Inquilab Logo

ممبئی جامع مسجد میںخواتین کیلئے نمازکی ادائیگی کا خصوصی نظم

Updated: April 10, 2022, 6:13 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

صدر دروازے سے دائیںجانب مسجد کے احاطے میںیہ نظم کیا گیا ہے۔ یہاں بیک وقت ڈھائی سوخواتین نماز اداکرسکیںگی۔ وضو خانہ وغیرہ بھی اندرہی بنایا گیا ہے

Prayers have been arranged for women in the Jamia Masjid. Approximately 3 women can offer prayers in it.
جامع مسجد میں خواتین کےلئے نماز کا نظم کیا گیا ہے ۔اس میں تقریباً ۲۵۰؍خواتین نماز ادا کرسکتی ہیں۔

ممبئی کی تاریخی جامع مسجد میں خواتین کے نماز کی ادائیگی کے لئے خصوصی نظم کیا گیا ہے ۔ یہ نظم صد ر دروازے سے دائیںجانب مسجد کے احاطے میںکیا گیا ہے۔ اس کے اندر ہی وضوخانہ اوراستنجاخانہ وغیرہ بھی تعمیر کیا گیا ہے تاکہ خواتین کووضو یا کسی دوسری ضرورت کے لئےمسجد کے دوسرے حصے میںجانے کی ضرورت نہ پڑے ۔ 
 یوں تو پہلے بھی جامع مسجد میں خواتین کیلئے نماز کی ادائیگی کا نظم تھا لیکن اب اسے باضابطہ اورباقاعدہ بنادیا گیا ہے اوربہت خوبصورت تعمیر کیا گیا ہے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ عبادت کر سکیں۔ دوسرے یہ نظم کچھ اس اندازمیںکیا گیا ہے کہ جو خواتین امام کی اقتداء کرنا چاہیں وہ یہاں نمازادا کرتے ہوئے کرسکتی ہیں۔ بقیہ جواپنےطور پرادا کرنا چاہیں وہ اپنے طور پرکرلیں۔ 
  جامع مسجد ٹرسٹ کے چیئرمین شعیب خطیب سے نمائندۂ انقلاب کے استفسارپر اعتراف کیا کہ ’’ یو ںتوخواتین پہلے بھی ایک حصے میںنمازادا کرلیتی تھیں لیکن باضابطہ نظم نہیںتھا اورنہ ہی اس کیلئے کوئی اہتمام کیا گیا تھا۔حالانکہ اس علاقے میں رمضان المبارک اور دیگر مہینوں میںبڑی تعداد میںخواتین خریداری کی غرض سے آتی ہیں۔اس لئے یہ ضرورت محسوس کی گئی کہ باضابطہ کوئی نظم کیا جانا چاہئے۔اسی کے پیش نظرڈیڑھ ماہ قبل تعمیراتی اور دیگر کام شروع کروایا گیا اوراب الحمدللہ مکمل ہو گیا ہے۔محض قالین بچھانا اور مائیک وغیرہ لگانا باقی ہے  اورایک دو دن کے اندر وہ بھی پورا ہوجائے گا پھرخواتین اس حصے میںنماز کااہتمام کرسکیں گی۔‘‘
 شعیب خطیب سےیہ پوچھنے پرکہ اس پرکتنا صرفہ آیا تو انہوںنےبتایاکہ ’’اس کا اظہار مناسب نہیں معلوم ہوتا ہے، کچھ مخیرین کی جانب سے خصوصی تعاون کرتے ہوئےپہل کی گئی ۔ خدا کاشکر ہے کہ اس طرح ایک بڑا کام ہوگیا ۔ اس انتظام سے جامع مسجد آکرنمازادا کرنےوالی خواتین کےلئے مسئلہ مستقل طور پرحل ہوگیا ہے۔خواتین کے لئے کئے گئے اس خصوصی نظم میںبیک وقت ۲۰۰؍سے ۲۵۰؍عورتیں نمازادا کرسکتی ہیں۔ اسی کے اندر وضوخانہ اوراستنجاخانہ وغیرہ بھی بنایاگیا ہے۔‘‘
 جامع مسجد ٹرسٹ کے چیئرمین نے یہ بھی بتایاکہ’’ رمضان المبارک میںتوبڑی تعدادمیںخواتین یہاں خریداری کی غرض  سے آتی ہیںلیکن دیگر مہینوںمیںبھی ان کی خاصی تعداد موجود رہتی ہے اوران کے لئے نماز اداکرنے کا مسئلہ رہتا تھا ۔اس کے علاوہ رمضان المبارک میںتراویح میںبھی کچھ خواتین شرکت کی متمنی ہوتی ہیں،وہ بھی یہاں تراویح پڑھ سکیںگی۔پیر کے دن سے باقاعدہ اس کاآغازکردیا جائے گا ۔‘‘شعیب خطیب کے مطابق’’جہاں تک نگرانی اورحفاظتی نقطۂ  نظر سےتوجہ دینے کی بات ہے توپہلے سے ہی نظام قائم ہے، اس کے مطابق نگرانی رکھی جائے گی۔ٹرسٹ کی جانب سے کوشش کی گئی ہےکہ خواتین اس خصوصی انتظام سے خاطر خواہ انداز میںفائدہ اٹھائیں ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK