سنیچر کی رات ۳ء۸؍ اور اتوار کی صبح ۳ء۳؍شدت کے جھٹکوں سے متعدد مکانات میں دراڑیں پڑگئیں،زلزلے کا مرکز بھانوڑبتایا جارہا ہے۔
EPAPER
Updated: August 10, 2026, 10:40 AM IST | Nashik
سنیچر کی رات ۳ء۸؍ اور اتوار کی صبح ۳ء۳؍شدت کے جھٹکوں سے متعدد مکانات میں دراڑیں پڑگئیں،زلزلے کا مرکز بھانوڑبتایا جارہا ہے۔
ریاست کے ناسک ضلع کے متعدد تعلقوں میں سنیچراور اتوار کے روززلزلے کے جھٹکوں سے سراسیمگی پھیل گئی۔ رپورٹ کے مطابق سنیچر کو رات دس بج کر ایک منٹ پر ۳ء۸؍ شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ یہ اطلاع محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ابتدائی رپورٹ میں دی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق رات تقریباً۱۰؍ بج کر ایک منٹ پر دنڈوری، چاندوڑ، ونی، ابھونا، وڈنیر بھیرَو، نپھاڑ، پیٹھ، چاندوری اور گنگاپور کے علاوہ کارج کھیڑ، پہوچی باڑی اور ویرمل علاقوں میں زلزلے کے تیز جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پیٹھ تعلقہ میں بھی ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
جھٹکوں کے سبب کئی گاؤں کے متعدد مکانات میں دراڑیں آنے کی اطلاعات ہیں۔ جبکہ کچھ مقامات پر دیواریں گری ہیں۔ جھٹکوں کے سبب لوگ گھبراکر گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔ کچھ دیر کے لئے افراتفری کا ماحول تھا۔
ابھی رات۱۰؍بجے آنے والے جھٹکوں سے لوگ سنبھلے ہی تھے کہ اتوار کی صبح ۵؍بج کر ۳۳؍منٹ پر کچھ علاقوں میں پھر ۳ء۳؍شدت کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (این سی ایس )کے مطابق زلزلے کا پہلا جھٹکا سنیچر رات ۱۰؍ بجے کے قریب محسوس کیا گیا جبکہ دوسرا جھٹکا اتوار کی صبح ۵؍بج کر ۳۳؍منٹ پر درج کیا گیا۔ زلزلے کی یہ سرگرمیاں مہاراشٹر گجرات سرحد کے قریب واقع ہٹ گڑھ پہاڑی سلسلے سے متصل بھانوڑ علاقے میں ۵؍کلومیٹر کی گہرائی میں درج کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اب مراٹھا سماج کا آخری اور فیصلہ کن احتجاج ہوگا
انڈیا ٹوڈے نے این سی ایس کے حوالے سے بتایا کہ زلزلے کے جھخت ناسک شہر کے علاوہ سرگانہ، کلون، دیولہ، چاندوڑ، پیٹھ ، دنڈوری اور نپھاڑ میں بھی محسو س کئے گئے۔ انتظامیہ نے کہا کہ مذکورہ بالا شہروں اورگاؤں کے متعدد مکانات میں دراڑیں آئی ہیں۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کے سبب حفظ ماتقدم کے طور پر ناسک ضلع اور اطراف کے سبھی آبی ذخائر کی بھی جانچ کی گئی ہے اور پایا گیا کہ کہیں بھی کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔
حکام نے بتایا کہ زلزلے کے باعث کسی جانی نقصان یا املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ہے۔ دہلی سے نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (این سی ایس) کی ایک ٹیم ناسک پہنچ گئی ہے، جو صورتحال کا جائزہ لینے اور زلزلے کے اثرات کا معائنہ کرے گی۔
افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل
ناسک ضلع کلکٹر آیوش پرساد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گھبرانے کے بجائے محتاط رہیں۔ انہوں نے کہا’’لوگوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی کسی افواہ پر یقین کرنا چاہیے۔ البتہ محتاط رہتے ہوئے حفاظتی تدابیر ضرور اختیار کریں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’خواتین ریزرویشن۲۰۲۹ء سےنافذ ہوسکتا ہے، اسےحدبندی، مردم شماری سے جوڑنا غلط ہے‘‘
اس سے قبل زلزلے کے جھٹکے کب محسوس کئے گئے؟
واضح رہے کہ ناسک میں حالیہ دنوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل۲۵؍ سے۲۸؍ جولائی کے درمیان اور پھر ۶؍اگست۲۰۲۶ء کو بھی ضلع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ انتظامیہ صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر بھروسہ نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔