Inquilab Logo

ایس آئی اوساؤتھ مہاراشٹر کی جانب سے ’نبی رحمتؐ مہم‘ کا انعقاد

Updated: June 22, 2022, 3:20 PM IST | Mumbai

مراٹھی پترکارسنگھ میں منعقدہ پریس کانفرنس میںتنظیم کے صدرحلقہ سلمان خان نے کہا : مسلمان محمدؐ کی زندگی سے اپنا رشتہ محض جذبات پر قائم رکھنے کے بجائے اسے شعوری بنیادوں پر استوار کریں۔ اس عظیم شخصیت سے تمام انسانوں کو متعارف کرایا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے

Officials of SIO South Maharashtra in Marathi Patrakar Singh talking about the state-wide campaign..Picture:INN
مراٹھی پترکارسنگھ میں ایس آئی او جنوبی مہاراشٹر کےذمہ داران ریاست گیر مہم کے بارے میں بتاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

 نپورشرما اور نوین جندل  کے ذریعے حضرت محمدؐ کی شان میں گستاخی کے خلاف پوری دنیا کے مسلمانوں نے شدیدغم وغصہ کا اظہار کیا  اور مختلف طرح سے احتجاج کیا  جس کا سلسلہ جاری ہے۔اسی تعلق سے اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) ساؤتھ مہاراشٹر کی جانب سے  ’نبی رحمتؐ  مہم‘ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس تعلق سے مذکورہ طلباء تنظیم نے مراٹھی پترکارسنگھ میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں اس مہم کی غرض و غایت بتائی گئی۔
 پریس کانفرنس میں  سلمان خان (صدر حلقہ ایس آئی او،ساؤتھ مہاراشٹر )نے کہا کہ’’ملک کے مسلمان بھی محمدؐکی زندگی سے اپنا رشتہ محض جذبات پر قائم رکھنے کے بجائے اسے شعوری بنیادوں پر استوار کریں تاکہ ان کی زندگیاں  نبی ؐکی منھ بولتی تصویر بن سکیں۔ اللہ کے رسول  سراپہ رحمت تھے ۔ صرف ۲۳؍سال کی مختصر مدت میں آپ نے اپنی تعلیمات کے نتیجے میں ایسا پیارا سماج بنایا تھا جس کی نظیر پوری انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’اس عظیم شخصیت سے تمام انسانوں کو متعارف کرایا جانا وقت کی ایک اہم ضرورت ہے۔  اس طرح  ملک میں بڑھتے ہوئے فرقہ پرستانہ  ماحول کو کم کرنے میں ضرور مدد ملے گی  ساتھ ہی ملک کے تمام انسان ان کی تعلیمات سے اپنی زندگیوں کو روشن کر سکیں گے۔اسی ضمن میں اسٹوڈنٹس اسلامک  آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) ساؤتھ مہاراشٹر نے’نبی رحمت ‘  عنوان سے ریاستی سطح پر ایک مہم کا انعقاد کیا  ہے جس کا مقصد ملک کے تمام طبقات تک حضرت محمد ؐ  کی سیرت اور پیغام کو پہنچانا ہے۔‘‘
 شیخ سہیل( سیکریٹری ایس آئی او ساؤتھ مہاراشٹر) نے ریاست کے تمام طلبہ اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ  بڑے پیمانے پر اس مہم کا حصہ بنیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ یہ مہم ساؤتھ مہاراشٹر کے۲۰؍ سے زائد اضلاع میں منائی جائے گی جس میں تنظیم کے تقریباً ۱۰۰؍ یونٹس فعال رول ادا کریں گے۔ اس مہم کے دوران  فیلڈ ورکس، کارنر میٹنگ، کالج لیکچرس اور کوئز مقابلوں ، پریس کانفرنس،خطابات عام وغیرہ کا انعقاد کیا جائے گاساتھ ہی سوشل میڈیا پر بھرپور تشہیر کی جائے گا۔
  واضح رہے کہ یہ مہم ۱۹؍ جون سے شروع کی گئی ہے اور ۲۶؍ جون ۲۰۲۲ء تک جاری رہے گی۔ پریس کانفرنس سے  آصف قریشی اوررافد شہاب  نے بھی مخاطب کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK