• Thu, 29 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انتخابات میں ناکامی سے مایوس نہ ہوں، آواز بلند کرتے رہیں: ورشا گائیکواڑ

Updated: January 29, 2026, 8:16 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

بی ایم سی کے انتخابات میں ناکام ہونے والے کانگریس امیدواروں کی ایک خصوصی میٹنگ ورشا گائیکواڑ کی صدارت میں ہوئی۔

Varsha Gaikwad speaking. Picture: INN
ورشا گائیکواڑ خطاب کرتےہوئے۔ تصویر: آئی این این
ممبئی کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ) کے انتخابات میں ناکام ہونے والے امیدواروں کی میٹنگ بلائی اور ان سے کہا ہے کہ انہیں ہرگز مایوس نہیں ہونا چاہئے۔ وہ اپنے اپنے وارڈ میں عوامی مسائل، بنیادی سہولتوں اور شہری مشکلات پر مسلسل آواز بلند کرتے رہیں، کانگریس پارٹی مکمل طور پر آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ 
کانگریس کے مطابق ذرائع کے مطابق ممبئی کے عوام نے کانگریس کے ۱۴۳؍ میں سے ۲۴؍ امیدواروں کو منتخب کیا ہے۔ یہ تمام منتخب کونسلر عوامی مسائل کو ایوان میں پوری قوت کے ساتھ اٹھائیں گےلیکن جو ناکام ہو ئے ہیں انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ۔
بی ایم سی کے انتخابات میں ناکام ہونے والے کانگریس امیدواروں کی ایک خصوصی میٹنگ ورشا گائیکواڑ کی صدارت میں ممبئی کانگریس کے دفتر راجیو گاندھی بھون میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات بنیادی طور پر کارکنوں کے انتخابات ہوتے ہیں اور کارکنوں کے مشورے کے مطابق ہی کانگریس پارٹی نے ونچت بہوجن اگھاڑی اور دیگر ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کرکے انتخاب لڑا۔ ایک طرف بے تحاشا دولت کا استعمال، پولیس، انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کی پشت پناہی تھی جبکہ دوسری طرف آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے لڑنے والے کانگریس کے کارکن تھے۔ اس انتخاب میں اقتدار کا کھلے عام غلط استعمال کیا گیا، امیدواروں پر دباؤ ڈال کر نام واپس لینے پر مجبور کیا گیا، حتیٰ کہ آئینی عہدوں پر فائز افراد نے بھی دباؤ کی سیاست کی۔
ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو اگرچہ متوقع کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ۔ اس کے باوجود ممبئی کے عوامی مسائل جیسے صحت، پینے کے صاف پانی کی قلت، آلودگی، تعلیم، عوامی ٹرانسپورٹ، بیسٹ بس خدمات، ٹریفک اور سڑکوں کے گڑھوں جیسے بنیادی مسائل پر کانگریس پوری طاقت کے ساتھ آواز اٹھاتی رہے گی۔ میٹنگ کے دوران کئی کارکنوں نے یہ شکایت بھی کی کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں الیکشن کمیشن کا کردار مشتبہ رہا۔ شکایات کے باوجود ووٹر لسٹ میں موجود سنگین خامیوں کو درست نہیں کیا گیا اور ووٹر لسٹ انتہائی تاخیر سے فراہم کی گئی۔ انتخابات سے صرف ۸؍دن قبل ووٹر لسٹ جاری ہونے کے سبب کارکنوں کو تیاری اور عوامی رابطے کا مناسب موقع نہیں مل سکا جس کا براہ راست اثر انتخابی نتائج پر پڑا۔
اس میٹنگ میں ایم ایل اے امین پٹیل، ممبئی کانگریس کے ترجمان سریش چندر راج ہنس، ضلع صدر روی باوکر، سبھاش بھالے راؤ، جاوید جنیجا اور پارٹی کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK