• Thu, 25 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی میں انتخابی تشہیر پر سخت نگرانی، میڈیا مانیٹرنگ کمیٹی متحرک

Updated: December 25, 2025, 3:52 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

الیکٹرانک اشتہارات کیلئے پیشگی منظوری لازمی، کمیٹی نے واضح کیا کہ اشتہارات کے مواد کا باریکی سے جائزہ لیا جائے گاتاکہ متنازع موادکی تشہیر روکی جا سکے۔

Bhiwandi Municipal Commissioner Anmol Sagar. Picture: INN
بھیونڈی میونسپل کمشنر انمول ساگر۔ تصویر: آئی این این

میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات کے دوران انتخابی تشہیر کو ضابطہ ٔ اخلاق کے دائرے میں رکھنے کیلئے میڈیا مانیٹرنگ کے نظام کو پوری طرح فعال کر دیا گیا ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق الیکٹرانک اور ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ پر نشر یا شائع کیے جانے والے ہر انتخابی اشتہار کیلئے پیشگی منظوری (پری سرٹیفیکیشن) حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ انتخابی عمل شفاف، غیر جانبدار اور پُرامن انداز میں انجام پا سکے۔ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے۹؍ اکتوبر۲۰۲۵ء کو جاری کردہ’ انتخابی مقاصد کیلئے میڈیا نگرانی اور اشتہارات کی منظوری سے متعلق حکم۲۰۲۵ء‘ کے تحت بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کی سطح پر میڈیا سرٹیفیکیشن و مانیٹرنگ کمیٹی (ایم سی ایم سی ) قائم کی گئی ہے ۔ اس کمیٹی کی صدارت انتخابی افسر و میونسپل کمشنر انمول ساگر کر رہے ہیں۔ میڈیا مانیٹرنگ کمیٹی انتخابات کے دوران دوردرشن، سیٹیلائٹ اور کیبل چینلز، یوٹیوب چینلز، آکاشوانی، نجی ایف ایم ریڈیو، سنیما گھروں، عوامی مقامات پر آڈیو ویژول ڈسپلے، ای اخبارات، بلک اور وائس ایس ایم ایس، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ویب سائٹس سمیت تمام الیکٹرانک ذرائع پر نشر ہونے والے انتخابی مواد کی مسلسل نگرانی کرے گی۔ کسی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار کو ان ذرائع کے ذریعے اشتہار نشر یا شائع کرنے سے قبل کمیٹی سے تحریری پیشگی منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا ۔ کمیٹی  نے واضح کیا ہے کہ اشتہارات کے مواد کا باریکی سے جائزہ لیا جائے گا، تاکہ مذہب، ذات، نسل، جنس یا زبان کی بنیاد پر نفرت یا اشتعال، عبادت گاہوں کی تصاویر، تشدد یا بدامنی کو ہوا دینے والے مناظر، جھوٹے الزامات، کردار کشی، عدالتی یا ادارہ جاتی بدنامی، ملک کی سالمیت و خودمختاری کے منافی مواد اور اخلاقی اقدار کی خلاف ورزی جیسے عناصر کسی بھی صورت میں تشہیر کا حصہ نہ بن سکیں۔پیشگی منظوری کیلئے اشتہار کی مجوزہ نشریات یا اشاعت کی تاریخ سے کم از کم پانچ  دن قبل فارم۴؍کے مطابق درخواست جمع کرانا لازم ہے۔ درخواست فارم کارپوریشن کے مرکزی دفتر، کمرہ نمبر۲۱۱؍ (دوسری منزل) میں واقع میڈیا مانیٹرنگ سیل میں دستیاب ہے۔یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ انتخابی اشتہارات پر ہونے والے اخراجات متعلقہ سیاسی جماعت یا امیدوار کے انتخابی اخراجات میں شامل ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK