نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی موت پر ۳؍دن کےسوگ کااعلان کیاگیاہے جس کے پیش نظر کچھ میڈیا نے اسکولوں میں چھٹی ہونےکی افواہ پھیلائی تھی
EPAPER
Updated: January 29, 2026, 11:22 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی موت پر ۳؍دن کےسوگ کااعلان کیاگیاہے جس کے پیش نظر کچھ میڈیا نے اسکولوں میں چھٹی ہونےکی افواہ پھیلائی تھی
ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی کے سربراہ اجیت پوار کی طیارہ حادثےمیں ناگہانی موت کےبعد ریاستی حکومت کی جانب سے پوری ریاست میں ۳؍ دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیاہے۔ اس دوران سرکاری پرچم کو سرنگوں رکھنےاور ۲۸؍سے ۳۰؍ جنوری تک سبھی سرکاری پروگرام اور میٹنگیں رد کرنےکی ہدایت دی گئی تھی ۔ حادثہ کی خبر اور سرکاری ہدایات موصول ہوتے ہی بدھ کو بی ایم سی نے ۲۸؍ جنوری کو اپنے سبھی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا تھا جبکہ جمعرات کو تمام اسکول شروع رہیں گے، یہ وضاحت بھی کی تھی ،اس کےباوجود ۳؍دنوں کے سوگ سے متعلق پھیلی افواہ کی وجہ سے جمعرات کوکچھ اسکولوںمیں بالخصوص صبح کے سیشن میں طلبہ کی ۴۰، ۵۰؍فیصد حاضری کم رہی ۔ متعدد طلبہ اسکول بند ہونے کے قیاس کی وجہ سے غیر حاضر رہےجبکہ اسکول معمول کے مطابق جاری تھے۔ یہ ضرور ہےکہ اسکولوں میں جاری بالک اُتسو پروگرام منسوخ کردیاگیا ۔
حالانکہ اس تعلق سےایجوکیشن ڈائریکٹر ڈاکٹر مہیش پالکر نے بدھ کو ہی وضاحت کردی تھی۔انہوںنے اپنے بیان میںکہاتھاکہ ایجوکیشن کمشنر شری سچندرا پرتاپ سنگھ نے واضح کیا ہے کہ اسکول ۲۹؍جنوری ۲۰۲۶ءکوجاری رہیں گے۔ ۳؍ دن اسکول بند نہیں ہیں۔یہ ضرور ہےکہ ۳؍ دن تک سوگ منایا جائے گا، اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اسکول اس مدت کیلئے بند رہیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہاتھاکہ کچھ میڈیا کےذریعے یہ افواہ پھیلائی جارہی ہے کہ جمعرات اور جمعہ کو بھی اسکول بند رہیں گے ،مہربانی کرکے ان افواہوں پر توجہ نہ دیں ۔ اسکول اور دفاتر ان دونوں دن جاری رہیں گے، اس کےباوجود افواہ پھیلنے سےمتعدد شہر واضلاع میں اسکولوں میں حاضری متاثررہی۔
مہانگرپالیکا شکشک سبھا کے جوائنٹ سیکریٹری عابد شیخ نے اس نمائندہ کو بتایاکہ ’’ ۳؍دن کی چھٹی کی افواہ سے جمعرات کو اسکولوںمیں بالخصوص صبح کے سیشن میں حاضری تقریباً ۴۰؍فیصد متاثررہی جبکہ دوپہر کے سیشن میں طلبہ معمول کےمطابق حاضر رہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے اس بارےمیں واضح ہدایت کےباوجود افواہ کی وجہ سے متعدد طلبہ جمعرات کو غیر حاضر رہے۔یہ ضرور ہےکہ اسکولوںمیں جاری پروگراموںکو ۳۰؍جنوری تک کیلئے منسوخ کردیا گیا ہے ۔ ہمارے اسکول میں بدھ کو بالک اُتسوکاپروگرام جاری تھا،اسی درمیان اجیت پوار کی موت کی اطلاع موصول ہوتےہی پروگرام منسوخ کردیاگیا۔‘‘
اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے انقلاب کوبتایاکہ’’ ایجوکیشن کمشنر شری سچندرا پرتاپ سنگھ اور ایجوکیشن ڈائریکٹر ڈاکٹر مہیش پالکر کی واضح اطلاع کےباوجود ۳؍ دن کی چھٹی سےمتعلق پھیلی افواہ کا جمعرات کو اسکولوںمیں معمولی اثر دکھائی دیا۔ کچھ اسکولوںمیں حاضری کم رہی جبکہ دیگر اسکولوںمیں معمول کے مطابق حاضری درج کی گئی ۔‘‘انہوںنے یہ بھی کہاکہ ’’ جلد ہی بورڈ امتحانات شروع ہونے والے ہیں ،ایسےمیں ۳؍دن کیلئے اسکولوں اور کالجوںکو بند کرنا مناسب نہیں تھا۔ اسلئے ریاست میں بیشتر اسکولوں میں بدھ کو چھٹی دی گئی تھی جبکہ جمعرات کو زیادہ تر اسکول جاری رہے۔‘‘