• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اوپن اے آئی، انتھروپک اور دیگر اے آئی کمپنیوں پر مقدمہ، اپنی ٹیکنالوجی کنٹرول نہ کر پانے کا الزام

Updated: November 13, 2026, 9:51 PM IST | San Francisco

الائنس فار سیکیور اے آئی کے سی ای او برینڈن اسٹین ہاؤزر نے ٹیک کمپنیوں کے سربراہان پر الزام لگایا کہ انہوں نے ممکنہ تباہ کن نتائج کا اعتراف کرنے کے باوجود مزید طاقتور اے آئی سسٹمز بنانا جاری رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیاں حفاظت یا قابلِ بھروسہ کنٹرول کی ضمانت دیے بغیر ان کی تیاری اور تجارتی استعمال کو تیز کر رہی ہیں۔ انہوں نے اے آئی سسٹمز کو اپنی ہی تحقیق اور ترقی (R&D) کیلئے استعمال کئے جانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

Picture: X
تصویر: ایکس

غیرمنافع بخش تنظیموں کے ایک اتحاد نے جمعرات کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے میدان کی پانچ بڑی کمپنیوں کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ اس مقدمے میں جدید اے آئی ماڈلز کی تیاری کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی انسانیت کیلئے شدید خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔ یہ مقدمہ سان فرانسسکو سپیریئر کورٹ میں ”الائنس فار سیکیور اے آئی“ (Alliance for Secure AI) نے ”ارریپلیسیبل ایجوکیشن فنڈ“ (Irreplaceable Education Fund)، ”پبلک سٹیزن“ (Public Citizen) اور ”ہیٹ انیشی ایٹو“ (Heat Initiative) کے ساتھ مل کر دائر کیا ہے۔ اس میں انتھروپک، گوگل، میٹا، اوپن اے آئی اور اسپیس ایکس سپر انٹیلی جنس (SpaceXSI) کو فریق بنایا گیا ہے۔ کسی بھی کمپنی نے فوری طور پر اس پر تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھئے: انسٹاگرام عمر چھپانے والے کم عمر صارفین کی مصنوعی ذہانت کے ذریعےشناخت کرے گا

اے آئی کمپنیوں پر بنیادی الزامات

الائنس فار سیکیور اے آئی کے سی ای او برینڈن اسٹین ہاؤزر نے ٹیک کمپنیوں کے سربراہان پر الزام لگایا کہ انہوں نے ممکنہ تباہ کن نتائج کا اعتراف کرنے کے باوجود مزید طاقتور اے آئی سسٹمز بنانا جاری رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیاں حفاظت یا قابلِ بھروسہ کنٹرول کی ضمانت دیے بغیر ان کی تیاری اور تجارتی استعمال کو تیز کر رہی ہیں۔ انہوں نے اے آئی سسٹمز کو اپنی ہی تحقیق اور ترقی (R&D) کیلئے استعمال کئے جانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھئے: ایلون مسک کا دعویٰ، مصنوعی ذہانت سے ہر شخص اپنا محل بنا سکے گا

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ خطرات اس وقت مزید بڑھ سکتے ہیں جب ڈویلپرز محدود انسانی نگرانی کے ساتھ اے آئی کی اگلی نسلوں کو ڈیزائن اور بہتر بنانے کیلئے اے آئی ماڈلز کا ہی استعمال کریں گے۔ مدعیان کا کہنا ہے کہ یہ عمل، جسے ”ریکرسیو سیلف امپروومنٹ“ (خود کار طریقے سے اپنی بہتری) کہا جاتا ہے، جدید اے آئی کو کنٹرول کرنا مزید مشکل بنا سکتا ہے۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ”مدعا علیہم جانتے ہیں کہ یہ سسٹمز ہمیشہ ان کے ارادوں کے مطابق کام نہیں کرتے۔“ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ”ان کے اے آئی سسٹمز کو کنٹرول کرنے اور انہیں نقصان پہنچانے سے روکنے کا کوئی قابلِ بھروسہ طریقہ موجود نہیں ہے۔“ یہ مقدمہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کئی ایسے مبینہ واقعات، جن میں خود مختار اے آئی ایجنٹس نے غیر مجاز اقدامات کئے، کی اطلاعات کے بعد اے آئی کی حفاظت کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: مصنوعی ذہانت کی ترقی سست ، عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اربوں ڈالر کا نقصان کا خدشہ

ٹیک لیڈران کے اپنے انتباہات

غیر منافع بخش تنظیموں نے اے آئی لیڈران کے سابقہ بیانات کا حوالہ بھی دیا۔ ۲۰۱۵ء میں،" اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹ مین نے خبردار کیا تھا کہ اے آئی انسانیت کا خاتمہ کر سکتی ہے۔ ۲۰۲۵ء میں انتھروپک کے سی ای او ڈاریو اموڈی نے اندازہ لگایا تھا کہ اس بات کا ۲۵ فیصد امکان ہے کہ اے آئی کی ترقی تباہ کن نتائج کا باعث بنے گی۔ اکتوبر میں، آلٹمین، اموڈی اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نے اے آئی کی ترقی میں مربوط سست روی (وقفے) کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔ یہ بیان انتھروپک کے ایک محقق کے انتباہ کے بعد سامنے آیا تھا، جس نے اے آئی سے انسانی نسل کے خاتمے کے ۱۰ فیصد خطرے کا اندازہ لگایا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK