ہندوستان کے مالدار کاروباری افراد اور دولت تخلیق کرنے والی شخصیات نے سماجی فلاح و بہبود اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی سال ۲۰۲۵-۲۶ ء کے دوران مجموعی طور پر ۱۱؍ ہزار ۵۵۴ ؍کروڑ روپے عطیہ کیے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 5:06 PM IST | New Delhi
ہندوستان کے مالدار کاروباری افراد اور دولت تخلیق کرنے والی شخصیات نے سماجی فلاح و بہبود اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی سال ۲۰۲۵-۲۶ ء کے دوران مجموعی طور پر ۱۱؍ ہزار ۵۵۴ ؍کروڑ روپے عطیہ کیے ہیں۔
ہندوستان کے مالدار کاروباری افراد اور دولت تخلیق کرنے والی شخصیات نے سماجی فلاح و بہبود اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی سال ۲۰۲۵-۲۶ ء کے دوران مجموعی طور پر ۱۱؍ ہزار ۵۵۴ ؍کروڑ روپے عطیہ کیے ہیں۔ یہ رقم گزشتہ مالی سال کے مقابلے ۱۱ فیصد زیادہ ہے۔ ایڈل گِیو ہورون انڈیا فلانتھراپی لسٹ ۲۰۲۶ء کی تازہ رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک کے ۲۱۹ ؍مخیر حضرات نے تعلیم، صحت، فنون، ثقافت، ورثے اور دیگر سماجی شعبوں میں مالی تعاون فراہم کیا۔ اس سال فہرست میں ۴۵ ؍نئے عطیہ دہندگان بھی شامل ہوئے جبکہ گزشتہ سال نئے شامل ہونے والوں کی تعداد صرف ۱۲؍ تھی۔ اس سے ہندوستان میں دولت مند افراد کے درمیان فلاحی سرگرمیوں اور سماجی ذمہ داری کے رجحان میں اضافے کی عکاسی ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:امریکہ کے شمالی ترین شہر میں ۶۵؍ دن تک سورج طلوع نہیں ہوگا
ایچ سی ایل گروپ کے بانی شیِو نادر اور ان کے خاندان نے ۲۵۹۳ ؍کروڑ روپے کے عطیات کے ساتھ مسلسل پانچویں سال ہندوستان کے سب سے بڑے مخیر خاندان کا مقام برقرار رکھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے مالی سال ۲۰۲۵-۲۶ ءکے دوران اوسطاً روزانہ تقریباً ۷ء۱ ؍کروڑ روپے عطیہ کیے۔دوسرے مقام پر صنعت کار گوتم اڈانی اور ان کا خاندان رہا، جنہوں نے ۸۷۷ ؍کروڑ روپے عطیہ کیے۔ ان کے عطیات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے ۱۲۷ ؍فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔بجَاج خاندان ۶۳۲ ؍کروڑ روپے کے عطیات کے ساتھ تیسرے مقام پر رہا، جبکہ مکیش امبانی اور ان کے خاندان نے ۶۲۰ ؍کروڑ روپے عطیہ کرکے چوتھا مقام حاصل کیا۔انفوسس کے شریک بانی نندن نیلیکانی ۳۸۰ ؍کروڑ روپے کے عطیات کے ساتھ پانچویں مقام پر رہے۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے مخیر حضرات کی پہلی ترجیح تعلیم کا شعبہ رہا، جسے مجموعی طور پر ۴۱۸۸؍ کروڑ روپے عطیہ کیے گئے۔ یہ کل عطیات کا تقریباً ۳۶ ؍ فیصد ہے۔ فہرست میں شامل ۲۱۹ ؍میں سے ۲۰۰ ؍ افراد نے تعلیم کے لیے مالی تعاون کیا، جبکہ ۹۵ ؍عطیہ دہندگان نے تعلیم کو اپنی بنیادی ترجیح قرار دیا۔تعلیم کے بعد صحت کا شعبہ عطیات حاصل کرنے میں دوسرے مقام پر رہا۔ صحت کے شعبے میں ۱۷۶۸ ؍کروڑ روپے عطیہ کیے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے ۸۲ ؍فیصد زیادہ ہیں۔ اس شعبے میں فہرست کے ۱۷۵؍مخیر حضرات نے تعاون کیا۔فنون، ثقافت اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے ۱۳۷۷ ؍کروڑ روپے عطیہ کیے گئے، جبکہ ماحولیات اور پائیدار ترقی کے شعبے کو ۸۱۳ ؍کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔ ماحولیات کے شعبے میں عطیات میں ۸۶؍فیصد اضافہ درج کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے:برطانیہ کا ہزاروں فریجوں کو ہیکر سے بچانے کے لیے خفیہ آپریشن کا آغاز: رپورٹ
رپورٹ میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ اس سال فہرست میں ۲۹ ؍خواتین شامل ہیں، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد ۲۴ ؍تھی۔روہنی نیلیکانی ۲۱۵ ؍کروڑ روپے کے عطیات کے ساتھ ہندوستان کی سب سے بڑی خاتون عطیہ دہندہ قرار پائی ہیں۔ ان کے بعد بایوکون کی بانی کرن مجمدار شا ۹۳ ؍کروڑ روپے کے عطیات کے ساتھ دوسرے مقام پر رہیں، جبکہ انو آغا اور ان کے خاندان نے ۷۸ ؍کروڑ روپے عطیہ کیے۔
ایڈل گِیو ہورون رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ہندوستان میں خود اپنی محنت اور کاروباری صلاحیتوں سے دولت بنانے والے افراد فلاحی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔فہرست میں شامل ۲۱۹ ؍مخیر حضرات میں سے ۱۲۵ ؍افراد ایسے ہیں جنہوں نے اپنی محنت سے دولت حاصل کی ہے۔ یہ کل فہرست کا ۵۷ ؍فیصد ہیں، جبکہ ان کا مجموعی عطیات میں حصہ تقریباً ۶۵ ؍فیصد ہے۔اس کے علاوہ ۴۵ ؍نئے مخیر حضرات نے اس سال فہرست میں جگہ بنائی اور مجموعی طور پر ۶۹۶ ؍کروڑ روپے عطیہ کیے۔ نئے عطیہ دہندگان میں موٹیل لال اوسوال فنانشیل سروسیز کے شریک بانی رام دیو اگروال نے ۱۲۰ ؍کروڑ روپے اور موٹیل لال اوسوال نے ۱۱۹؍کروڑ روپے عطیہ کیے۔امریکہ میں مقیم چندریکا اور رنجن ٹنڈن نے بھی ۱۰۰ ؍کروڑ روپے عطیہ کیے، جس سے آئی آئی ایم احمد آباد میں مصنوعی ذہانت کے ایک اسکول کے قیام میں مدد ملے گی۔
انفوسس کے شریک بانیوں اور ان کے خاندانوں نے بھی مالی سال ۲۰۲۵-۲۶ ءکے دوران مجموعی طور پر ۹۲۰؍ کروڑ روپے عطیہ کیے۔ اس طرح ان کا یومیہ اوسط عطیہ ۲ء۵ ؍کروڑ روپے سے زیادہ رہا۔رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں انفرادی طور پر اپنی دولت سے عطیہ دینے والوں کی تعداد بھی بڑھی ہے۔ اس سال ۴۲؍ افراد نے اپنی ذاتی دولت سے مجموعی طور پر ۵۴۱۳ ؍کروڑ روپے عطیہ کیے، جو کل عطیات کا تقریباً ۴۷ ؍فیصد ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’’میرے خیال میں سورج بڑجاتیا خود بھی پریم جیسے انسان ہیں‘‘
رپورٹ میں عطیات دینے والوں کی جغرافیائی تقسیم بھی پیش کی گئی ہے۔ ممبئی ۶۴ ؍مخیر حضرات کے ساتھ ملک میں پہلے مقام پر رہا، جبکہ نئی دہلی میں ۴۱ ؍اور بنگلورو میں ۲۰؍عطیہ دہندگان فہرست میں شامل ہوئے۔ تاہم عطیات کی مجموعی مالیت کے اعتبار سے نئی دہلی ۳۱۶۸ ؍کروڑ روپے کے ساتھ پہلے مقام پر رہا، جبکہ ممبئی سے تعلق رکھنے والے مخیر حضرات نے مجموعی طور پر ۳۰۰۷ ؍کروڑ روپے عطیہ کیے۔ رپورٹ میں ہندوستانی فلاحی نظام کے حوالے سے ایک اہم پہلو بھی سامنے آیا ہے۔ اگرچہ عطیہ دینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، لیکن مجموعی عطیات کا بڑا حصہ اب بھی چند بڑی کاروباری شخصیات اور خاندانوں کی جانب سے دیا جاتا ہے۔مالی سال ۲۰۲۵-۲۶ ءمیں ۱۰۰ ؍کروڑ روپے یا اس سے زیادہ عطیہ دینے والے ۱۹ ؍ افراد نے مجموعی طور پر ۷۸۳۸ ؍کروڑ روپے فراہم کیے، جو کل عطیات کا تقریباً ۶۸ ؍فیصد ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان میں فلاحی سرگرمیوں میں دولت مند کاروباری خاندانوں کا کردار اب بھی انتہائی اہم ہے۔مجموعی طور پر ایڈل گِیو ہورون انڈیا فلانتھراپی لسٹ ۲۰۲۶ ؍ہندوستان میں سماجی فلاح و بہبود کے لیے بڑھتی ہوئی نجی سرمایہ کاری اور عطیات کے رجحان کو ظاہر کرتی ہے۔ تعلیم، صحت، ماحولیات اور غربت کے خاتمے جیسے شعبوں میں کاروباری شخصیات کی بڑھتی ہوئی دلچسپی سے یہ امید کی جارہی ہے کہ مستقبل میں ملک کی ترقی اور سماجی مسائل کے حل میں نجی مخیر اداروں کا تعاون مزید اہم ہوگا۔