Inquilab Logo

ہال ٹکٹ میں ہونےوالی غلطیوں سے طلبہ اور سرپرست پریشان

Updated: March 12, 2022, 8:22 AM IST | saadat khan | Mumbai

ایس ایس سی کے ہال ٹکٹ میں طلبہ کے نام اور پیدائش کی تاریخ کے علاوہ والدہ کے نام میں غلطیاں، درست ہال ٹکٹ اب تک نہیں دیئے گئے ،منگل سے امتحان

A student showing his hall ticket.
ایک طالبعلم اپنا ہال ٹکٹ دکھاتے ہوئے۔

مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈ ری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن پونے کی طرف سے منعقد کئے جانے والا ایس ایس سی امتحان کا آغاز ۱۵؍مارچ سے ہورہاہے ۔ کووڈ کی وجہ سےامسال تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ سیلف سینٹروں پر امتحان منعقد کئے جارہےہیں ۔ امتحان کی تیاریاں جاری ہیں ۔ اس دوران ایس ایس سی امتحان کے ہال ٹکٹ میں طلبہ کے نام اور پیدائش کی تاریخ کے علاوہ والدہ کے نام میں ہونےوالی غلطیوں سے طلبہ اور والدین پریشان ہیں۔منگل سے امتحان شروع ہونےوالا ہے مگر ابھی تک ان غلطیو ںکو درست کرکے طلبہ کو ہال ٹکٹ نہیں دیئے گئے ہیں جس سے ان میں بے چینی پائی جارہی ہے ۔
 ناگپاڑہ پرواقع انجمن اسلام احمد سیلر اُردو سکینڈری اسکول کے پرنسپل محمد عارف خان نے بتایاکہ ’’ ہال ٹکٹ کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر کےساتھ تفصیلات فراہم کرنےکےباوجود بورڈ سے ملنے والے ہال ٹکٹ میں متعدد طلبہ کے ناموں، ان کی پیدائش کی تاریخوں اور ان کی والدہ کے ناموںمیں غلطیاں پائی گئی ہیں ۔ اس سےیہ طلبہ اور ان کے والدین پریشان ہیں۔طلبہ کاکہناہےکہ اگر ان غلطیوںکو ابھی درست نہیں کیاگیاتو آگے انہیں پریشانی ہوسکتی ہے۔ گیارہویں جماعت میں داخلے کے وقت انہیں دقت ہوسکتی ہے۔اس لئے وہ چاہتےہیں کہ ہال ٹکٹ میں ہونےوالی غلطیاںفوراً درست ہوجائیں ۔ ‘‘ 
  انہوںنےیہ بھی کہاکہ’’ہمارے اسکول میں مجموعی طورپر ۱۰۸؍ طلبہ ایس ایس سی امتحان میں شریک ہورہےہیں ۔ ان میں سے ۱۲؍ طلبہ کے ہال ٹکٹ میں مذکورہ قسم کی غلطیاں پائی گئی ہیں۔ ان ہال ٹکٹ کی غلطیاں درست کرنےکیلئے بورڈ کو مطلع کیاگیاہے مگر ابھی تک بورڈ کی طرف سے ہال ٹکٹ  درست نہیں کیاگیاہے  جبکہ امتحان منگل سے شروع ہورہےہیں ۔ امتحان کا وقت قریب آنے سے مذکورہ طلبہ میں بے چینی پائی جارہی ہے ۔ حالانکہ ہم نے طلبہ کو اطمینان دلایاہے کہ اگر امتحان شروع ہونے سے پہلے ہال ٹکٹ نہیں آتا ہے تو بھی گھبرانےکی ضرورت نہیں ہے ۔ان کے پاس جو ہال ٹکٹ ہے ، اس پر پرنسپل کے دستخط کرواکر ،انہیں امتحان دینےکی اجازت دی جائے گی۔ ‘‘
  انجمن خیر الاسلام اُردوبوائز ہائی اسکول مدنپورہ کے پرنسپل محمد عارف محمد جلیل نے بتایاکہ ’’ عموماً اب اس طرح کی غلطیاں نہیں ہوتی ہیں کیونکہ طلبہ اور ان کے والدین کے سامنے بچوںکے آدھار کارڈ کی تفصیلات کی بنیادپر فارم پُر کئے جاتےہیں جس کی وجہ سے غلطیوں کا امکان کم ہوتاہے ۔ بعدازیں بورڈ کی طرف سے طلبہ کی فراہم کردہ تفصیلات کی بنیادپر تیارکئے گئے نمونےکی ایک کاپی جانچ کیلئے دی جاتی ہے ۔ اس کاپی میں جوغلطیاں ہوتی ہیں ،ان کی بھی نشاندہی کی جاتی ہے ۔ اس کےباوجود کچھ نہ کچھ غلطیاں رہ جاتی ہیں ۔ جب طلبہ کو ہال ٹکٹ دیتے ہیں تب ان میں سے کچھ طلبہ نام ، پیدائش کی تاریخ اور مقام وغیرہ کی غلطیوں پر توجہ دلاتےہیں۔ ویسے ہمارے اسکول کے طلبہ کے ہال ٹکٹ میں غلطیاں نہیں ہوئی ہیں ۔ ایک طالب علم جس کا نام محمد ارمان محمد ہارون ہے ۔ اس کے والدہارون کے املے میں غلطی ہوئی ہے جسے درست کرنےکی شکایت بورڈ میں کی گئی ہے۔‘‘
  جنوبی ممبئی کے ایک اسکول کی معلمہ نے بتایاکہ ’’ پوری توجہ سے فارم پُر کرنے کےباوجود ہال ٹکٹ میں کچھ نہ کچھ غلطیاں رہ جاتی ہیں ۔ عموماً طلبہ اور ان کی والدہ کے نام کے  املے میں غلطیاں ہوتی ہیں۔ جس سے طلبہ اوران کے والدین پریشان ہوتےہیں۔‘‘
  اس ضمن میں ممبئی ڈیویژنل بورڈکے ذمہ داران سے استفسار کرنےکی کوشش کی گئی مگر رابطہ نہیں ہوسکا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK