• Sun, 27 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مسلسل سیکھتے ہوئے اداکاری کو بہتر بنانا ہی میرا ہدف ہے‘‘

Updated: September 27, 2026, 2:40 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

ٹی وی اور فلم اداکارشرے پاریک کا کہنا ہےکہ مجھے کتابیں بالخصوص ناول اور ڈراما پڑھنے کا بہت شوق ہے اور باقاعدگی کے ساتھ موسیقی کی مشق بھی کرتا ہوں۔

TV and film actor Sshrey Pareek. Photo: INN
ٹی وی اور فلم اداکارشرے پاریک۔ تصویر: آئی این این

شرے پاریک ٹیلی ویژن اور فلم اداکار اور ماڈل ہیں، جنہوں نے ہندی تفریحی صنعت میں مختلف ٹی وی شوز اور اشتہارات کے ذریعے اپنی شناخت بنائی ہے۔ اب وہ ٹی وی سے آگے بڑھ کرفلم میں نظر آنے والے ہیں۔ ان کی فلم ’اوئے چِل مار‘ اس ہفتے ریلیز ہوچکی ہے۔ شرے پاریک نے ٹیلی ویژن پر اپنے کریئر کا آغاز’سُروین گگل : ٹاپر آف دی ایئر ‘ سے کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ایک منفی کردار ادا کیا۔ یہ کردار ان کے ابتدائی کریئر میں خاص طور پر نمایاں رہا اور انہیں ٹیلی ویژن ناظرین میں شناخت ملی۔ شرے پاریک نے مقبول ٹی وی سیریل ’یہ رشتہ کیا کہلاتاہے ‘ میں کبیر کا کردار ادا کیا۔ ان کے نمایاں ٹی وی پروجیکٹس میں ’قربان ہوا‘ بھی شامل ہے۔ شرے کوٹیلی ویژن پر بار بار منفی کرداروں کی پیشکش ہو رہی تھی اور انہیں خدشہ تھا کہ وہ ایک مخصوص قسم کے کرداروں تک محدود ہو رہے ہیں، اسلئے انہوں نے اس رحجان کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے ہاٹ اسٹار کیلئے ایک ویب سیریز میں بھی کام کیا ہے۔ نمائندہ انقلاب نے شرے پاریک سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
اس وقت آپ کہاں مصروف ہیں اور کس پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں ؟ کچھ اس کے بارے میں بتائیں ؟
ج: اس وقت میں اپنے اپنے ایک فلم کے ایک پروجیکٹ میں مصروف ہوں، جو ۲۵؍ ستمبر۲۰۲۶ء کو ریلیز ہونے جا رہا ہے۔ ہم سب اس کی تشہیری سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ پچھلے کئی دنوں سے ممبئی میں فلم کے حوالے سے مختلف پروگرامز اور پروموشنل سرگرمیاں جاری ہیں۔ 
آپ اپنی فلم کے بارے میں کچھ بتانا پسند کریں گے؟
ج: ہماری فلم مکمل طور پر تفریحی اور جذبات سے بھرپور ہے۔ اس کی کہانی بنیادی طور پر دوستی کے گرد گھومتی ہے۔ میں فلم میں ایک ایسے لڑکے کا کردار ادا کر رہا ہوں جس کا نام پریم ہے۔ اس کی زندگی میں اس کی والدہ کے ساتھ پیش آنے والے کچھ واقعات کا گہرا اثر ہوتا ہے اور وہ صدمہ ہمیشہ اس کے ساتھ رہتا ہے۔ فلم میں پریم کے دوست اس کا ساتھ دیتے ہیں اور اس کی مدد کرتے ہیں۔ دراصل پوری فلم کی بنیاد ہی دوستی پر ہے۔ اس کے ساتھ فلم میں ایک سوشل میسج بھی دیا گیا ہے کہ ہمیں سوشل میڈیا کو کس طرح ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنا چاہیے۔ یہ ایک مکمل انٹرٹینمنٹ فلم ہے، جس میں میوزک، ایکشن، جذبات اور کامیڈی سب کچھ دیکھنے کو ملے گا۔

یہ بھی پڑھئے: عامر خان پہلی بار سپر ہیرو کے کردار میں نظر آسکتے ہیں، بات چیت جاری

اپنے کردار کی تیاری کے بارے میں بھی کچھ بتائیں ؟
ج: پریم کی شخصیت کے دو مختلف پہلو ہیں۔ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ بالکل مختلف انداز میں رہتا ہے جبکہ خاندان کے ساتھ اس کا رویہ مختلف ہے۔ اس کے کردار میں غصے کے مسائل اور ماضی کا صدمہ بھی شامل ہے۔ اس کردار کی تیاری کیلئے میں نے کچھ وقت لیا۔ میں نے یہ سمجھنے کی کوشش کی کہ زندگی میں پیش آنے والے مسائل انسان کی شخصیت پر کس طرح اثر ڈالتے ہیں۔ میں نے کردار میں غصے اور جذباتی مسائل کو شامل کیا، لیکن کوشش کی کہ انہیں زیادہ نمایاں یا مصنوعی انداز میں پیش نہ کیا جائے۔ 
یہ آپ کی پہلی فلم ہے اور آپ پہلی بار بڑے پردے پر نظر آنے والے ہیں۔ اس وقت آپ کے ذہن میں کیا چل رہا ہے اور آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں ؟
ج: میں بہت زیادہ تجسس محسوس کررہا ہوں۔ یہ میری پہلی فلم ہے، اسلئے ظاہر ہے کہ بہت جوش ہے۔ میں اپنی طرف سے پوری کوشش کر رہا ہوں کہ میرا کام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچے اور ناظرین اسے دیکھیں۔ ٹی وی پر لوگوں نے مجھے پہلے ہی بہت دیکھا ہے، لیکن فلم کے ذریعے میں نے خود کو ایک مختلف انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس وقت میں بہت خوش اور پُرجوش ہوں کہ مجھے اتنا اچھا موقع ملا۔ ٹی وی نے مجھے بہت کام دیا ہے اور بہت کچھ سکھایا بھی ہے۔ مجھے ٹی وی کی وجہ سے خود کو بطور اداکار ثابت کرنے کے بہت مواقع ملے۔ میں نے ٹی وی چھوڑا نہیں ہے اور مستقبل میں بھی اگر کوئی اچھا کردار ملتا ہے تو میں ضرور کام کرنا چاہوں گا۔ 
ٹی وی اور فلم میں کیا فرق محسوس کرتے ہیں ؟
ج:میرے لیے ٹی وی اور فلم میں بہت بڑا فرق نہیں ہے، البتہ دونوں کااظہار اور نقطۂ نظر کچھ مختلف ہے۔ فلم میں بعض اوقات ایک سین کو زیادہ وقت دے کر اس کی باریکیوں پر کام کرنے اور اسے بہتر انداز میں پیش کرنے کا موقع ملتا ہے۔ ایک اور چیز جو میرے لیے بہت خاص رہی، وہ یہ ہے کہ میں ایک پروفیشنل ڈانسررہا ہوں مگر ٹی وی میں مجھے کئی سال تک ڈانس کرنے کا موقع نہیں ملا، لیکن اس فلم میں تقریباً دس سال بعد مجھے دوبارہ ڈانس کرنے کا موقع ملا۔ فلم میں اچھے گانے ہیں اور مجھے ایک جذباتی کردار ادا کرنے کا موقع بھی ملا، جو میرے لیے ایک مختلف تجربہ تھا۔ ٹی وی میں ہم اکثر ایک ہی دن میں بہت سے سین شوٹ کرتے ہیں، جبکہ فلم میں ایک سین پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے اور اسے باریکی سے تیار کیا جاتا ہے۔ یہ تجربہ میرے لیے بہت مختلف اور دلچسپ رہا۔ 
ٹیلی ویژن اور فلم میں کام کرنے کے بعد کیا آگے ویب سیریز میں بھی کام کرنے کا ارادہ ہے؟
ج: جی بالکل، ویب سیریز بھی میراہدف ہے۔ میں اس سے پہلے ہاٹ اسٹار کیلئے ایک ویب سیریز کر چکا ہوں لیکن اب بھی میری خواہش ہے کہ مجھے کسی اچھے پلیٹ فارم پر ایک مضبوط اور مختلف کردار کرنے کا موقع ملے۔ 
کیا کوئی خاص کردار ہے جو آپ مستقبل میں ادا کرنا چاہتے ہیں ؟
ج: میرے ذہن میں بہت سے کردار ہیں اور میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میں نے حال ہی میں وکرانت میسی کی ’مسافر کیفے‘ دیکھی۔ اس میں ان کا کردار مجھے بہت پسند آیا۔ مجھے لگتا ہے کہ ایک بہت سادہ کردار کو بھی اتنی سادگی اور حقیقت کے ساتھ پیش کرنا آسان نہیں ہوتا۔ اس طرح کے کردار میں اداکار کو بہت فطری انداز میں پرفارم کرنا پڑتا ہے، جو اپنے آپ میں مشکل ہے۔ اگر مجھے مستقبل میں اس طرح کا کوئی کردار ملتا ہے تو مجھے اسے ادا کرنے میں بہت مزہ آئے گا۔ 
 آپ نے ٹی وی پر کافی کام کیا ہے اور اب فلموں میں بھی آ رہے ہیں۔ ایک اچھا اداکار اپنی صلاحیتوں کو مسلسل اپ ڈیٹ کرتا رہتا ہے۔ آپ اپنی اداکاری کی صلاحیتوں کو کس طرح بہتر بناتے ہیں ؟
ج:میں کافی پڑھتا ہوں۔ مجھے کتابیں اور ناول پڑھنے کا بہت شوق ہے اور میں ڈرامے بھی پڑھتا ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ موسیقی کی بھی باقاعدگی سے مشق کرتا ہوں۔ میں اپنےکرافٹ پر مسلسل کام کرتا رہتا ہوں۔ جب میں ٹی وی پر کام کر رہا تھا تو روزانہ اداکاری کی پریکٹس ہوتی رہتی تھی، اس لیے اداکاری ہمیشہ میرے معمول کا حصہ رہی ہے۔ اس کے علاوہ میں مختلف زبانوں کی فلمیں بھی دیکھتا ہوں، کیونکہ دوسری انڈسٹریز کا کام ہمیں بہت کچھ سکھاتا ہے۔ 
آپ نے ملیالم فلموں کے بارے میں بھی بات کی۔ ان کے کام کے بارے میں کیا کہنا چاہیں گے؟
ج: ملیالم انڈسٹری میں بہت اچھا کام ہو رہا ہے۔ وہاں کے لوگ جس طرح کی فلمیں بنا رہے ہیں، انہیں دیکھ کر بہت مزہ آتا ہے۔ ان کی کہانیوں، اداکاری اور فلم سازی سے مجھے بہت تحریک اور حوصلہ ملتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ مختلف زبانوں اور انڈسٹریز کا سنیما دیکھنے سے ایک اداکار کو اپنے کام کے بارے میں نیا نقطۂ نظر حاصل ہوتا ہے۔ 
آخر میں، آپ کی اگلی منصوبہ بندی کیا ہے؟ انڈسٹری میں مزید کیا کرنا چاہتے ہیں ؟
ج: فی الحال میری پوری توجہ فلموں پر ہے۔ میری خواہش ہے کہ مجھے مختلف اور چیلنجنگ کردار ادا کرنے کے زیادہ مواقع ملیں۔ میں بحیثیت اداکار مسلسل سیکھنا اور خود کو بہتر بنانا چاہتا ہوں اور، ایسے میں آنے والے وقت میں اچھے کرداروں کے ذریعے ناظرین تک پہنچنا چاہوں گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK