سوویت یونین کی دوسری جنگ عظیم کی فتح کی سالگرہ کے موقع پر جمعہ کو ریڈ اسکوائر میں منعقدہ وکٹوری ڈے پریڈ سے صدر پوتن کا خطاب۔
EPAPER
Updated: May 10, 2026, 11:19 AM IST | Moscow
سوویت یونین کی دوسری جنگ عظیم کی فتح کی سالگرہ کے موقع پر جمعہ کو ریڈ اسکوائر میں منعقدہ وکٹوری ڈے پریڈ سے صدر پوتن کا خطاب۔
صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روسی فوجی ایک جارح قوت کا مقابلہ کر رہے ہیں جسے پورے نیٹو نے ہتھیار بند اور تعاون فراہم کیا ہوا ہے۔جمعہ کو ریڈ اسکوائر میں سوویت یونین کی دوسری جنگ عظیم کی فتح کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ وکٹوری ڈے پریڈ میں خطاب کرتے ہوئے پوتن نے کہا ’’فاتحین کی نسل اُن فوجیوں کیلئے مشعل راہ ہے جو آج خصوصی فوجی آپریشن کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’جدید جنگ کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے روسی سائنسداں اور انجینئر جدید ہتھیار تیار کر رہے ہیں اور بڑے پیمانے پر پیداوار بڑھا رہے ہیں۔‘‘دوسری جنگ عظیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے پوتن نے زور دیا کہ سوویت عوام نے نازی ازم کی شکست میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور اپنے ملک کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو نجات دلائی ۔ پریڈ میں چند غیر ملکی لیڈروں نے شرکت کی جن میں بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو، قزاقستان کے صدر قاسم ، ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف، لاؤ کے صدر تھونگلون سیسولیتھ اور ملائشیا کے شاہ سلطان ابراہیم اسکندر شامل تھے۔پریڈ میں روس کے’خصوصی فوجی آپریشن‘ میں شامل عملے، اعلیٰ فوجی تعلیمی اداروں کے کیڈیٹس اور روسی مسلح افواج کی مختلف شاخوں کے اراکین نے حصہ لیا نیز شمالی کوریا کی فوج کے اہلکار بھی شریک تھے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کا روس اور یوکرین کے درمیان تین روزہ جنگ بندی کا اعلان
ریاستی خبر رساں ایجنسی طاس نے رپورٹ کیا ہے کہ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے سنیچر کوکہا کہ ماسکو میں وکٹوری ڈے کی تقریبات میں خلل ڈالنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی ۔پیسکوف نے کہا کہ یوکرین کے ساتھ جنگ بندی کو۱۱؍ مئی کے بعد بڑھانے کا معاملہ ابھی زیرِ بحث نہیں آیا۔پوتن اور ٹرمپ کے درمیان رابطوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے پیسکوف نے کہا کہ فی الحال کوئی نئی گفتگو طے شدہ نہیں ہے۔