وزارت داخلہ کی جانب سے ۵۴؍ برسوں میں پہلی بار یہ ہدایت دی گئی، تمام ریاستوں کو’’سیکوریٹی کی ماک ڈرل‘‘ اور فضائی حملہ کے سائرن کی جانچ کرلینے کا بھی حکم
EPAPER
Updated: May 05, 2025, 11:24 PM IST | New Delhi
وزارت داخلہ کی جانب سے ۵۴؍ برسوں میں پہلی بار یہ ہدایت دی گئی، تمام ریاستوں کو’’سیکوریٹی کی ماک ڈرل‘‘ اور فضائی حملہ کے سائرن کی جانچ کرلینے کا بھی حکم
پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد سےہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کے بیچ پیر کو مرکزی وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں کو ایڈوائزری جاری کرکے ایک طرح سے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ مرکز نے ریاستوں کو منگل (۷؍ مئی ) کو سیکوریٹی کی ماک ڈرل کی ہدایت دی ہے جس میں حملہ کی صورت میں شہریوں کے تحفظ کے انتظامات، فضائی حملہ کی صورت میں سائرن بجنے کے نظم اور بلیک آؤٹ کی مشق شامل ہے۔
ماک ڈرل میں ۵؍ باتوں پر زور
ذرائع کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے کئی ریاستوں کو ’ماک ڈرل‘ کی ہدایت اس لئے دی ہے کہ کسی ہنگامی صورت میں عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ریاستیں۷؍ مئی۲۰۲۵ء کو شہری سیکوریٹی کیلئے ماک ڈرل کریں۔ اس ماک ڈرل کے دوران پانچ خاص باتوں پر زور دیا جائے گا۔ان میں ہوائی حملہ سے متعلق الرٹ کے وقت سائرن بجانا،حملوں کے وقت شہری، طلبہ وغیرہ کو اپنی کی حفاظت کی ٹریننگ دینا، حملے کے وقت بلیک آؤٹ کرنا، اہم پلانٹس/ تنصیبات کو حملے کے وقت چھپانا، لوگوں سے جگہ خالی کرانا یا انہیں نکالنے کا نظم کرنے کی مشق کرنا شامل ہے اس طرح کا تجربہ۱۹۷۱ء میں کیا گیا تھا، جب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ ہوئی تھی۔ پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک بار پھر جنگ جیسے حالات پیدا ہو رہے ہیں اس پس منظر میں یہ ہدایت اہم ہے۔
وزیراعظم کی میٹنگیں
ادھر پیر کی شام وزیراعظم نریندر مودی نے قومی سلامتی کےمشیر اجیب ڈو بھال اور دفاعی سیکریٹری راجیش کمار سنگھ سے الگ الگ میٹنگیں کیں ۔ فی الحال ان کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ تاہم گزشتہ چند دنوں سے پاکستان کے خلاف ممکنہ کاروائی کے سلسلے میں وزیراعظم مودی کے ساتھ اہم میٹنگوںکا سلسلہ جاری ہے۔ ۲۲؍ اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے ہولناک دہشت گردانہ حملے، جس میں۲۶؍ افراد جاں بحق ہوئے، اس کے بعد سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم اب تک فوج کی تینوں اکائیوں کے سربراہوں سے ملاقات ملک کی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرچکے ہیں۔