Inquilab Logo

بی جے پی کے اقتدار میں شہری مسائل حل نہ ہونے پردھولیہ میں شیوسینا کا مظاہرہ

Updated: January 11, 2023, 11:08 AM IST | Dhule

کروڑوں روپے کے فنڈ سے شہر کی کایا پلٹنے کا وعدہ کرنے والی زعفرانی پارٹی کے اقتدار میں شہر کے عوامی مسائل برسوں بعد بھی جوں کے توں ہیں

Shiv Sena leaders and workers during the protest in Dhulia (Photo, inquilab).
دھولیہ میں شیوسینا لیڈران اور کارکنان احتجاج کے دوران ۔(تصویر،انقلاب)

سال ۷۶ میں سے۵۰؍ سے زائد نشستوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے اپنی ہی پیٹھ تھپتھپانے والی بی جےپی کو دھولیہ میونسپل کارپوریشن میں اقتدار سنبھالے۴؍ سال کا  عرصہ گزرگیا ہے۔کروڑوں روپوں کے فنڈ سے شہر کی کایا پلٹنے کا وعدہ کرنے والی  زعفرانی پارٹی کے اقتدار میں شہر کے عوامی مسائل ہنوز جوں کے توں ہے۔برسراقتدار بی جے پی کو اس کی ناکامی کا آئینہ دکھانے کیلئے منگل کو شیوسینا (ادھو گروپ ) نے کارپوریشن کے کیمپس میں زبردست مظاہرہ کیا۔علاوہ ازیں کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر نتن کاپڑنیس کا گھیراؤ کرکے کئی سوالات کئے ۔ 
 شیوسینا کے رکن مہیش مستری نے کہا کہ شہر کے اہم راستے خستہ ہوچکے ہیں ۔ ایک ہی راستے پر کئی بار لیپا پوتی کرکے لاکھوں روپئے کے بل وصول کئے گئے۔کالونی کے علاقوں کے راستوں کا تو بہت برا حال ہے۔مستری نے شکایتوں کا سلسلہ دراز رکھتے ہوئے یہ بھی کہا کہ سووَچھ شہر، سندر شہر کے نام پر ایوارڈ حاصل کرنے والے کارپوریشن کے بیشتر علاقوں میں گندگی کے انبار انتظامیہ کو منہ چڑا رہے ہیں۔سینا کے ایک اور عہدیدار ہلال مالی نے کہا کہ شہر میں لاکھوں روپوں کے ایل ای ڈی لائٹ لگانے کا دعویٰ کرنے والے انتظامیہ کی  شہری مسائل سے عدم توجہی کایہ عالم ہےکہ شہر کے بیشتر علاقوں کے مکین اندھیرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مچھروں کی بہتات ہے۔متاثرہ علاقوں میں دواوں کا چھڑکاؤ نہیں کیا جارہا ہے۔  خسرہ، روبیلا جیسی بیماریوں نے قہر برپا کررکھا ہے لیکن   انتظامیہ ہنوز ہاتھ پر ہاتھ دھرا بیٹھا ہے۔ 
 مظاہرین نے کہا کہ میئر پردیپ کرپے کی میعاد ختم ہو گئی ہے۔بی جے پی کا اب تیسرا اُمیدوار مئیر کی کرسی پر براجمان ہوگا۔۴؍ سال کے عرصے میں بی جے پی کے دو مئیر، چار ڈپٹی مئیر بدلے ہیں لیکن شہر کے مسائل جوں کے توں  ہیں۔شہر کے مسائل کو دو مئیر حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ایک سال کا موقع ملنے والے مئیر سے شہر کے مسائل کے حل کی عوام کیا توقع کریں گے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK