Inquilab Logo

مہاراشٹر میں جلدتمام سرکاری کام’ ای آفس‘ کے ذریعے ہونگے

Updated: January 25, 2023, 12:07 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

دوروزہ علاقائی ای گورننس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ شندے کا اعلان ، ای گورننس کےذریعے ہی مختلف اسامیوں پر ۷۵؍ہزار ملازمین کی بھرتی عمل میں لائی جائیگی

Chief Minister Shinde and others at the Regional Conference on e-Governance
دوروزہ ای گورننس کی علاقائی کانفرنس میںوزیر اعلیٰ شندے اور دیگر

حکومت شہریوں کو فوری خدمات فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے اور اس کے لئے ای گورننس کو ضلع اور تعلقہ کی سطح تک مؤثر طریقے سے نافذ کیا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گڈ گورننس کا بنیادی مقصد عام لوگوں کو زیادہ تیز اور شفاف طریقے سے خدمات فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں ای گورننس کارآمد ثابت ہوگی۔گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ممبئی میں مرکزی حکومت کے انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے محکمے( ڈی اے آر پی جی)کے ذریعہ مہاراشٹر حکومت کے تعاون سے منعقدہ دو روزہ ’ ای -گورننس‘ کی علاقائی کانفرنس(۲۳؍ اور ۲۴؍ جنوری ۲۰۲۳ء)کا افتتاح کیا۔ اسی موقع پر انہوںنے عزم کیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے مہاراشٹر میں جلد صد فیصد کام ای۔ آفس کے ذریعے کیا جائے گا۔
 اس موقع پر مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری (ڈی اے آر پی جی)امر ناتھ، سیکریٹری وی سری نیواس، ریاست کے چیف سیکریٹری منو کمار سریواستو، جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی ایڈیشنل چیف سیکریٹری سجاتا سونک، محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پرنسپل سیکریٹری پراگ جین اور دیگر موجود تھے۔
 اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کانفرنس کا خیر مقدم کیا۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ عوام کو اچھی خدمات اور سہولیات آسانی سے فراہم کرنا حکومت کا اہم فریضہ ہے۔ اسی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ملک بھر میں عوام کو شفاف اور متحرک سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایک نظام ترتیب دیا جا رہا ہے اور ’ای گورننس ‘کے تصور کی بنیاد پر ملک کے عوام کو تمام بنیادی سہولیات بغیر کسی پریشانی کے حاصل ہوں گی۔  
 وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے ریاستوں کےمابین بہترین خیالات کا تبادلہ کیا جائے گا، یہ کہتے ہوئے کہ جن ریاستوں  اور سسٹم نے ای-گورننس کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا ہے، انہیں اعزازات سے نوازا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں ای گورننس کو بڑے پیمانے پر نافذ کیا جا رہا ہے اور مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے منعقد ہونے والی دو روزہ کانفرنس اس نظام کو اپ ڈیٹ کرنے اور اختراعی خیالات کے تبادلے کے لئے ایک خوش آئند اقدام ہے۔ اس کانفرنس کے ذریعے ملک بھر میں ای گورننس کے تحت ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات دستیاب ہوں گی۔
 وزیر اعلیٰ نے کہا ’’حکومت کی جانب سے ای گورننس  کے تحت عام آدمی کو ذہن میں رکھتے ہوئے  جامع اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف سرگرمیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ حکومت کی ترجیح زیادہ شفاف کام کرنا ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا ’’کسانوں کے معاوضے کے۲۵۰۰؍ کروڑ روپے کسانوں کے بینک اکاؤنٹ میں ایک دن میں اور ایک کلک کے ساتھ براہ راست جمع کرائے گئے۔‘‘
ای گورننس کے تحت کیا کیا ہوگا
 وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ’’  وظائف  (اسکالر شپ)براہ راست طلبہ کے بینک کھاتے میں جمع کرائے جائیں گے،  ای گورننس کےذریعے ہی مختلف اسامیوں کیلئے ۷۵؍ہزار ملازمین کی بھرتی   شفاف طریقے سے عمل میں لائی جائیگی۔اس کے علاوہ فصلوں کو ہونے والے نقصان کا  ڈرون کیمرے کے ذریعے سروے کیا جائے گا۔ لوگوں کی شکایات کیلئے  علیحدہ ڈیش بورڈ بنایا جائے گا۔ریاست کے شہری اپنے موبائل فون پر اپنی شکایات کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے۔ عوامی نمائندے اور انتظامیہ ’گورننس ‘ کے دو پہیے ہیں اور ان کے تعاون اور ہم آہنگی سے ریاست کامیابی سے آگے بڑھے گی۔ ‘‘وزیر اعظم کی قیادت میں ای گورننس کو پورے ملک میں بڑے پیمانے پر نافذ کیا جا رہا ہے اور وزیر اعظم نے ’’زیادہ سے زیادہ حکمرانی، کم سے کم حکومت‘‘ کا منتر دیا ہے۔ وزیراعظم کی قیادت میں ملک کو عالمی سطح پر نمایاں شرکت مل رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK