Inquilab Logo

ریاستی وزیر انل پرب پر بھی ای ڈی کا شکنجہ ، شیوسینا برہم

Updated: May 27, 2022, 8:28 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

بیک وقت ۷؍ مقامات پر چھاپوں کو ’انتقامی سیاست‘ قراردیا، متنبہ کیا کہ اس سے بی جے پی کے خلاف لڑائی کا عزم اور مستحکم ہوگا، اجیت پوار نے بھی مرکزی ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بنایا

Security personnel can be seen outside during the raid on the tune. (Photo: PTI)
ا نل پرب کے ہاں چھاپے کے دوران سیکوریٹی اہلکاروں کو باہر تعینات دیکھا جاسکتاہے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

جمعرات کو ممبئی  ، پونے اور رتنا گیری میں ریاستی وزیر اور شیوسینا لیڈر انل پرب   کے ۷؍ ٹھکانوں پر ای ڈی کے اچانک اور بیک وقت چھاپوں نے  مہاراشٹر کی سیاست میں ایک بار پھر ہلچل مچادی۔  شیوسینا نے مرکزی تفتیشی ایجنسی کی اس کارروائی کو انتقامی سیاست سے تعبیر کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ   اس سے  بی جےپی کے خلاف جدوجہد کے  اس کے عزم کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔ ریاست کے  نائب وزیراعلیٰ اور این سی پی لیڈر اجیت پوار نے بھی ای ڈی کی کارروائی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی ایجنسیوں کو شفافیت کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ 
 مہاراشٹر سرکار کے تیسرے وزیر  پر شکنجہ
 یاد رہے کہ سابق ریاستی وزیر داخلہ انل دیشمکھ کے خلاف بد عنوانی معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ( ای ڈی ) نے منی لانڈرنگ کے تحت درج کردہ کیس  میں معطل  پولیس  افسر سچن وازے  کے ساتھ ہی  انل پرب  سے بھی پوچھ تاچھ کی تھی۔ ا نل پرب مہاراشٹر وکاس اگھاڑی کے تیسرے وزیر ہیں جنہیں مرکزی ایجنسیوں    نے  نشانہ بنایا  ہے۔  اس سے قبل انل دیشمکھ اور نواب ملک  مودی سرکار کےکنٹرول والی تفتیشی ایجنسیوں کے نشانے پر آچکے ہیں۔  ای ڈی نے  منی لانڈرنگ  کے الزام  کے  تحت  انل پرب کے خلاف کیس   درج کرتے ہوئے ممبئی ، رتنا گیری اور پونے میں  ۷؍ مقامات پر سینٹرل ریزرو پولیس فورس  کے ہمراہ چھاپہ مارا۔ سرچ آپریشن کا یہ سلسلہ خبر لکھے جانے تک جاری ہے۔
باندرہ اور جنوبی ممبئی میں چھاپے
 ایجنسی نے باندرہ میں واقع ریاستی  وزیر ٹرانسپورٹ انل پرب کی  رہائش گاہ  کے ساتھ ہی ساتھ  جنوبی ممبئی میں واقع ان کے سرکاری بنگلے اجنکیاترا پر بھی چھاپے مار کارروائی کی ۔اس کے علاوہ  رتنا گیری ، چینچواڑ اور دھاپولی میں بھی  سرچ آپریشن کیا گیا ۔ممبئی کے علاوہ جن دیگر مقامات پر چھاپے مارے گئے ان میں دھاپولی تعلقہ کے مروڈ ساحل پر واقع سائی ریسٹورنٹ شامل ہے  جو انل پرب کی ملکیت ہے ۔جس وقت سینٹرل ریزرو پولیس  فورس کے ہمراہ  ای ڈی نے یہاں چھاپہ مارا    اس وقت ریسٹورنٹ بند تھا۔ بی جےپی لیڈر کریٹ سومیا نے  مذکورہ بالا ریسٹورنٹ کی تعمیر میں سی آر زیڈ قوانین کی خلاف ورزی اورغیر قانونی طریقہ سے ریسٹورنٹ کی تعمیر کا الزام لگاتے ہوئے حال ہی میں ریاستی وزیر کے خلاف محکمہ ماحولیات میں بھی  شکایت درج کرائی ہے ۔ 
 شیوسینا برہم، بی جےپی کو انتباہ
  مہاوکاس اگھاڑی حکومت  نے مرکزی ایجنسی کی کارروائیوں کو انتقامی سیاست سے تعبیر کیا ہے۔  شیوسینا کے ترجمان سنجے راؤت نے بی جےپی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اس سے بی جےپی کا مقابلہ کرنے کا ہمارا عزم مزید پختہ ہوگا۔‘‘ انہوں  نے اعلان کیا کہ ریاستی حکومت پوری مضبوطی کے ساتھ انل پرب کے ساتھ کھڑی ہے۔  سنجے راؤت کے مطابق’’اس طرح کی کارروائیاں  سیاسی انتقام کیلئے کی جارہی ہیں۔ آپ( بی جے پی)  کے پاس مرکزی ایجنسیاں ہیں،  اگر کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ اس طرح کی حرکتوں سے ان کے سیاسی مخالفین بربادہو جائیں گے یاوہ سمجھتے ہیں  کہ اس سے شیوسینا  یا مہاوکاس اگھاڑی سرکار دباؤ میں آجائے گی تو وہ غلطی پر ہیں۔ ایسی ہر حرکت سے ہمارا عزم مزید پختہ ہوگا۔‘‘
این سی پی  نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا
  این سی پی جس کے دو وزیر اس سے قبل ای ڈی کے ہتھے چڑھ چکے ہیں، نے بھی جمعرات کی اس کارروائی پر تنقید کی۔ نائب وزیر داخلہ اجیت پوار نے اس ضمن میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’’ان ایجنسیوں کو قانون  نے اختیارات دیئے ہیں جو وہ شکایت ملنے پر استعمال کرسکتی ہیں مگر ہم صرف اتنا چاہتے ہیں کہ ان اختیارات کا غلط استعمال نہ ہو۔ اور شفافیت برتیں۔‘‘  دوسری طرف ای ڈی کے چھاپوں سے بی جےپی  کے حلقوں اور حکومت مخالف عناصر میں  خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔  

-

anil parab Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK