Inquilab Logo Happiest Places to Work

علی گڑھ ہجومی تشدد کیخلاف شدید احتجاج

Updated: May 26, 2025, 11:11 PM IST | Aligarh

پولیس سپرنٹنڈینٹ آفس کے باہرکانگریس ، سماجوادی پارٹی ا ورایم آئی ایم کا مظاہرہ ،یوگی اورمودی سے ہوش میں آنے ، ماب لنچنگکو روکنے اور اس کے خلاف قانون بنانے کا مطالبہ ،پولیس کارروائی میں اہم پیش رفت ،۱۳؍ نامزد ملزموں میں سے ۳؍ گرفتار

Protest outside the police superintendent`s office
پولیس سپرنٹنڈینٹ کے دفتر کے باہر احتجاج کی ہے

علی گڑھ میں چار مسلم لڑکوں کے ماب لنچنگ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد سماجوادی پارٹی ، کانگریس اور اے آئی ایم آئی ایم کے کارکنوں نے سینئر پولیس سپرنٹنڈینٹ  (ایس ایس پی) دفتر پر  پیر کو شدیداحتجاج کیا ۔ اس مظاہرے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہندو توا گروہ اور بی جے پی کے کارکنوں نے گائے کے ذبیحہ کے شبہ میں ۴؍ مسلم نوجوانوں کو بے دردی سے پیٹا تھا ۔ تمام  پارٹیوں کے کارکنوں نے کہا کہ مسلم لڑکوں کی پٹائی کرنا ہندوستان کے آئین اور اقلیتی برادری کے بنیادی حقوق پر براہ راست حملہ ہے۔
 اس احتجاج میں کارکنوں نے ملزموں کے خلاف سخت کارروائی  اور تمام ملزموں کو جلد از جلد جیل بھیجنے کا مطالبہ کیا ۔ اس کے علاوہ متاثرین کے اہل خانہ کو معاوضہ، سیکوریٹی اور امداد فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا  ۔ تینوں پارٹیوں کے کارکنان نے پولیس سپرنٹنڈینٹ آفس تک مارچ نکالا  اورسماج میں فرقہ وارانہ تشدد اور کشیدگی پھیلانے والی تنظیموں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے آواز اٹھائی ۔ اس کے ساتھ  ہی مسلم اکثریتی علاقوں میں سیکوریٹی کو یقینی بناتے ہوئے امن برقرار رکھنے کا بھی مطالبہ کیا ۔  مظاہرین نے ملزموں کے خلاف جلد کارروائی نہ کرنے کی صورت میں  بڑے پیمانے پر احتجاج کی دھمکی بھی دی۔ ماب لنچنگ کے خلاف نکالے گئے اس مارچ میں کارکنوں اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی ۔ اس ہاتھا پائی میں  سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی ویریش یادو زمین پر گر پڑے ۔ ایس پی اور کانگریس کا ہنگامہ بڑھتا دیکھ کر پولیس حکام دفتر سے باہر آئے اور بھیڑ پر قابو پانے کی کوشش کی۔
 پولیس حکام نے کارکنوں کو شائستگی کا رویہ اپنانے کی ہدایت  دی ۔ اس کے بعد  ایس ایس پی نے ۱۰؍افراد کو دفتر کے اندر بلایا اور ان کے مسئلے پر بات کی۔ ایس ایس پی سنجیو سمن نے کارکنوں کو یقین دلایا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
 اس احتجاج میں پولیس کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی گئی۔ سماج وادی پارٹی کے سابق ایم ایل اے جعفر عالم، سابق ایم ایل اے ویریش یادو، ضلع صدر لکشمی دھنگر، میٹروپولیٹن صدر عبدالحمید گھوسی سمیت کئی عہدیداروں اور کارکنان احتجاج میں شریک تھے ۔
  ضلع کے ہردوا گنج تھانہ علاقے میں گوشت کے تاجروں کی ماب لنچنگ کے معاملے میں پولیس نے ۳؍ نامزد ملزموں کو گرفتار کیا ہے۔  پولیس نے ملزم وجے گپتا، وجے بجرنگی اور لو کش کو بروتھا نہر کے پل کے قریب سے گرفتار کیا ہے۔ پولیس دیگر مفرور ملزموں کی تلاش میں مصروف ہے۔متاثرہ گوشت کے تاجروں کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق عقیل، ارباز، قدیم، عقیل سنیچر کو گوشت فیکٹری سے گوشت بیچنے کیلئے اتراولی جا رہے تھے ۔لیگل گیٹ پرمٹ اور تمام دستاویزات ہونے کے باوجودہردوگنج علاقے میں انہیں رام کمار آریہ، ارجن، بھولو وغیرہ نے سازش کی اور گاڑی کو روکا۔ الزام ہے کہ ان ملزموں نےان سے۵۰؍ ہزار روپےمانگے ۔جب متاثرین نے رقم دینے سے انکار کیا تو ملزم رویندر اور لو کش اور دیگر کئی ملزموں نے انہیں قتل کرنے کی نیت سے لوہے کی سلاخوں، لاٹھیوں اور تیز دھار ہتھیاروں سے مارنا شروع کردیا اور متاثرین کو یرغمال بنائے رکھا۔
 پولیس کے مطابق اس معاملے  میں۱۳؍ نامزد اور ۲۵-۲۰؍ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں رام کمار آریہ، ارجن بھولو، چیتن لودھی، شیوم ہندو، رویندر، لو کش، انوج، بھورا، وجے، گریش کمار، انکت محمود پور، رانا احلاد پور اور وجے کمار گپتا کے نام شامل ہیں۔ پولیس نے وجے گپتا، وجے بجرنگی اور لو کش کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس ایس پی سنجیو سمن نے کہا کہ ضلع کے امن و امان سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔ سماجی ہم آہنگی کو خراب کرنے اور ماحول کو خراب کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف سخت ترین تعزیری کارروائی کی جائے گی۔ فی الحال پولیس دیگر مفرور ملزموں کی تلاش میں مصروف ہے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنےکیلئے چوکسی برقرار رکھی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK