دبئی میں مقیم ۲؍ ہند نژاد دوستوں ریحان اور محمد شبیب نے ۲؍ دن میں (۱۸؍ستمبر اور ۱۹؍ ستمبر ۲۰۲۶ء) میں ساڑھے پانچ لاکھ درہم (تقریباً ایک کروڑ ۴۴؍ لاکھ روپے) سے زائد کے آئی فون ۱۸؍ پرو اور آئی فون ۱۸؍ پرو میکس خریدے۔
EPAPER
Updated: September 19, 2026, 6:02 PM IST | Dubai
دبئی میں مقیم ۲؍ ہند نژاد دوستوں ریحان اور محمد شبیب نے ۲؍ دن میں (۱۸؍ستمبر اور ۱۹؍ ستمبر ۲۰۲۶ء) میں ساڑھے پانچ لاکھ درہم (تقریباً ایک کروڑ ۴۴؍ لاکھ روپے) سے زائد کے آئی فون ۱۸؍ پرو اور آئی فون ۱۸؍ پرو میکس خریدے۔
نئے آئی فون ۱۸؍ پرو اور آئی فون ۱۸؍ پرو میکس کی لانچ کے ساتھ دبئی میں اسمارٹ فون کے شوق نے ایسا زور پکڑا کہ ۲؍ ہندوستانی نژاد دوستوں نے دبئی مال کی پارکنگ میں رات اپنی گاڑی میں گزار دی۔ دبئی میں مقیم ریحان اور محمد شبیب نے ۲؍ دن (۱۸؍ اور ۱۹؍ ستمبر ۲۰۲۶ء) کے دوران مختلف ماڈلز کے ۷۶؍ آئی فون خریدے جن پر ان کا مجموعی خرچ ساڑھے پانچ لاکھ درہم سے زیادہ رہا، جو تقریباً ایک کروڑ ۴۴؍ لاکھ روپے ہے۔ دونوں دوستوں نے بتایا کہ وہ دبئی مال کے قریب ہی رہتے ہیں، لیکن انہیں خدشہ تھا کہ اگر رات گھر پر سو گئے تو مقررہ وقت پر فون لینے سے محروم ہوسکتے ہیں۔ ریحان نے بتایا، ’’ہم قریب ہی رہتے ہیں، لیکن ہمیں ڈر تھا کہ کہیں صبح آنکھ نہیں کھلی تو؟ اس لیے ہم نے رات گاڑی میں ہی گزاری اور صبح ۶؍ بجے اسٹور پہنچ گئے۔‘‘
OMG 😨
— Rahman (@Rahmanabdul001) September 18, 2026
Dubai Residents two people spent the night in the Dubai Mall parking to ensure they reached on time to pick some of the 36 iPhone 18 series for today
They said spent around Dh 400,000for the iPhones #Iphone #Apple @tim_cook @johnternus pic.twitter.com/VTWBQ10JdV
۱۸؍ ستمبر کو دبئی مال کے ایپل اسٹور پر پہنچنے کے بعد دونوں نے پہلے ۱۴؍ آئی فون حاصل کیے، پھر مال آف دی ایمریٹس کا رخ کیا جہاں سے مزید ۲۲؍ فون لیے۔ ان کے مطابق مزید ۴۰؍ فون بھی بک کیے گئے، جو آج ۱۹؍ ستمبر کو وصول کئے گئے۔ یوں ۲؍ دن میں ان کے آرڈرز کی مجموعی تعداد ۷۶؍ تک پہنچ گئی۔ محمد شبیب نے بتایا کہ وہ گزشتہ ۱۴؍ برس سے آئی فون خریدنے اور دوبارہ فروخت کرنے کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ ان کے مطابق ان کے بہت سے آرڈر دوستوں کے علاوہ ہندوستان میں موجود صارفین سے بھی آتے ہیں۔ ابتدائی گفتگو میں انہوں نے کہا تھا، ’’ہمارے پاس بہت سے دوستوں اور ہندوستان کے لوگوں کے آرڈر ہیں۔ آج ہم نے ۳۶؍ فون بک کیے ہیں، جن میں سے ۱۴؍ یہاں سے لیے ہیں۔ باقی مال آف دی ایمریٹس سے لیں گے۔ کل مزید ۴۰؍ فون بک ہیں۔‘‘
لانچ کے چند ہی گھنٹوں میں دونوں نے کچھ فون منافع پر فروخت بھی کردیے۔ محمد شبیب کے مطابق پہلے ہی گھنٹے میں بعض خریدار قیمت سے ۲؍ ہزار درہم تک زیادہ دینے کو تیار تھے، جبکہ زیادہ تر فون ۵۰۰؍ سے ایک ہزار درہم کی اضافی قیمت پر فروخت ہوئے۔ ان کے مطابق خریدار نئے فون کو لانچ کے دن ہی حاصل کرنا چاہتے تھے اور اس کے لیے اضافی رقم دینے پر بھی آمادہ تھے۔ دبئی میں آئی فون ۱۸؍ پرو اور پرو میکس کی مانگ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ بعض دیگر خریداروں نے بھی ایک سے زیادہ فون حاصل کیے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق ایک اور دوبارہ فروخت کرنے والے شخص حمید رضا نے دبئی مال سے ۷؍ فون لیے اور پھر مال آف دی ایمریٹس سے مزید ۲۰؍ فون حاصل کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت بعض ملکوں میں طلب زیادہ ہے، اس لیے وہ فون دوبارہ فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دبئی میں آئی فون ۱۸؍ پرو کی قیمت ۵۰۹۹؍ درہم جبکہ آئی فون ۱۸؍ پرو میکس کی ابتدائی قیمت ۵۴۹۹؍ درہم ہے۔ تاہم لانچ کے فوراً بعد دوبارہ فروخت ہونے والے بعض ماڈلز میں نمایاں اضافی قیمت دیکھی گئی۔ ایک دکاندار کے مطابق خاص طور پر ایک ٹی بی اور ۲؍ ٹی بی اسٹوریج والے پرو میکس ماڈلز کی مانگ زیادہ رہی اور بعض فون تقریباً ۱۵۰۰؍ درہم اضافی قیمت پر فروخت ہوئے۔ دبئی مال میں آئی فون ۱۸؍ پرو اور پرو میکس کی فروخت ۱۸؍ ستمبر کو شروع ہوئی اور بڑی تعداد میں خریدار صبح سویرے پہنچ گئے۔ ایپل اسٹور نے معمول سے تقریباً ۲؍ گھنٹے پہلے دروازے کھولے، جبکہ سیکڑوں افراد قطار میں موجود تھے۔