Updated: January 29, 2026, 9:59 PM IST
| Mumbai
رنویر سنگھ کی ’’دھرندھر‘‘ نے ہندی سنیما کے باکس آفس پر ایک تاریخ ساز مقام حاصل کیا ہے اور ’’پشپا ۲‘‘ اور ’’جوان‘‘ جیسی بڑی بلاک بسٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ فلم نے گھریلو باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کی ہے مگر ٹکٹوں کی فروخت یا فٹ فال (فلم دیکھنے کیلئے لوگوں کی آنے والی تعداد) اب بھی ’’پشپا ۲‘‘ اور ’’جوان‘‘ کے مقابلے میں کم ہے۔
ہدایتکار آدتیہ دھر کی اسپائی ایکشن فلم ’’دھرندھر‘‘ نے باکس آفس پر نئی تاریخ رقم کر دی ہے، اور سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن گئی ہے جس میں رنویر سنگھ، سنجے دت، ارجن رامپال، مادھون اور اکشے کھنہ نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ ریلیز کے بعد مسلسل ہفتوں تک مضبوط کارکردگی جاری رکھتے ہوئے ’’دھرندھر‘‘ نے ہندی فلموں میں سب سے زیادہ کمائی کی ہے، اور ’’پشپا ۲‘‘ اور ’’جوان‘‘ جیسی بلاک بسٹر فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ’’دھرندھر‘‘ نے عالمی سطح پر تقریباً ۱۲۶۵؍ کروڑ سے زائد کی کمائی کی ہے جبکہ ہندوستانی باکس آفس پر ۸۱۶؍ کروڑ روپے کمائے ہیں۔ فلم کی باکس آفس کارکردگی نے فلم انڈسٹری کے رجحانات پر بھی اثر ڈالا ہے۔ موجودہ دور میں اسی نوعیت کی فلموں کے مواقع اور مشکلات کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: میں نے فنکارانہ اطمینان کیلئے بوگی ووگی اور تاکاشی کاسل کیا: جاوید جعفری
دوسری طرف، جیسا کہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں، فلم نے تھیٹر میں آنے والے ناظرین (فوٹ فال) کے حساب سے ’’پشپا ۲‘‘ اور ’’جوان‘‘ کے سامنے اب بھی کمزور ہے۔ ’’دھرندھر‘‘ کو تاحال تقریباً ۵۰ء۳؍ کروڑ لوگوں نے دیکھا ہے۔ جبکہ ’’جوان‘‘ اور ’’پشپا ۲‘‘ کو ۷۰ء۳؍ کروڑ افراد نے دیکھا تھا۔ اس طرح ’’دھرندھر‘‘ سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلموں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دہلی ہائی کورٹ نے سمیر وانکھیڈے کی عرضی پر سماعت سے انکار کردیا
بین الاقوامی سطح پر بھی ’’دھرندھر‘‘ کی کارکردگی قابلِ ذکر رہی ہے۔ شمالی امریکہ میں فلم کو کافی پسند کیا۔ فلم کی کامیابی کا ایک اہم سبب اس کا جاسوسی ایکشن تھرلر ژانر، دلچسپ پلاٹ، اور مضبوط کاسٹ ہے، جس نے مختلف عمروں کے ناظرین کو متاثر کیا۔خیال رہے کہ فلم کا سیکویل ۱۹؍ مارچ ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہوگا۔
واضح ہو شاہ رخ خان کی فلم ’’جوان‘‘ ستمبر ۲۰۲۳ء میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم نے ایک ہزار ۱۶۰؍ کروڑ روپے کا کار و بار کیا تھا۔ تاہم فلم ’’پشپا‘‘ دسمبر ۲۰۲۱ء میں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے عالمی سطح پر ایک ہزار ۸۰۰؍ کروڑ کا کار و بار کیا تھا۔