• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل نیلامی میں اسٹوکس شامل ہوں گے، ۱۲۲۰؍ کھلاڑیوں نے رجسٹرکروایا

Updated: November 25, 2026, 4:03 PM IST | Mumbai

آئی پی ایل ۲۰۲۵ء کی بڑی نیلامی میں اپنا نام نہ دینے کا فیصلہ کرنے کے دو سال بعد انگلینڈ کے سابق کپتان بین اسٹوکس نے آئی پی ایل ۲۰۲۷ء کی نیلامی کے لیے اپنا نام درج کرایا ہے۔ منگل کے روز آئی پی ایل کی جانب سے فرنچائزیز کے ساتھ شیئر کی گئی کھلاڑیوں کی طویل فہرست کے مطابق اسٹوکس ان ۳۰؍ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

IPL Trophy.Photo:INN
آئی پی ایل ٹرافی۔ تصویر:آئی این این

آئی پی ایل ۲۰۲۵ء کی بڑی نیلامی میں اپنا نام نہ دینے کا فیصلہ کرنے کے دو سال بعد انگلینڈ کے سابق کپتان بین اسٹوکس نے آئی پی ایل ۲۰۲۷ء کی نیلامی کے لیے اپنا نام درج کرایا ہے۔ منگل کے روز آئی پی ایل کی جانب سے فرنچائزیز کے ساتھ شیئر کی گئی کھلاڑیوں کی طویل فہرست کے مطابق اسٹوکس ان ۳۰؍ کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے زیادہ سے زیادہ 2 کروڑ روپے کا بیس پرائس رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:’’ایران کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت نہیں‘‘

 ۲۰۲۵ءکی بڑی نیلامی سے قبل نافذ کیے گئے قوانین کے مطابق، جو کھلاڑی پہلے لیگ میں کھیل چکے تھے لیکن بڑی نیلامی کے لیے اپنا نام درج نہیں کرایا تھا، انہیں اگلی چھوٹی نیلامی میں شامل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔ اس وجہ سے اسٹوکس ۱۶؍دسمبر کو گوا میں ہونے والی  ۲۰۲۷ء کی نیلامی تک اپنا نام درج کرانے کے اہل نہیں تھے۔
اسٹوکس ان نمایاں کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہوں نے انگلینڈ کے لیے اپنے کریئر کو طویل کرنے پر توجہ دینے کے سبب بڑی نیلامی سے دوری بنائی تھی۔ اسٹوکس، جنہوں نے  ۲۰۲۶ءکی گرمیوں کے آغاز میں ریٹائرمنٹ لے لی تھی، نے ۲۰۲۴ءمیں ہونے والے دی ہنڈریڈ کے بعد سے کوئی ٹی ۲۰؍ میچ نہیں کھیلا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں انہیں ہیمسٹرنگ کی چوٹ لگی تھی۔ انہیں ۲۰۲۵ء کے آغاز میں ایم آئی کیپ ٹاؤن کے لیے ایس اے ۲۰؍ میں کھیلنا تھا، لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف انہیں ایک بار پھر ہیمسٹرنگ کی چوٹ لگی اور وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔
اسٹوکس آئی پی ایل میں اب تک تین ٹیموں کے لیے کھیل چکے ہیں۔ آخری بار وہ۲۰۲۳ء میں چنئی سپر کنگز کا حصہ تھے۔ ۲۰۱۷ء میں رائزنگ پونے سپرجائنٹس نے انہیں۵ء۱۴؍کروڑ روپے (اس وقت تقریباً۶ء۲۱؍ لاکھ امریکی ڈالر) میں خریدا تھا۔ اس وقت وہ آئی پی ایل کے سب سے مہنگے غیر ملکی کھلاڑی بنے تھے۔ ۲۰۲۳ء میں سی ایس کے نے انہیں۲۵ء۱۶؍ کروڑ روپے میں خریدا۔ تاہم، گھٹنے کی تکلیف کے باعث وہ صرف دو میچ ہی کھیل سکے۔ ستمبر میں اسٹوکس نے بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق، یہ معاہدہ تقریباً ۵؍ لاکھ آسٹریلیائی ڈالر (قریب  ۶ء۳؍لاکھ امریکی ڈالر) کا تھا۔
ابتدائی طویل فہرست میں ۱۲۲۰؍ کھلاڑی شامل ہیں۔ فرنچائزیز کے یکم دسمبر تک اپنی مختصر فہرست سونپنے کے بعد اس میں چھانٹی ہوگی۔ اس فہرست میں وہ اضافی کھلاڑی بھی شامل ہوں گے جنہیں فرنچائزیز نیلامی کے لیے زیر غور لانا چاہتی ہیں۔ اس کے بعد آئی پی ایل نیلامی سے تقریباً ایک ہفتہ قبل کھلاڑیوں کی حتمی فہرست جاری ہوگی۔ اس طویل فہرست میں ۱۴؍ کیپڈ ہندوستانی کھلاڑی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ آکاش دیپ، جے دیو انادکٹ، دیپک ہڈا، کرون نائر، کلدیپ سین، مینک اگروال، راہل ترپاٹھی، سارانش جین، شیوم ماوی، تشار دیشپانڈے، امیش یادو اور عمران ملک ہیں۔زیادہ سے زیادہ بیس پرائس والے ۳۰؍ کھلاڑیوں کے گروپ میں صرف دو ہندوستانی ہیں۔ یہ تیز گیندبازی جوڑی آویش خان اور دیپک چہر ہیں۔ ان دونوں اور اسٹوکس کے علاوہ اس گروپ میں فضل حق فاروقی، مجیب الرحمان، رحمان اللہ گرباز، ڈیوڈ وارنر، جیک فریزر میک گرک، جھائے رچرڈسن، مائلی بیئرڈمین، اسپینسر جانسن، جونی بیئرسٹو، سیم بلنگز، سونی بیکر، ٹام کرن، ایڈم ملن، بین سیئرز، بیون جیکبز، ڈیرل مشیل، ڈیون کونوے، راچن رویندرا، ٹرینٹ بولٹ، ولیم او رورک، اینرک نورٹجے، جیرالڈ کوٹزی، متھیشا پاتھیرانا، وانندو ہسرنگا، شائی ہوپ اور شمرون ہیٹمائر شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:فواد اور ماہرہ نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز میں مرکزی کردار ادا کریں گے

جن کھلاڑیوں نے اس سے اگلے بیس پرائس سلیب یعنی ۵ء۱؍ کروڑ روپے میں اپنا نام درج کرایا ہے، ان میں اللہ غضنفر، ڈینیل سیمز، رائلی میریڈتھ، ڈیوڈ ویزے، راسی وین ڈر ڈوسن، جیڈن سیلز اور کیمو پال شامل ہیں۔ ہندوستان کے سابق تیز گیندباز ایشانت شرما، جو گزشتہ کچھ برسوں سے گجرات ٹائٹنز کا حصہ تھے، ان کیپڈ ہندوستانی کھلاڑیوں کے گروپ میں شامل ہیں جنہوں نے ان کیپڈ زمرے میں اپنا نام درج کرایا ہے۔ ایسا اس لیے ہے کیونکہ انہوں نے کم از کم پانچ سال سے بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔ ایشانت نے ہندوستان کے لیے آخری میچ نومبر  ۲۰۲۱ء میں کھیلا تھا۔ ان کے علاوہ اس گروپ میں سندیپ واریئر، چیتن ساکریا، نودیپ سینی، نتیش رانا (سبھی نے جولائی ۲۰۲۱ء میں آخری بار ہندوستان کے لیے کھیلا)، مینک مارکنڈے (فروری ۲۰۱۹ء) اور مندیپ سنگھ (جون ۲۰۱۶ء) شامل ہیں۔
مجموعی طور پر فل ممبر ممالک کے ۱۸۴؍کیپڈ کھلاڑیوں کے علاوہ سات ایسوسی ایٹ ممالک کے ۴۲؍ کھلاڑی اس فہرست میں ہیں۔ ان میں جاپان کی جوڑی بینجمن ایٹو ڈیوس اور چارلی ہارا ہنزے بھی شامل ہے۔ اس طویل فہرست میں بنگلہ دیش کے ۱۱؍ کھلاڑی ہیں۔ ان میں حسن محمود، پرویز حسین ایمون، رپن منڈل، رشاد حسین، سیف حسن، شیخ مہدی حسن، شمیم حسین، شرف الاسلام، تنظیم حسن ثاقب، تسکین احمد اور توحید ہردوئے شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کا فہرست میں ہونا اس لیے دلچسپ ہے کیونکہ فرنچائزیز کو اب تک یہ اطلاع نہیں ملی ہے کہ بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل ۲۰۲۷ء میں کھیلنے کی اجازت ملے گی یا نہیں۔ اس سے قبل بی سی سی آئی نے ۲۰۲۶ءسیزن سے پہلے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو مستفیض الرحمان کو اپنی ٹیم سے ریلیز کرنے کی ہدایت دی تھی۔ بی سی سی آئی سکریٹری دیوجیت سائکیا نے مستفیض کو ریلیز کرنے کی درست وجہ نہیں بتائی تھی۔ انہوں نے صرف اتنا کہا تھا کہ یہ فیصلہ ’’حالیہ واقعات‘‘ کے سبب لیا گیا۔ ممکن ہے کہ ان کا اشارہ حالیہ برسوں میں ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جغرافیائی و سیاسی حالات کی جانب تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK