذیر سنجیو کھنہ سے شادی کرلی اور انہیں ایک بیٹی پیدا ہوئی جس کا نام وِدھی ہے۔کچھ عرصہ بعداندرانی نے سنجیو کھنہ سے طلاق لے لیا اور ودھی کو اپنے ساتھ لے کر ممبئی چلی آئی۔ ممبئی میں اندرانی کی جان پہچان پریتم عرف پیٹرمکھرجی سے ہوئی اور پیٹر نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے کر اندرانی سے شادی کرلی۔ پیٹر کو پہلی شادی سے ۲؍ بیٹے، راہل اور رابِن ہیں۔
 چونکہ پیٹر بہت بڑی شخصیت ہیں اس لئے اندرانی سے ان کی شادی کی خبر اور تصویریں اخبارات میں شائع ہوئیں۔ اخبارات میں خبروں سے جب اندرانی کے والدین کو اطلاع ملی کہ ان کی بیٹی کی شادی ممبئی کے بہت امیر شخص سے ہوئی ہے تو انہوں نے اندرانی سے رابطہ قائم کرکے کہا کہ وہ اپنے بچوں (میکھائیل اور شینا) کی پرورش کے اخراجات برداشت کرے کیونکہ وہ بوڑھے ہوچکے ہیں اور ان کے لئے خود کی دیکھ بھال کرنا بھی مشکل ہے۔اندرانی اس پر رضامند ہوگئی اور اپنے بچوں کو اس شرط پر ممبئی لے آئی کہ یہ لوگ اسے اپنی ماں نہیں بلکہ بڑی بہن کہیں گے۔
 اگرچہ اندرانی نے پیٹر کو اپنی بیٹی ودھی کے متعلق بتادیا تھا لیکن شینا اور میکھائیل کو اس نے اپنے بھائی بہن کے طور پر متعارف کرایا۔ پیٹر کی مدد سے اندرانی نے ان کی تعلیم کے انتظامات کر دیئے۔ میکھائیل کو بورڈنگ اسکول میں داخل کروا دیا۔ البتہ ممبئی میں رہائش کے دوران شینا اور پیٹر کے بیٹے راہل کو ایک دوسرے سے محبت ہوگئی۔ اگرچہ پیٹر مکھرجی اور اس کا بیٹا راہل شینا کو اندرانی کی بہن سمجھتے تھے لیکن شینا اور اندرانی دونوں جانتی تھیں کہ راہل سے شینا کا سوتیلے بھائی کا رشتہ ہے اور اندرانی خود  اس رشتہ کے خلاف ہے۔ اندرانی کی مخالفت کی وجہ سے اس کا شوہر پیٹر مکھرجی بھی راہل اور شینا کے رشتے خلاف ہوگئے اسی دوران راہل نے اندرانی کو بہت برا بھلا کہا جس کی وجہ سے پیٹر اور راہل کی بات چیت بند تھی۔
 اس کے باوجود راہل نے اپنی والدہ (جسے پیٹر طلاق دے چکے تھے) کی مدد سے شینا سے منگنی کرلی۔ راہل کی منگنی پر پیٹر نے اس رشتے کو قبول کرلیا اور فون پر ان لوگوں کو مبارکباد بھی دی۔اندرانی نے شینا کو دھمکی بھی دی تھی لیکن شینا نے اندرانی کو دوٹوک جواب دے دیا تھا کہ وہ اسی کی بیٹی ہے اور کسی معاملے میں اس سے کم نہیں اور اپنی ماں کی طرح وہ کسی سے خوف بھی نہیں کھاتی۔
 سی بی آئی کا دعویٰ ہے کہ اندرانی کو خوف تھا کہ اگر شینا اس کی بہو بن گئی تو اس کا شوہر پیٹر اپنی جائیداد راہل اور شینا کے نام کردے گا کیونکہ وہ راہل سے بہت محبت کرتا ہے اور اندرانی کو خوف تھا کہ اس کے ہاتھ بمشکل کچھ آئے گا۔ اس لئے اس نے اسے قتل کرنے کا منصوبہ بنالیا۔
 اندرانی یہ بھی جانتی تھی کہ اس کا سابق شوہر اور ان کی بیٹی ودھی، جسے وہ اپنے ساتھ لے آئی تھی، کا والد سنجیو کھنہ اپنی بیٹی ودھی سے بے انتہا محبت کرتا ہے۔ اس لئے اندرانی نے سنجیو کو یہ کہہ کر اپنے ساتھ شینا کے قتل کر آمادہ کرلیا کہ اگر شینا راستے سے ہٹ گئی تو پیٹر کی جائیداد کا بڑا حصہ ان کی بیٹی ودھی کو ملے گا۔ اندرانی نے اپنے ڈرائیور شیام ور رائے کو یہ کہہ کر قتل کی سازش میں شامل کرلیا کہ وہ اسے مستقل ملازمت دے گی، اس کی تنخواہ میں اضافہ کردے گی اور اس کے بچوں کی اچھے اسکول میں تعلیم کی ذمہ داری لے گی۔
 اس کے بعد اندرانی نے شینا سے کہا کہ وہ اس کی شادی کے لئے راضی ہے اور اسے باندرہ میں بلاکر ایک کرایے میں کار میں شیام ور رائے اور سنجیو کھنہ کے ساتھ مل کر قتل کردیا اور ضلع رائے گڑھ کے پین علاقے کے ایک سنسان علاقے میں اس کی لاش جلاڈالی۔قتل کے بعد اندرانی نے شینا کا فون لے لیا تھا اور اس سے شینا کی حیثیت سے راہل کو میسج کیا تھا کہ وہ اس سے محبت نہیں کرتی اور راہل اسے بھول جائے۔ شینا کے فون سے اچانک اس طرح کا میسج ملنے پر راہل پریشان ہوگیا اور اسے فون کیا لیکن شینا کے فون پر نہ تو اس کا کال ریسیو کیا گیا نہ تو اسے کال کیا گیا ۔ شینا کے قتل کے بعد راہل کی شینا کے فون پر صرف میسج سے بات چیت ہوسکی۔ اس کے علاوہ اندرانی نے شینا کا فرضی ای میل بنواکر ’میٹرو ون پرائیویٹ لمیٹڈ‘ (جہاں شینا ملازمت کرتی تھی)  اس کا استعفیٰ میل کردیا۔ اس کے علاوہ اندرانی وقفہ وقفہ سے اپنے جان پہچان والوں اور رشتہ داروں کو شینا بن کر میل کرتی رہی اور یہ ظاہر کررہی تھی کہ شینا مزید تعلیم حاصل کرنے کے لئے امریکہ چلی گئی ہے تاکہ لوگوں کو یہ معلوم نہ ہوسکے کہ وہ مرچکی ہے۔
 ان تمام باتوں پر راہل کو یقین نہیں تھا کیونکہ شینا کا پاسپورٹ راہل کے پاس تھا اور قتل والے دن اس نے خود شینا کو اپنی کار میں اندرانی کے پاس چھوڑا تھا۔ راہل نے شینا کی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی تھی لیکن اندرانی نے شینا بن کر پیٹر مکھرجی سے بات کی جس سے اسے یقین ہوگیا کہ وہ زندہ ہے اور اس کے کہنے پر پولیس نے شینا کی تلاش بند کردی۔ چونکہ پیٹر کے کہنے پر پولیس نے شینا کی تلاش بند کی تھی اس لئے سی بی آئی نے اسے بھی قتل کی سازش کا حصہ بتا کر گرفتار کرلیا۔ اگرچہ پیٹر قتل کے وقت لندن میں موجود تھا لیکن سی بی آئی نے اسے قتل کی سازش میں شامل بتایا۔ جیل میں ہی رہتے ہوئے اکتوبر ۲۰۱۹ء میں اندرانی اور پیٹر مکرجی نے ایک دوسرے سے طلاق لے لیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK