گادی آئزن کوٹ نےکارگزاروزیراعظم نیتن یاہو سے اختلاف کیا، کہا کہ میں ایران کو اسرائیل کیلئے براہ راست اور فوری نوعیت کا خطرہ نہیں مانتا۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 1:02 PM IST | Agency | Tel Aviv
گادی آئزن کوٹ نےکارگزاروزیراعظم نیتن یاہو سے اختلاف کیا، کہا کہ میں ایران کو اسرائیل کیلئے براہ راست اور فوری نوعیت کا خطرہ نہیں مانتا۔
اسرائیل کے ممکنہ وزیرا عظم گادی آئزنکوٹ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف فوری طور پر حملہ کرنے کی کوئی وجہ موجود نہیں ہے۔ آئزن کوٹ اسرائیلی فوج کے سربراہ رہ چکے ہیں اور حالیہ کنیسٹ انتخابات میں انہیں منتخب ہونے پر اسرائیلی صدر نے حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔ آئزن کوٹ کا ایران پر حملہ کرنے کے فوری جواز نہ ہونے کا یہ بیان نگراں وزیراعظم نیتن یاہو کے اس دیرینہ موقف کے برعکس ہے جو ایرانی خطرے کو بار بار بڑھا چڑھا کر پیش کررہے ہیں۔ نیتن یاہو نے آئزن کوٹ کے اس بیان کے بعد کہا ہے کہ ایران کی طرف سے سنگین خطرے کو کم تر کر کے پیش کرنا خطرناک ہوگا۔ یہ بیانات دونوں سیاستدانوں کی طرف سے اس وقت سامنے آئے ہیں جب ان کی جماعتیں تیسری بار اپنے اتحادیوں کے ساتھ ممکنہ حکومت سازی کے معاملے پر تبادلۂ خیال کے لیے اجلاس کرنے والی ہیں۔ ایک طویل بات چیت کے نتیجے میں ایک روز پہلے حکومت سازی کے لئے ان اتحادی مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی تھی۔
خیال رہےکہ اسرائیلی صدر نے آئزنکوٹ کو ۶؍دسمبر تک کے لیے مہلت دی ہے کہ وہ اپنی اکثریت ثابت کرتے ہوئے حکومت بناسکیں تاہم ان کو دیے گئے اس وقت میں ۱۴؍دن کا اضافہ ہوسکتا ہے کہ وہ حکومت سازی کر کے نیتن یاہو کو گھر بھیج سکیں۔ ۲۷؍ اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت نہیں ہوسکی تھی اور عرب اتحاد میں شامل جماعتوں کی ۱۹؍نشستیں فیصلہ کن حیثیت اختیار کر گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: آئزن کوٹ آئندہ ہفتے اسرائیلی حکومت کی تشکیل کا اعلان کریں گے: میڈیا
دونوں متحارب سیاسی لیڈران نیتن یاہو اور آئزن کوٹ کے لئے اپنے انتہا پسندانہ خیالات اور اتحادوں کی وجہ سے عرب اتحاد کی حمایت سے فائدہ اٹھانے کا اعلان کرنا انتہائی مشکل امر ہے تاہم عرب اتحاد نتن یاہو کی حکومت کو ہر صورت گرانا چاہتا ہے۔ یہ اتحاد کسی بھی ایسے امیدوار کو ووٹ دینے کو تیار ہے جو نتن یاہو کو وزارت عظمیٰ سے محروم کرنے کا پختہ ارادہ رکھتا ہو۔ نیتن یاہو کئی بار ایک ایسی متحدہ حکومت کے حق میں بات کرچکے ہیں جو اسرائیل کی سلامتی کی ضمانت بن سکے۔
آئزن کوٹ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ایرانی خطرہ اسرائیلی ریاست کے خلاف ایک سنجیدہ خطرہ ہے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ یہ خطرہ براہ راست اور فوری نوعیت کا ہے جس کا توڑ کرنے کے لیے ایران پر فوری حملہ کیا جائے۔ اس کے برعکس نیتن یاہو اپنے اتحادیوں کو یہ باور کرا رہے ہیں کہ ایران کی طرف سے اسرائیل کے گرد و پیش میں بہت خطرات موجود ہیں۔ جو کوئی بھی ان خطرات کو کم تر کرکے پیش کر رہا ہے وہ ایسا صرف اپنی سیاسی ضرورتوں کے لیے کر رہا ہے۔ نیتن یاہو کا یہ بیان ٹی وی پر دکھائے گئے ردعمل میں سامنے آیا ہے۔ دونوں کے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے جب کچھ ہی گھنٹوں بعد دونوں جماعتوں کے وفود نے متحدہ حکومت بنانے کے لیے مذاکرات کی خاطر باہم ملنا تھا۔ اس سے قبل اتوار کے روز دونوں جماعتوں کے نمائندے چار گھنٹوں تک باہم تبادلۂ خیال کرتے رہے لیکن کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے۔ سنیچر کے روز آئزن کوٹ کی جماعت نے کہا یہ بات چیت ان کی جماعت کی طرف سے ایک حقیقی کمٹمنٹ کا اظہار ہے جس کے ذریعے وہ وسیع البنیاد حکومت کی خواہش رکھتی ہے۔ پارٹی کی طرف سے کہا گیا گادی آئزن کوٹ نے مذاکرات میں حصہ لینے والے اپنے نمائندوں سے کہا ہے کہ متحدہ حکومت بنانے کے لیے ہر ممکنہ آپشن پرغور کیا جائے۔ دوسری جانب نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی نے مختلف شرائط عائد کر رکھی ہیں جن میں یہ بھی شرط شامل ہے کہ متحدہ حکومت قائم ہونے کی صورت میں نتن یاہو پر ذاتی حملے نہیں کیے جائیں گے اور نہ ہی ان کی سابقہ حکومت کو نشانہ بنا کر اقدامات کیے جائیں گے۔