• Fri, 23 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’ریل جن سنواد‘ کے ذریعے مسافروں کے مشورے اور تجاویز پر عمل درآمد کی کوشش

Updated: October 23, 2026, 3:27 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے کے ۱۰۰؍ سے زائد اسٹیشنوں پریہ مہم شروع کی گئی۔ مسافروں نے سی ایس ایم ٹی میں ’جن سنواد‘ کے دوران ۷؍اہم مسائل پرتوجہ دلائی۔

Western Railway officials speaking with passengers. Photo: INN
ویسٹرن ریلوے کے افسران مسافروں سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

’ریل جن سنواد ‘کے ذریعے مسافروں کے مشورے اور تجاویز پر عمل درآمد کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس تعلق سے ویسٹرن اور سینٹرل ریلوے کے ۱۰۰؍ سے زائد اسٹیشنوں پر جمعرات ۲۲؍ اکتوبر سے یہ مہم شروع کی گئی ہے۔ مسافروں کی رائے اور ان کےمشوروں کی روشنی میں ریلوے میں سفر کی سہولیات پر توجہ مرکوز کرنے اوراس کے ذریعے مسافروں سے رابطہ استوار کرنے کابھی دعویٰ کیا جارہا ہے۔ 

ریلوے افسران نے کیا کہا؟

ویسٹرن ریلوے میں ممبئی سینٹرل ریلوے اسٹیشن پر جنرل منیجر راماشرے پانڈےنے مسافروں سے خطاب کیا اوران سے بات چیت بھی کی ۔ اس موقع پریہ بتایا گیا کہ اس پہل کے ذریعے شہریوں کی شمولیت کو مضبوط بنانے، عوامی سہولیات کو بڑھانے اور ریلوے نیٹ ورک میں پائیدار صفائی کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنا اس مہم کا بنیادی مقصدہے۔ممبئی ڈویژن کے ۱۰۰؍ سے زائد ریلوے اسٹیشنوں پرمجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد مسافروں نے اس میں حصہ لیااور براہ راست رائے، تجاویز ، مشورے اور شکایات کیں۔

یہ بھی پڑھئے:نیتن یاہو کی مودی کو اسرائیل کے یومِ آزادی میں شرکت اور مشعل روشن کرنے کی دعوت

ویسٹرن ریلوے کے جنرل منیجر راماشرے پانڈے نے مسافروں کے مسائل حل کرنے کیلئے ان  پر فوری کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مسافروں سے بھی اپیل کی کہ وہ کوڑے دان اور بوتل کریشر کا استعمال کرتے ہوئے اسٹیشنوں کو صاف رکھیں جبکہ وقت کی بچت کیلئے ٹکٹنگ کیلئے ’ریل ون‘ ایپ اورکیو آر کوڈز کا استعمال کریں۔ جنرل منیجرنے میل اورایکسپریس ٹرین کے مسافروں سے بھی بات چیت کی اور ان کی رائے لی۔

ریل جن سنواد کےتحت سینٹرل ریلوے کے جنرل منیجرراجیو سری واستو نے عوامی شکایات سننے اور بہتر سہولتوں کے تئیںمشورے اورتجاویز کے تعلق سے لوک شکایت شعبے کی سیکریٹری نویدیتا شکلا ورما اور ایڈیشنل سیکریٹری پُنیت یادو کے ساتھ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی ) پرمنعقدہ ’جن سنواد‘ میں مسافروں سےبات چیت کی ۔

مسافروں نےکن مسائل کی جانب توجہ دلائی ؟

سی ایس ایم ٹی پر’ریل جن سمواد‘ مہم کے آغاز پر مسافروں کی جانب سے ۷؍مسائل پر توجہ دلائی گئی : (۱)خاص طور پر ٹرینیں تاخیر سے آنا (۲) لوکل ٹرینوں میںبے تحاشہ بھیڑ بھاڑ (۳) خواتین، بزرگ اوربچوں کو سفر کے دوران ہونے والی دقتیں (۴) معذوروں کے ڈبے میں عام مسافروں کا سوار ہونا (۵) پھیری والوں کے مسائل (۶) اسٹیشنوں پرٹھنڈے پانی کی فراہمی کا مسئلہ اور قلت (۷) اورطویل مسافتی ٹرینوں کے لئے ریزرو ٹکٹوں کی عدم دستیابی پر خاص طورپرتوجہ مبذول کرائی گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK