• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرکٹ آسٹریلیا بورڈ نے ٹیسٹ کپتان کے طور پر پیٹ کمنز کی متفقہ حمایت کی

Updated: November 22, 2026, 3:52 PM IST | Melbourne

یہ فیصلہ جنوبی افریقہ کے ۲۰۱۸ء کے دورے سے متعلق دوبارہ شروع ہونے والی قیاس آرائیوں پر تبادلہ خیال کے لیے بلائی گئی میٹنگ کے بعد کیا گیا ۔

Pat Cummins. Photo: INN
پیٹ کمنز۔ تصویر: آئی این این

کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے بورڈ نے پیٹ کمنز کی ٹیسٹ کپتان کے طور پر متفقہ حمایت کی ہے۔ یہ فیصلہ جنوبی افریقہ کے ۲۰۱۸ء کے دورے سے متعلق دوبارہ شروع ہونے والی قیاس آرائیوں پر تبادلہ خیال کے لیے بلائی گئی میٹنگ کے بعد کیا گیا۔

سی اے کے صدر ڈیوڈ بون اور چیف ایگزیکٹیو ٹوڈ گرین برگ نے جمعہ کو سڈنی میں کمنز سے ملاقات کی۔ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ میڈیا بیان کے مطابق، اس ملاقات میں کئی امور پر بات چیت ہوئی، جن میں ’ان کی خیریت، ٹیم کے لیے ضروری تعاون اور نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ سیریز" شامل ہیں۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب جوش ہیزل ووڈ نے کہا تھا کہ اگر پیٹ کمنز کو ٹیسٹ کپتانی سے ہٹایا جاتا ہے تو انہیں ٹیم میں اپنے مستقبل کے بارے میں غور کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھئے: کیمرون بینکرافٹ کے انکشافات کے باوجودپیٹ کمنز اپنے موقف پر قائم

بون نے کہا’’ہم پوری سنجیدگی اور صبر کے ساتھ آسٹریلیائی کرکٹ کو اس انتہائی مشکل دور سے نکالنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم سب کی بات سنیں گے اور ان سے سیکھیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا’’اس ہفتے جس آزاد فورم کا اعلان کیا گیا ہے، اس کا مقصد بھی یہی ہے۔ بورڈ تمام کھلاڑیوں اور معاون عملے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ وہاں اپنی بات رکھیں اور تبادلہ خیال کریں۔ ہم جلد ہی اس کے دائرۂ کار اور ضوابط جاری کریں گے۔‘‘

انہوں نے کہا’’ہم نے پیٹ کے تئیں اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے اور جنوبی افریقہ کے ۲۰۱۸ء کے دورے کے واقعات سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے تئیں اپنی تشویش ظاہر کی ہے۔ ہم نے اس تجربے سے سبق سیکھا ہے۔ ہمیں اپنی ٹیم اور اس ثقافت پر فخر ہے جسے پیٹ اور ٹیم کے دیگر قائدین نے گزشتہ ۸؍ برسوں میں فروغ دیا ہے۔ ہم اس طرح کے کسی بھی الزام کو پوری طرح مسترد کرتے ہیں کہ پیٹ کی دیانت داری پر کوئی سوال اٹھتا ہے۔‘‘کمنز نے کہا کہ وہ اس فورم میں شرکت کریں گے، جسے کرکٹ آسٹریلیا نے اسی ہفتے کھلاڑیوں اور عملے کے لیے قائم کیا ہے تاکہ وہ  ۲۰۱۸ء کے دورے سے متعلق اپنے خیالات نجی طور پر پیش کر سکیں۔ انہوں نے کہا’’جمعہ کو ڈیوڈ اور ٹوڈ کے ساتھ بات چیت میرے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم کا کپتان ہونے کے ناطے بہت بڑی ذمہ داری ہوتی ہے۔ میں نے کبھی اس ذمہ داری کو معمولی نہیں سمجھا اور نہ ہی کبھی سمجھوں گا۔ ان حالات میں ڈیوڈ اور ٹوڈ کے لیے کرکٹ کو آگے لے جانا بہت مشکل کام ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK