اشوک کھرات کی ’کریڈٹ سوسائٹی ‘ میںپرتبھا چاکن کر اور ان کے بیٹے کے ۴؍ اکائونٹ ہیں، تمام کھاتہ داروں سے پوچھ تاچھ جاری ہے
EPAPER
Updated: April 11, 2026, 7:51 AM IST | Nashik
اشوک کھرات کی ’کریڈٹ سوسائٹی ‘ میںپرتبھا چاکن کر اور ان کے بیٹے کے ۴؍ اکائونٹ ہیں، تمام کھاتہ داروں سے پوچھ تاچھ جاری ہے
خواتین کے جنسی استحصال کے الزام میں گرفتار خود ساختہ بابا اشوک کھرت کے سب سے قریبی لوگوں میں سے ایک کہلانے والی ریاستی خواتین کمیشن کی سابق چیئرمین روپالی چاکن کر کی بہن پرتبھا چاکن کر کی مشکلیں بڑھ سکتی ہیں کیونکہ شرڈی پولیس نے پر تبھا چاکنکر کو نوٹس جاری کیا ہے۔
یاد رہے کہ اشوک کھرات کے خلاف مجموعی طور پر ۱۹؍ معاملات درج ہیں جن میں سے ایک شرڈی پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا منی لانڈرنگ کا کیس ہے۔اس کیس کی تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ اشوک کھرات کی قائم کردہ ’سمتا کو آپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی‘ میں کئی اکاؤنٹ ہیں، جو مختلف لوگوں کے نام پر کھولے گئے ہیں لیکن ان میں نامزد شخص( نامنی) کے طور پر صرف اشوک کھرات ہی کا نام لکھا ہے۔ ان کھاتوں کے ذریعے کروڑوں روپے کا لین دین ہوا ہے ۔ اس سوسائٹی میں پرتبھاچاکن کر اور ان کے بیٹے کے نام پر بھی چار اکاؤنٹ ہیں۔
ان تمام کھاتہ داروں کے بیانات لینے کا کام جاری ہے۔ اس معاملے میں اب تک ۳۳؍ کھاتہ داروں نے اپنے بیانات درج کروائے ہیں۔ پرتبھا چاکن کو کو بھی اپنا بیان دینے کیلئے شرڈی پولیس اسٹیشن میں حاضر ہونا پڑے گا۔ پولیس نے پرتبھا چاکن کر کے دو پتوں پر ڈاک کے ذریعے نوٹس بھیجا ہے۔ اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وہ اگلے ۵؍ دنوں کے اندر اپنا بیان درج کروانے کیلئے حاضر ہوں۔ یاد رہے کہ اشوک کھرات کے فون ریکارڈ کے مطابق مبینہ طور پر فون کے ذریعے اس کے ساتھ سب زیادہ باتیں کرنے والوں میں روپالی چاکن کر اور پرتبھا چاکن کر دونوں ہی کا نام نمایاں ہے۔ اس لئے یہ پوچھ تاچھ اہم ہوگی۔