قلابہ، ممبادیوی اور بائیکلہ کےکچھ ہی اسکولوں میں بی ایل او تعینات کئے گئے ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر کےمطابق بی ایل او کومتعلقہ محکموں سے ریلیز نہ کئے جانے سے دقت ہورہی ہے۔
EPAPER
Updated: April 04, 2026, 10:27 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
قلابہ، ممبادیوی اور بائیکلہ کےکچھ ہی اسکولوں میں بی ایل او تعینات کئے گئے ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر کےمطابق بی ایل او کومتعلقہ محکموں سے ریلیز نہ کئے جانے سے دقت ہورہی ہے۔
ریاست مہاراشٹر میں یکم اپریل سے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر)‘ شروع کر نے کا اعلان کیا گیا تھالیکن عملے کی کمی سے یہ سست روی کا شکار ہے۔ جمعہ ۳؍ اپریل تک جنوبی ممبئی کےقلابہ، ممبادیوی اور بائیکلہ حلقوں کے کچھ ہی اسکولوں میں بی ایل او تعینات ہونے سے رائے دہندگان کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بائیکلہ حلقہ کے الیکشن ریٹرننگ آفیسر کے مطابق جن محکموں سے بی ایل اوز کی آمد متوقع ہے، ان محکموں نے ابھی تک انہیں ریلیز نہیں کیاہے جس کی وجہ سے عملے کی قلت ہے۔ چنددنوں میں مطلوبہ عملے کی فراہمی کاامکان ہے۔
ممبئی سمیت پوری ریاست میں بدھ یکم اپریل سے ایس آئی آر کی کارروائی شروع ہوچکی ہے لیکن اس کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جس طرح کی تیاری ہونی چاہئے، اس میں کمی دکھائی دے ر ہا ہے جس کی وجہ سے مہم سست روی کا شکار ہے جس کی ایک مثال جنوبی ممبئی کاقلابہ، ممبادیوی اور بائیکلہ حلقہ ہے۔ ان حلقوں کے چند ہی اسکولوں میں رائے دہندگان کی میپنگ کیلئے بی ایل اوز تعینات کئے گئے ہیں ۔
بائیکلہ حلقہ کے۴، ۵؍ اسکولوں میں بی ایل اوز تعینات کئے گئے ہیں ۔ بائیکلہ میں ۲۶۵؍ بی ایل اوزکی ضرورت ہے لیکن فی الحال صرف ۳۸؍ بی ایل اوز کا انتظام ہوسکا ہے۔ ان بی ایل اوز کو مدنپورہ کے محمدعمررجب اُردوہائی اسکول، آگری پاڑہ میونسپل مراٹھی اسکول، بائیکلہ میونسپل اسکول اور مجگائوں وغیرہ کے کچھ اسکولوں میں تعینات کیاگیا ہے۔ جن اسکولوں میں بی ایل اوز تعینات ہیں ، وہاں رائے دہندگان بڑی تعداد میں میپنگ کیلئے پہنچ رہے ہیں ۔
یہ بھی پڑھئے: گیس پائپ لائن کیلئے تمام وارڈوں میں کھدائی کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری
محمد عمر رجب اسکول میں تعینات ۷؍ بی ایل اوز کو ۷؍ ووٹرلسٹ دی گئی ہیں جن میں جن عمارتوں اور چالیوں کے نام درج ہیں ، ان ہی کے رائے دہندگان سے مذکورہ اسکول میں میپنگ کیلئے رابطہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ یہ بی ایل اوز ۷؍دنوں تک صبح ۱۰؍ بجے سے شام ۵؍بجے تک دستیاب ہوں گے۔
علاقے کے میونسپل کارپوریٹر وقار خان سے اس بارے میں استفسار کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ’’بائیکلہ حلقہ کیلئے ۲۶۵؍ بی ایل اوز کی ضرورت ہے لیکن جمعرات تک صرف ۳۸؍ بی ایل اوز کا انتظام ہوسکا ہے جنہیں ۴، ۵؍ اسکولوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ میں نے ۷؍بی ایل اوز حاصل کئے ہیں جنہیں بدھ سے ۷؍دنوں کیلئے محمد عمررجب اسکول میں تعینات کیا گیا ہے۔ ان بی ایل اوز کو ۷؍ووٹر لسٹ دی گئی ہیں، ان ہی لسٹ کے رائے دہندگان کی میپنگ کی جا رہی ہے۔ ‘‘ ایک سوا ل کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’’ بی ایل اوز تعینات کئے جانے کے بعد محمد عمررجب روڈ پر میپنگ کیلئے ووٹروں کی قطار لگی ہے۔ ایک دن میں ان ۷ ؍ووٹرلسٹ کے ۱۴؍فیصد ووٹروں کی میپنگ کی گئی ہے۔ ‘‘
محمد علی روڈ کی کارپوریٹر رخسانہ امین پاریکھ کے مطابق ’’ہم نے اپنے آفس میں رائے دہندگان کی میپنگ کی کارروائی شروع کی ہے۔ جو ووٹر آرہےہیں ، ان کے دستاویزات کی جانچ کرکے ان کی میپنگ اپنے طورپر کررہےہیں لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے اب تک ممبادیوی حلقہ میں بی ایل اوزکا انتظام نہیں کیا گیا ہے نہ ہی اسکولوں میں انہیں تعینات کیا گیا۔ اس ضمن میں جمعرات کو ہم نے ممبادیوی حلقہ کے الیکشن آفس، ممبئی سینٹر ل جاکر متعلقہ افسران سے ملاقات بھی کی لیکن انہیں بھی اب تک پوری معلومات نہیں ہے۔ اس لئے ہمارے حلقہ میں فی الحال ایس آئی آر سےمتعلق زیادہ ہلچل نہیں دکھائی دے رہی ہے۔ ‘‘
بائیکلہ حلقہ کے الیکشن ریٹرننگ آفیسر کرشنا جادھو سے استفسار کرنے پر انہوں نے کہا کہ’’الیکشن کمیشن نے ایس آر آئی کیلئے ریاست اور بی ایم سی سے بالترتیب ۳۰؍ اور ۷۰؍فیصد عملہ فراہم کرنے کی درخو است کی ہے لیکن جن محکموں سے انہیں طلب کیاگیا ہے، ان محکموں نے انہیں اب تک ریلیز نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے عملے کی قلت ہو رہی ہے۔ یہ صورتحال پوری ممبئی کی ہے، اس کے باوجود ہمیں اپنی ذمہ داری بہرصورت نبھانی ہے۔ بائیکلہ حلقہ میں ۲۶۵؍ بی ایل اوز کی ضرور ت ہے فی الحال ۳۸؍ بی ایل اوز کا انتظام ہوا ہے۔ اُمید ہےپیر سے ہم مزید بی ایل اوز فراہم کریں گے۔ ‘‘