Updated: November 22, 2026, 5:05 PM IST
| London
آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران برطانوی تیراک لیوس پگ نے تین دن تک سمندر میں تیراکی کرکے جنگ کے ماحولیاتی نقصانات کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرائی ہے۔ اقوام متحدہ کے سرپرست برائے سمندر کا کہنا ہے کہ جہازوں پر حملوں اور تیل و کیمیائی مادوں کے اخراج سے سمندری حیات، مرجانی چٹانوں اور ساحلی ماحول کو طویل عرصے تک نقصان پہنچ سکتا ہے۔
لیوس پگ آبنائے ہرمز میں دھماکہ دیکھتے ہوئے۔ تصویر: ایکس
برطانوی طویل فاصلے تک تیراکی کرنے والے معروف تیراک لیوس پگ نے آبنائے ہرمز کے کچھ حصوں میں تین دن تک تیراکی کرکے جنگ کے سمندری حیات اور قدرتی ماحول پر پڑنے والے خطرناک اثرات کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرائی ہے۔ اقوام متحدہ کے سرپرست برائے سمندر (UN Patron of the Oceans) لیوس پگ کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران تیل بردار جہازوں پر حملوں اور ان سے خارج ہونے والے تیل کے باعث سمندری جانداروں، ساحلی علاقوں اور قدرتی مساکن کو طویل عرصے تک نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس (AP) کی رپورٹ کے مطابق ۵۶؍ سالہ لیوس پگ نے عمان کے جزیرہ نما مسندم سے کیپ آف ہرمز تک تقریباً ۱۵؍ کلومیٹر (۳ء۹؍ میل) کا فاصلہ تیراکی کے ذریعے طے کیا۔ جنگ شروع ہونے کے بعد اس علاقے میں طویل فاصلے تک تیراکی کی یہ پہلی کوشش سمجھی جارہی ہے۔ انہوں نے یہ سفر تین دن میں مختلف مرحلوں میں مکمل کیا اور مجموعی طور پر تقریباً ساڑھے چھ گھنٹے پانی میں گزارے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ کے شمالی ترین شہر میں ۶۵؍ دن تک سورج طلوع نہیں ہوگا
۱۶؍ نومبر کو تیراکی شروع کرنے کے چند ہی منٹ بعد انہیں دو زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے اوپر دیکھا تو تقریباً چار کلومیٹر دور ایک تیل بردار جہاز کو نشانہ بنایا جاچکا تھا۔ اس کے بعد لڑاکا طیارے بھی علاقے میں پہنچ گئے، جس کے باعث ان کی ٹیم کو فوری طور پر وہاں سے نکلنا پڑا۔ بعد میں انہوں نے مختلف وقفوں کے ساتھ اپنا سفر مکمل کیا۔ اس دوران ایک اور جہاز پر حملے کے بعد آسمان کی طرف آگ کے شعلے بلند ہوتے بھی دیکھے۔ دوسرے دن تیراکی کے بعد بندرگاہ واپس آتے ہوئے انہوں نے ایک گیس بردار جہاز کو نشانہ بنتے دیکھا۔ ان کے مطابق جہاز سے کیمیائی مادوں کی بو پھیل رہی تھی، آگ کے شعلے بلند ہورہے تھے اور اس کے آس پاس کا پانی بھی آگ کی لپیٹ میں تھا۔
سمندری حیات کو خطرہ
لیوس پگ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو عام طور پر اہم بحری تجارتی راستے کے طور پر جانا جاتا ہے، لیکن یہ قدرتی حسن اور سمندری حیات کا بھی ایک قیمتی خطہ ہے۔ ان کے مطابق فروری سے اب تک کئی جہازوں کو نقصان پہنچنے کے باعث اس علاقے میں تیل کے اخراج اور کیمیائی آلودگی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اگر تیل سمندر میں پھیل گیا تو ڈولفن، سمندری کچھوؤں، مرجانی چٹانوں اور مینگرووز کے جنگلات کو کئی برس یا دہائیوں تک نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ایسے آلودہ علاقوں کی صفائی بھی انتہائی مشکل ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس علاقے میں پہنچتے وقت انہوں نے ڈولفن کے بڑے جھنڈ کو اپنی کشتی کے ساتھ ساتھ چلتے دیکھا۔ اس کے علاوہ سمندری کچھوے اور مچھلیوں کا شکار کرنے والے آبی پرندے بھی نظر آئے۔ جنگ سے قبل عمان کے ساحل کے ساتھ تیراکی کے دوران انہوں نے سیکڑوں کچھوے دیکھے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: برطانیہ کا ہزاروں فریجوں کو ہیکر سے بچانے کے لیے خفیہ آپریشن کا آغاز: رپورٹ
آبنائے ہرمز میں کشیدگی
رپورٹ کے مطابق ایران نے حالیہ ہفتوں میں ان جہازوں پر حملے تیز کیے ہیں جن کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے آبنائے ہرمز میں غیر مجاز راستے اختیار کیے۔ اس اہم آبی گزرگاہ سے جنگ سے قبل دنیا کی تجارت میں شامل تقریباً پانچواں حصہ تیل گزرتا تھا۔ ایرانی بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے باعث بھی کئی جہاز متاثر ہوئے اور بعض میں آگ لگ گئی۔ لیوس پگ گزشتہ ۴۰؍ برسوں سے سمندروں کے تحفظ کے لیے مختلف علاقوں میں تیراکی کرتے رہے ہیں۔ وہ قطب شمالی کے پار تیراکی کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں اور ہر سمندر میں طویل فاصلے تک تیراکی کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ ۲۰۲۳ء میں انہوں نے دریائے ہڈسن میں ۳۱۵؍ میل تیراکی کرکے صاف دریاؤں کی اہمیت اجاگر کی تھی۔ اس بار آبنائے ہرمز میں ان کا پیغام واضح تھا: جنگ بند کی جائے، آبنائے کو کھولا جائے اور آلودگی کی صفائی کی جائے۔